یورپی یونین کی صدر نے مضبوط ٹرانس اٹلانٹک تعاون کی ضرورت پر زور دیا اور مذاکرات کے اس مرحلے پر امریکہ کی شمولیت کا خیرمقدم کیا۔
EPAPER
Updated: November 26, 2025, 9:01 PM IST | Brussels/Washington
یورپی یونین کی صدر نے مضبوط ٹرانس اٹلانٹک تعاون کی ضرورت پر زور دیا اور مذاکرات کے اس مرحلے پر امریکہ کی شمولیت کا خیرمقدم کیا۔
یورپی یونین کی صدر ارسولا وان ڈیر لیین نے منگل کو بیان دیا کہ روس-یوکرین جنگ روکنے کیلئے گزشتہ دنوں میں ”ٹھوس اور حوصلہ افزا پیش رفت“ ہوئی ہے۔ یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی اور امریکی اسٹیٹ سیکریٹری مارکو روبیو کے ساتھ کوآلیشن فار وِلِنگ Coalition for Willing کی آنلائن میٹنگ، جس میں یورپی لیڈران بھی شریک ہوئے، کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر وان ڈیر لیین نے لکھا کہ ممکنہ امن تصفیے کی طرف سفارتی کوششوں میں تیزی آئی ہے۔
وان ڈیر لیین نے زور دیا کہ یوکرین کی سلامتی اور یورپ کی سلامتی بنیادی طور پر آپس میں جڑی ہوئی ہے۔ یوکرین کے مفادات کو یورپ کے مفادات سے علیحدہ نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے یوکرین کیلئے حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین آئندہ مذاکرات میں کیف کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا رہے گا۔ انہوں نے مالی اعانت کو ایک اہم مسئلہ قرار دیا، جس میں یوکرین کی حمایت کیلئے منجمد روسی سرکاری اثاثوں کے ممکنہ استعمال کو اجاگر کیا۔
یہ بھی پڑھئے: سعودی ولی عہد نے معاہدۂ ابراہیمی میں شمولیت کی ٹرمپ کی تجویز مسترد کر دی: رپورٹ
یورپی یونین کی صدر کا بیان، کیف کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے والے روس کے تازہ حملوں کے بعد سامنے آیا ہے جس میں ۷ افراد ہلاک اور ۲۱ افراد زخمی ہوئے۔ ان حملوں کو مشترکہ سلامتی کیلئے خطرہ قرار دیتے ہوئے، انہوں نے مضبوط ٹرانس اٹلانٹک تعاون کی ضرورت پر زور دیا اور مذاکرات کے اس مرحلے پر امریکہ کی شمولیت کا خیرمقدم کیا۔
یوکرین امن معاہدہ مکمل ہونے پر زیلنسکی اور پوتن سے ملاقات کی امید ہے: ٹرمپ
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ روس-یوکرین جنگ کے خاتمے کے بارے میں پر امید نظر آرہے ہیں۔ اپنے تازہ ترین بیان میں انہوں نے کہا کہ ایک بار امن معاہدہ حتمی ہو جائے یا تکمیل کے قریب ہو، تو وہ یوکرینی صدر زیلنسکی اور روسی صدر ولادیمیر پوتن سے براہ راست ملاقات کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ان کی ٹیم نے گزشتہ ہفتے جنگ ختم کرنے کی سمت میں ”زبردست پیش رفت“ کی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: وینزویلا اور امریکہ کے مابین کشیدگی ، ٹرمپ نے کہا جنگ اور امن دونوں کیلئے تیار
ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکہ کے تیار کردہ ۲۸ نکاتی امن منصوبے کو کیف اور ماسکو دونوں کے ساتھ مشاورت کے بعد ”بہتر“ بنایا گیا ہے اور صرف چند نکات پر اختلاف باقی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کے ایلچی اسٹیو وٹکوف کو ماسکو سے بات چیت کرنے کی ہدایت دی گئی ہے جبکہ آرمی سیکریٹری ڈین ڈرسکول نے یوکرینی فریق کے ساتھ مشغولیت اختیار کی ہے۔