ٹرمپ نے پہلے دعویٰ کیا تھا کہ کنیڈا، امریکہ کے میزائل دفاعی نظام میں شامل ہونے کا خواہش مند ہے۔ کنیڈین وزیراعظم مارک کارنی نے بعد میں تصدیق کی کہ اس معاملے پر "اعلیٰ سطحی" بات چیت ہوئی ہے۔
EPAPER
Updated: May 29, 2025, 2:30 PM IST | Inquilab News Network | Washington
ٹرمپ نے پہلے دعویٰ کیا تھا کہ کنیڈا، امریکہ کے میزائل دفاعی نظام میں شامل ہونے کا خواہش مند ہے۔ کنیڈین وزیراعظم مارک کارنی نے بعد میں تصدیق کی کہ اس معاملے پر "اعلیٰ سطحی" بات چیت ہوئی ہے۔
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے پڑوسی ملک کنیڈا کو اپنے مجوزہ "گولڈن ڈوم" میزائل دفاعی نظام میں شامل ہونے کا موقع پیش کیا ہے۔ ٹرمپ نے کہا کہ اگر کنیڈا، امریکہ کا حصہ بن جائے تو اسے مفت میں گولڈن ڈوم دیا جائے گا۔ لیکن اگر کنیڈا الگ ملک کے طور پر رہنے کو ترجیح دیتا ہے تو اسے اس نظام میں شامل ہونے کیلئے ۶۱ بلین ڈالر ادا کرنے ہوں گے۔ واضح رہے کہ ٹرمپ بارہا تجویز کر چکے ہیں کہ امریکہ کا شمالی ہمسایہ، ملک کی ۵۱ ویں ریاست بن جائے۔
کنیڈا نے میزائل ڈیفنس سسٹم میں شامل ہونے میں دلچسپی ظاہر کی ہے جسے ٹرمپ نے پچھلے ہفتے مختلف دشمنوں کے حملوں کے خلاف ڈھال کے طور پر متعارف کرایا تھا لیکن اس نے اپنی خودمختاری چھوڑنے کے کسی بھی اشارے کو سختی سے مسترد کیا ہے۔
ٹرمپ نے اپنے ٹروتھ سوشل پلیٹ فارم پر پوسٹ کیا، "میں نے کنیڈا کو، جو ہمارے شاندار گولڈن ڈوم نظام کا حصہ بننا چاہتا ہے، بتایا کہ اگر وہ الگ لیکن غیر مساوی، قوم کے طور پر رہتے ہیں تو اس کی قیمت ۶۱ بلین ڈالر ہوگی۔ لیکن اگر وہ ہماری ۵۱ ویں ریاست بن جائے تو اس کی قیمت صفر ڈالر ہوگی۔ وہ اس پیشکش پر غور کر رہے ہیں!" خبر لکھے جانے تک، ٹرمپ کے تبصروں پر کنیڈین حکام کی طرف سے فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: امریکی سفارتخانے کا انتباہ، بلا اجازت کلاس، تعلیمی پروگرام چھوڑنے پر ویزا منسوخ
یاد رہے کہ ٹرمپ نے ایک ہفتہ قبل گولڈن ڈوم کے منصوبے کا اعلان کیا تھا جس کی لاگت تقریباً ۱۷۵ بلین ڈالر ہوگی۔ یہ نظام ۲۰۲۹ء میں ان کی صدارتی مدت کے اختتام تک فعال ہو جائے گا۔ تاہم، ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اس منصوبہ کو اہم تکنیکی اور سیاسی رکاوٹیں درپیش ہیں اور اس کی حتمی لاگت ٹرمپ کے تخمینے سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔ ٹرمپ نے پہلے دعویٰ کیا تھا کہ کنیڈا میزائل دفاعی نیٹ ورک میں شامل ہونے کا خواہشمند ہے۔ کنیڈین وزیراعظم مارک کارنی نے بعد میں تصدیق کی کہ اس معاملے پر "اعلیٰ سطحی" بات چیت ہوئی ہے۔ فی الحال، کنیڈا اور ریاستہائے متحدہ ناٹو اور نارتھ امریکن ایرو اسپیس ڈیفنس کمانڈ (نوراڈ) کے ذریعے طویل عرصے سے دفاعی شراکت دار ہیں۔