• Wed, 02 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ٹرمپ نے مذاکرات مسترد کر دیئے، ہرمز پر ’مکمل کنٹرول‘ کا دعویٰ؛ پاکستان مذاکرات کرانے کیلئے کوشاں

Updated: September 02, 2026, 8:01 PM IST | Washington/Tehran

امریکہ نے صوبہ ہرمزگان کے علاقے سریک میں ایک شادی کی تقریب پر حملہ کیا جسے ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے ”جنگی جرم“ قرار دیا ہے۔ اس حملے میں ایک بچے سمیت چار افراد شہید اور ۵۰ سے زائد افرادبزخمی ہوئے۔ مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی کے باوجود پاکستان نے امریکہ اور ایران کے درمیان مہینوں سے جاری جنگ کے خاتمے کیلئے مذاکرات پر زور دینے کا عزم ظاہر کیا۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ان اطلاعات کی تردید کی ہے کہ ان کی انتظامیہ ایران کے ساتھ مذاکرات کیلئے دباؤ ڈال رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں تہران کے ساتھ کسی سفارتی معاہدے میں کوئی خاص دلچسپی نہیں ہے۔ اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل کی ایک پوسٹ میں ٹرمپ نے لکھا کہ ”میں ایران کو مذاکرات کی میز پر لانے کی کوشش نہیں کر رہا ہوں۔۔۔ مجھے اب اپنی پوزیشن زیادہ بہتر لگتی ہے: آبنائے ہرمز پر ہمارا تقریباً مکمل کنٹرول ہے اور ان کی معیشت پوری طرح تباہ ہو رہی ہے۔“ انہوں نے سوال اٹھایا کہ ”ایرانی عوام کب اٹھ کھڑے ہوں گے اور (حکومت کے خلاف) لڑیں گے؟“

یہ بھی پڑھئے: ایران امریکہ مذاکرات کی بحالی کیلئے کوششیں جاری ہیں : قطر

پاکستان نے امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات پر زور دینے کا عہد کیا

مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی کے باوجود پاکستان نے بدھ کے روز امریکہ اور ایران کے درمیان مہینوں سے جاری جنگ کے خاتمے کیلئے مذاکرات پر زور دینے کا عزم ظاہر کیا۔ اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے دفترِ خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے کہا کہ ”حالیہ کشیدگی کے باوجود ہم پرامید ہیں اور بات چیت اور سفارت کاری کی کوششیں جاری رکھیں گے۔“

جنگ میں شدت کے دوران یہودی تعطیلات کے موقع پر اسرائیل الرٹ

اسرائیلی وزیرِ دفاع اسرائیل کاٹز نے بدھ کے روز بیان دیا کہ اسرائیل آنے والی یہودی تعطیلات کے دوران ایران کے ممکنہ حملے سے نپٹنے کی تیاری کر رہا ہے، جس کا جواب ہم بھرپور طاقت کے ساتھ دیا جائے گا۔ کاٹز نے اسرائیلی نیوز پورٹل ’وائی نیٹ‘ (Ynet) کی میزبانی میں منعقدہ ایک کانفرنس کو بتایا کہ ”وزیرِ اعظم اور میں دفاعی افواج (آئی ڈی ایف) کے ساتھ مل کر روزانہ کی بنیاد پر اس کی نگرانی کر رہے ہیں، بعض اوقات آدھی رات کو ریڈ فون پر۔ ہم کسی بھی معلومات کو ہلکا نہیں لے رہے ہیں۔ ہم تیار ہیں۔“

یہ بھی پڑھئے: ایس سی او اجلاس : ایران پر حملوں کی مذمت

امریکی حملوں میں شہریوں کی ہلاکت، ایران نے اسے ’جنگی جرم‘ قرار دیا

امریکی افواج نے صوبہ ہرمزگان کے علاقے سریک میں ایک شادی کی تقریب پر حملہ کیا جسے ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے ”جنگی جرم“ قرار دیا ہے۔ ایرانی ہلالِ احمر نے بتایا کہ اس حملے میں ایک بچے سمیت چار افراد شہید اور ۵۰ سے زائد افرادبزخمی ہوئے۔ علیحدہ طور پر، تہران نے کہا کہ رات بھر صوبہ خوزستان میں ہونے والے امریکی حملوں میں ۷ افراد ہلاک اور ۸ زخمی ہوئے، جبکہ جزیرہ لاوان پر حملوں میں بسیج پیراملٹری فورس کے ۳ اہلکار مارے گئے۔

یہ بھی پڑھئے: امریکہ و ایران کی جنگ بندی نازک ثابت ہوئی: پوتن کا ایران کی حمایت کا اعلان

ایران کا خطے بھر میں امریکی اثاثوں پر متعدد حملوں کا دعویٰ

ایران کی سپاہِ پاسدارانِ انقلابِ اسلامی (آئی آر جی سی) نے بیان دیا ہے کہ اس نے کویت، بحرین، اردن اور عراق کے شہر اربیل میں امریکی اثاثوں کو نشانہ بنایا، جن میں امریکی افواج کی میزبانی کرنے والے اڈوں اور بحرین میں پانچویں بحری بیڑے کا ہیڈ کوارٹرز شامل ہیں۔ کویت اور بحرین نے بیان دیا ہے کہ ان کے فضائی دفاع نے ایرانی ڈرونز کو ناکارہ بنا دیا، جبکہ کویت سٹی کے ایک رہائشی کمپلیکس میں مختصر وقت کیلئے آگ بھڑک اٹھی۔

امریکی سینٹرل کمانڈ نے تصدیق کی کہ اس نے آئی آر جی سی کے اہداف پر حملوں کی ایک نئی لہر مکمل کر لی ہے، جن میں فضائی دفاعی تنصیبات، ریڈار سسٹمز اور مواصلاتی مراکز شامل ہیں۔ ایک علیحدہ بیان میں آئی آر جی سی نے بتایا کہ ”غیر قانونی راستے“ سے آبنائے ہرمز کو عبور کرنے کی کوشش کے دوران دو آئل ٹینکر سمندری بارودی سرنگوں سے ٹکرا کر تباہ ہوگئے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK