Inquilab Logo

ٹرمپ پر فرد جرم عائد،مجرمانہ الزامات کا سامنا کرنیوالے پہلےسابق امریکی صدرہوں گے

Updated: April 01, 2023, 11:59 AM IST | New York

ٹرمپ نے اپنے دفاع میں کہا کہ ’’یہ تاریخ میں اعلیٰ ترین سطح پر سیاسی انتقام ہے‘‘، اگلے ہفتے ٹرمپ کورٹ میں حاضر ہوسکتے ہیں

Trouble could be brewing for Donald Trump
ڈونالڈ ٹرمپ کیلئے مصیبت بڑھ سکتی ہے

: سابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ مجرمانہ الزامات کا سامنا کرنے والے پہلے امریکی صدر بن گئے ہیں۔ ان پر   ایک امریکی عدالت نے سٹورمی ڈینیئلز کو منہ بند رکھنے کیلئے رشوت دینے کے الزام میں  فرد جرم عائد کردی گئی ہے۔ الزام ہے کہ ٹرمپ نے پورن اسٹار سٹورمی ڈینیئلز کو ۲۰۱۶ء کے انتخابی مہم کے دوران ’ہش منی‘ یا منہ بند رکھنے کیلئے  رشوت دی تھی۔ اس  الزام کی تفتیش کے بعد نیویارک کی گرینڈ جیوری نے سابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ ووٹنگ کے ذریعہ کیا ہے۔
  مینہیٹن کے ڈسٹرکٹ اٹارنی ایلون بریگ نے ایک بیان میں کہا کہ انہوں نے ٹرمپ کے وکیل سے انہیں خودسپرد کرنے میں مدد کرنے کے لیے رابطہ کیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے، ’’سزا سنانے کی تاریخ طے کرنے کے بعد انہیں اس حوالے سے رہنمائی فراہم کی جائے گی۔‘‘ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ پر۱۸؍مارچ کو ایک پوسٹ میں لکھا تھا کہ انہیں چند دنوں کے اندر گرفتار کرلیا جائے گا مگر انہیں گرفتار نہیں کیا گیا۔ اس بیان میں انہوں نے شہریوں کو گرفتاری کے خلاف احتجاج کرنے کا بھی کہا تھا مگر اس وقت بھی بڑے پیمانے پر کوئی احتجاج نہیں ہوا تھا۔ البتہ ممکنہ مظاہروں کے مدنظر نیویارک میں تیاریاں کرلی گئی تھیں۔
 ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ ٹرمپ پر عائد کی گئی فرد جرم کی نوعیت کیا ہے تاہم ان کے وکیل جوئے ٹاکو پینا کے حوالے سے خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹیڈ پریس نے بتایا کہ یہ الزامات ۲۰۱۶ء میں صدارتی انتخابی مہم کے دوران ایک اسکینڈل سے بچنے کے لئے `ہش منی کے سلسلے میں ہے۔ ڈینیئلز نے ٹرمپ کے ساتھ ایک دہائی قبل اپنے جنسی تعلقات پر خاموش رہنے کے عوض میں الیکشن سے قبل مبینہ طور پر ایک لاکھ ۳۰؍ہزار ڈالر کی رقم وصول کی تھی۔ٹرمپ کے سابق وکیل مائیکل کوہن نے ماضی میں کانگریس کو بتایا تھا کہ انہوں نے ٹرمپ کی جانب سے ڈینیئلز کو رقم ادا کی تھی۔ نیویارک کی گرینڈ جیوری نے اس کیس میں کوہن سے بھی جرح کی۔ نیویارک میں `ہش منی‘ یا خاموش رہنے کے لیے ادائیگی کرنا خلاف قانون نہیں مگر ٹرمپ پر الزام ہے کہ انہوں نے اس ادائیگی کو چھپایا اور اپنی تنظیم کے مالی ریکارڈ میں رد و بدل کی۔ ٹرمپ ان الزامات کی تردید کرتے ہیں۔ اگلے چند دنوں میں کسی جج کی جانب سے اس معاملے میں سزا کا فیصلہ سنایا جائے گا۔
 ٹرمپ نے فرد جرم عائد کیے جانے کی سخت مذمت کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا کہ ’’یہ تاریخ میں اعلیٰ ترین سطح پر سیاسی انتقام اور انتخابات میں مداخلت ہے۔‘‘ ٹرمپ نے مینہیٹن کے ڈسٹرکٹ اٹارنی بریگ پر بھی نکتہ چینی کی۔ انہوں نے کہا کہ بریگ ’’جو بائیڈن کے گندے کام انجام دے رہے ہیں۔‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK