Inquilab Logo

رمضان المبارک میں مساجد میں عبادت اورتراویح کی اجازت کیلئےکوششیں

Updated: April 07, 2021, 12:09 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

ایک وفدنے وزیرصحت سے ملاقات کی، مساجدپھر مقفل کئے جانے پرجامع مسجد ٹرسٹ نے وزیراعلیٰ ا ورگورنر کو اور حاجی علی درگاہ انتظامیہ نے ممبئی کے کلکٹر کو مکتوب بھیجا ۔مالونی پولیس اسٹیشن میں ٹرسٹیان مساجد کی میٹنگ

From the Minister of State for Health Rajesh Tope regarding worship among the members of the delegation.Picture:INN
ریاستی وزیر صحت راجیش ٹوپے سے وفد میں شامل افراد رمضان المبارک میں عبادت کے تعلق سے گفتگو کرتے ہوئے۔

 رمضان المبارک میںمساجد میں عبادت اور تراویح پڑھنے کی اجازت کیلئے ریاستی وزیرصحت راجیش ٹوپے سےمولانا سید خالد اشرف  کے ہمراہ علماءاورتنظیموں کے ذمہ داران پر مشتمل ایک وفد نے منگل کو ملاقات کی  جس میں  ان سے مطالبہ کیا گیا کہ رمضان المبارک مقدس مہینہ ہے ، اس میں مسلمان کثرت سے عبادت کرتے ہیں۔ گزشتہ ماہ مبارک بھی لاک ڈاؤن کی نذر ہوگیاتھا اور اب  ایک مرتبہ پھرلاک ڈاؤن لگادیاگیا ہے اور۳۰؍ اپریل تک اس کے نفاذ کا حکم دیا گیا ہے ۔اس لئے رمضان میں بالخصوص اجازت دی جائے تاکہ مسلمان مساجد  میں عبادت کرسکیں۔اس خصوصی اجازت کے تئیں جو ضابطے مقرر کئےجائیں گے اس پر عمل کیاجائے گا اور بطور خاص کووڈ ۱۹؍ کی ہدایات کا پورا خیال رکھتےہوئے مسلمان مساجد میں عبادت کریںگے۔ وزیرصحت سے یہ بھی مطالبہ کیا گیا کہ رمضان المبارک میں شبینہ کرفیو ۱۰؍بجے کے بعد سے لگایا جائے تاکہ تراویح کی نمازکی ادائیگی کیلئے کوئی مسئلہ نہ ہوساتھ ہی یہ بھی کہا گیا کہ رمضان المبارک میں مساجد میں پنجوقتہ باجماعت نمازوں کی ادائیگی کیلئے بھی کچھ وقت مقرر کیا جائے ، خواہ اس کیلئے ٹرسٹیان سے تحریر لی جائے کہ وہ جماعت ہوجانے کے تھوڑی دیر بعد مسجد بند کردیں گے ۔اس کےعلاوہ اس وقت لاک ڈاؤن کے سبب تمام دکانیں بند کروائی جارہی ہیں،اس سے غریبوں اورچھوٹے تاجروں کیلئے سنگین مسائل پیدا ہوجائیں گے ۔ اس لئےجمعہ کی شب سے  پیر کی صبح تک کا ہی لاک ڈاؤن لگایا جائے اور۵؍دن دکانیں کھولنے کی اجازت دی جائے ۔ان تینوں مطالبات پروزیرصحت نے مثبت یقین دہانی کروائی اورکہاکہ وہ وزیراعلیٰ ادھو ٹھاکرے سے بات چیت کریں گے اورکوشش کریں گے کہ ان مطالبات کومنظوری مل جائے ۔ وفد میں، مولانا سید اطہر علی ، مولانا اعجاز کشمیری ، عبدالحسیب  بھاٹکر، سراج احمدخان ، رکن اسمبلی ابوعاصم اعظمی ، رئیس شیخ اورفرید شیخ وغیرہ بھی شامل تھے۔ دوسری جانب چیف سیکریٹری کی جانب سے ایس اوپی جاری کرکے مساجد پھر مقفل کئے جانے پرجامع مسجد ٹرسٹ کی جانب سے وزیراعلیٰ اورگورنر کومکتوب روانہ کیا گیا ۔ حاجی علی درگاہ انتظامیہ نے بھی  کلکٹر کو مکتوب روانہ کیاہے ۔حاجی علی درگاہ انتظامیہ کی جانب سےکلکٹر کوروانہ کردہ مکتوب کے تعلق سے محمداحمدطاہر(ایگزیکٹیو آفیسر) نے بتایا کہ ’’کلکٹر سے بھی یہی کہا گیا ہے کہ جب دیگر چیزوں کیلئے رعایت دی جاسکتی ہے تومساجد میں نمازکی ادائیگی کیلئے کیوں نہیں؟اسلئے حکومت اس جانب خاص توجہ دے ۔ اسکے علاوہ دیگر مذہبی مقامات میں پوجاپاٹھ کے سلسلے میں بھی حکومت رعایت دے ۔ 
 شعیب خطیب (چیئرمین جامع مسجد ٹرسٹ )کے مطابق جامع مسجد ٹرسٹ کی جانب سے روانہ کردہ مکتوب میںکہا گیا ہے کہ رمضان المبارک مسلمانوں کا انتہائی اہم اورعبادت کامہینہ ہے اس لئے حکومت اس مہینے کودھیان میں رکھتےہوئے خصوصی رعایت دے ۔
 رضااکیڈمی کےجنرل سیکریٹری محمد سعید نوری نے کہاکہ ’’ اس ضمن میں علماء کے ہمراہ ایک وفد نگراں وزیراسلم شیخ سے ملاقات کرکے ان کے ساتھ وزیرصحت سےملےگا اوران سے درخواست کی جائے گی کہ وہ رمضان المبارک میں مساجد میںتراویح وغیرہ کی ادائیگی کی اجازت دیں۔ 
 مالونی پولیس اسٹیشن میں ٹرسٹیان مساجد کی بلائی گئی میٹنگ میںسینئر انسپکٹر شیکھر بھالے راؤ نے حکومت کی ایس او پی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عبادت گاہیں بند رکھی جائیں اورنمازکی ادائیگی صرف عملہ ہی کرے ۔ رمضان المبارک کے تعلق سےکیا نظم کیا جائےگا ، ا س کےبارے میں آئندہ چند دن بعد دوبارہ میٹنگ ہوگی اوراس میںطے کیا جائے گا۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK