Inquilab Logo Happiest Places to Work

ترکی :بس ڈرائیور کو دل کا دورہ پڑا، حادثے میں ۸؍مسافر ہلاک

Updated: June 04, 2026, 10:00 AM IST | Agency | Ankara

مغربی ترکی میں پیش آنیوالے حادثے میں۳۳؍مسافر زخمی ہوئے، یہ بس ازمیر سے انطالیہ جارہی تھی۔

The Accident Caused The Bus To Catch Fire And Completely Destroy.Photo:INN
حادثے کے سبب اس بس میں آگ لگی اور پوری طرح تباہ ہوگئی-تصویر:آئی این این
 ترکی میں ایک معمول کا سفر اس وقت خونی المیے میں بدل گیا جب بس کے ڈرائیور کواچانک دل کا دورہ پڑا۔ اس کے نتیجے میں بس بے قابو ہوئی اور ایک ہولناک حادثہ پیش آیا ہے۔ جس میں ایک بچے سمیت۸؍ مسافر ہلاک اور۳۳؍ زخمی ہو گئے۔
 
 
غیرملکی خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یہ حادثہ مغربی ترکی میں اس وقت پیش آیا جب بس ازمیر شہر سے انطالیہ جا رہی تھی کہ اچانک راستے سے ہٹ کر سڑک کے کنارے لگے بیریئر سے ٹکرا گئی۔ اس کے فوراً بعد بس میں آگ بھڑک اٹھی اور متعدد مسافر اندر ہی پھنس گئے۔ ترکی کے نشریاتی اداروں بشمول این ٹی وی نے اطلاع دی ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ۵۰؍ سالہ ڈرائیور مصطفیٰ فوزی مردون ڈرائیونگ کے دوران اچانک دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہوا، جس سے یہ قوی امکان ہے کہ تصادم اور آتشزدگی سے قبل ہی وہ گاڑی پر کنٹرول کھو چکا تھا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق حادثے سے تقریباً۲۰؍ منٹ قبل ڈرائیور نے ایک تکنیکی خرابی کے باعث سڑک کے کنارے گاڑی روکی تھی۔ وہاں اس نے سفر دوبارہ شروع کرنے سے پہلے بس کا معائنہ کیا تھا اور اس وقت اس میں کسی قسم کی تشویش ناک علامات ظاہر نہیں ہو رہی تھیں۔
 
 
اس حادثے نے الم ناک مناظر چھوڑے، کیونکہ آگ نے انتہائی تیزی سے بس کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جبکہ مسافروں نے بچنے کی ناکام کوششیں کیں۔ رپورٹوں کے مطابق مرنے والوں میں ایک شیر خوار بچہ، ایک نوجوان دلہن اور ایک طالبہ بھی شامل تھی جو چند دنوں میں اپنی یونیورسٹی سے گریجویشن کرنے والی تھی۔ ترک حکام اس حادثے کی تمام تفصیلات جاننے کے لیے تحقیقات کررہے ہیں، جسے ملک میں عیدالاضحی کی تعطیلات کے دوران سب سے خون ریز حادثات میں شمار کیا گیا ہے۔
ازمیر اور انطالیہ کو ملانے والی سڑک جہاں یہ حادثہ پیش آیا، سیزن کے دوران مصروف ترین راستوں میں سے ایک سمجھی جاتی ہے، کیونکہ یہ ملک کے مغرب اور جنوب کے اہم سیاحتی علاقوں کو آپس میں جوڑتی ہے۔ 

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK