Updated: September 12, 2026, 7:00 PM IST
| Mumbai
جنوبی ہند کے اداکار نانی کی آنے والی ایکشن ڈراما فلم ’’دی پیراڈائز‘‘ اپنی ریلیز سے قبل خبروں میں ہے۔ نانی نے اعلان کیا ہے کہ سری کانتھ اوڈیلا کی ہدایتکاری میں بننے والی اس فلم کا کوئی ٹریلر جاری نہیں کیا جائے گا، کیونکہ فلم کی ٹیم اس وقت اس کے حتمی ورژن کو مکمل کرنے پر توجہ دے رہی ہے۔ نانی نے یہ بھی واضح کیا کہ ’’دی پیراڈائز‘‘ کو پین انڈیا فلم قرار نہیں دیا جائے گا، تاہم اسے متعدد زبانوں میں ریلیز کیا جائے گا۔ فلم ۲۴؍ ستمبر ۲۰۲۶ء کو سنیما گھروں میں پیش کیے جانے کی توقع ہے۔
فلم ’’دی پیراڈائز‘‘۔ تصویر: آئی این این
نانی اپنی آنے والی فلم ’’دی پیراڈائز‘‘ کی ریلیز کیلئے تیار ہیں، جس کے رواں ماہ کے آخر میں سنیما گھروں کی زینت بننے کی توقع ہے۔ اب اداکار نے انکشاف کیا ہے کہ فلم کی ریلیز سے قبل اس کے بارے میں کم معلومات ظاہر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جمعہ کو ایک پریس میٹ کے دوران نانی نے اعلان کیا کہ آنے والی ایکشن ڈراما فلم بغیر ٹریلر کے ریلیز کی جائے گی۔ نانی کے مطابق ٹریلر جاری نہ کرنے کا فیصلہ فلم کی ٹیم کی موجودہ ترجیحات کے باعث کیا گیا ہے۔ فلم کے میکرز اس وقت فلم کے حتمی ورژن کو مکمل کرنے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں اور اداکار کے مطابق وہ ہدایتکار، موسیقار انیرودھ روی چندر اور ٹیم کے دیگر ارکان کی توجہ ایک اور تشہیری مواد تیار کرنے کی جانب نہیں موڑنا چاہتے۔ نانی نے کہا، ’’میرا خیال ہے کہ ’پیراڈائز‘ کا ٹریلر نہیں ہوگا۔ اگر آپ پوچھیں کہ اس وقت ٹریلر زیادہ اہم ہے یا فلم، تو ناگزیر حالات کے تحت، اگرچہ مجھے ذاتی طور پر یہ فیصلہ پسند نہیں اور میں واقعی ایک اچھا ٹریلر تیار کرنا چاہتا ہوں، لیکن پوری ٹیم نے اجتماعی طور پر یہ فیصلہ کیا ہے۔ ’پیراڈائز‘ کا کوئی ٹریلر نہیں ہوگا۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: ہانیہ عامر کا ناقدین کو جواب، ریپ سانگ جاری کیا، گانے میں راکھی ساونت کی انٹری
نانی کے مطابق ’’دی پیراڈائز‘‘ پین انڈیا فلم نہیں
ہدایتکار سری کانتھ اوڈیلا کی فلم ’’دی پیراڈائز‘‘ کو نانی نے پین انڈیا فلم قرار دینے سے بھی گریز کیا۔ اداکار نے کہا، ’’ہم اسے پین انڈیا فلم نہیں کہنا چاہتے۔ تیلگو کے ساتھ یہ کچھ دیگر زبانوں میں بھی ریلیز ہوگی۔ تیلگو یقیناً ہماری بنیادی ترجیح ہے اور مجھے امید ہے کہ دیگر زبانوں کے ناظرین بھی فلم ’’پیراڈائز‘‘ دیکھیں گے اور اسے اتنا ہی پسند کریں گے۔‘‘ نانی نے یہ بھی واضح کیا کہ فلم صرف ایکشن ڈراما نہیں ہے۔ ان کے مطابق، ’’اگر آپ پہلے جاری کیے گئے تشہیری ویڈیوز دیکھیں تو شاید آپ کو لگے کہ فلم شروع سے آخر تک تشدد کے بارے میں ہوگی، لیکن اس میں ایک جذباتی کہانی بھی ہے۔ ’دی پیراڈائز‘ ماں اور بیٹے کی ایک خوبصورت کہانی ہے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: باکس آفس: اکشے اور سیف کی فلم ’حیوان‘ کا خراب آغاز، پہلے دن صرف ۳؍ کروڑ کی کمائی
فلم کی کہانی ایک انقلابی پس منظر میں ترتیب دی گئی ہے، جس میں نانی کا کردار جادال ایک جابرانہ نظام کو چیلنج کرتا ہے اور اپنے لوگوں کے حقوق اور وقار کیلئے جدوجہد کرتا ہے۔ اس کا ذاتی سفر اس کی والدہ کے ساتھ تعلق سے بھی گہرا جڑا ہوا ہے، جس کا کردار سونالی کلکرنی ادا کر رہی ہیں۔ فلم کی دیگر اہم کاسٹ میں راگھو جویال، کایادو لوہار، موہن بابو، تنی کیلا بھرنی، سمپورنیش بابو اور ایشوری راؤ شامل ہیں۔ ہدایتکار نے انکشاف کیا ہے کہ فلم ’’دی پیراڈائز‘‘ کا حتمی ورژن ۲؍ گھنٹے ۴۹؍ منٹ دورانیے پر مشتمل ہے۔ فلم کی متوقع ریلیز ۲۴؍ ستمبر ۲۰۲۶ء کو ہوگی اور اسے تیلگو، ہندی، تمل، کنڑ، ملیالم، بنگالی، انگریزی اور ہسپانوی زبانوں میں ریلیز کیے جانے کی توقع ہے۔