Updated: July 11, 2025, 10:01 PM IST
| İstanbul
ترکی کے شہراکشیر (Akşehir) میں ۵؍سے۱۰؍ جولائی کے درمیان معروف لوک کردار ملا نصرالدین کی یاد میں ’’انٹرنیشنل نصرالدین فیسٹیول ‘‘کا انعقاد کیا گیا۔ مقامی حکام کے مطابق یہ فیسٹیول ۸۰۰؍ سالہ قدیم تہذیبی، ادبی اور فکری میراث کو نئی نسل تک منتقل کرنے کی ایک سنجیدہ کوشش ہے۔
ملا نصر الدین کا مجسمہ۔ تصویر: ایکس۔
ترکی کے شہراکشیر (Akşehir) میں ۵؍سے۱۰؍ جولائی کے درمیان معروف عوامی مزاح نگار، دانشور اور لوک کردار ملا نصرالدین کی یاد میں ’’انٹرنیشنل نصرالدین فیسٹیول ‘‘کا انعقاد کیا گیا۔ یہ سالانہ فیسٹیول نہ صرف ترکی بلکہ دنیا بھر سے فنکاروں، دانشوروں، سیاحوں اور تاریخ و مزاح سے دلچسپی رکھنے والے افراد کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرتا ہے۔ فیسٹیول میں طنز و مزاح پر مبنی اسٹیج ڈرامے، کارٹون و خاکے، موسیقی، لوک رقص، مکالمہ بازی، اور بچوں کیلئے تفریحی سرگرمیاں شامل تھیں۔ اس کے علاوہ، ملا نصرالدین کے اقوال، کہانیوں اور فکری پہلوؤں پر علمی نشستیں بھی منعقد کی گئیں جن میں ان کی تعلیمات کو موجودہ دور میں سمجھنے اور برتنے پر زور دیا گیا۔
یہ بھی پڑھئے: اقوام متحدہ کا بڑھتی عمر والوں پر موسمیاتی اثرات کے خطروں کا انتباہ
مقامی حکام کے مطابق یہ فیسٹیول ۸۰۰؍ سالہ قدیم تہذیبی، ادبی اور فکری میراث کو نئی نسل تک منتقل کرنے کی ایک سنجیدہ کوشش ہے۔ ملا نصرالدین کو ان کی حاضر جوابی، لطیف ظرافت، اور گہری دانشمندی کے باعث نہ صرف ترکی بلکہ ایران، آذربائیجان، وسط ایشیائی ممالک، افغانستان، پاکستان اور ہندوستان میں بھی بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ فیسٹیول کا آغاز ایک روایتی جلوس سے ہوا جس میں ’’الٹے گدھے پر سوار ملا نصرالدین‘‘ کا علامتی کردار خاص مرکزِ توجہ رہا۔ شہر کی سڑکوں پر قہقہوں اور خوشیوں کی فضا قائم رہی۔ بچوں کیلئے خصوصی سرگرمیوں، پپٹ شو اور کتاب میلوں نے بھی اس فیسٹیول کو ایک خاندانی تہوار میں بدل دیا۔ اکشیر میونسپلٹی کے مطابق اس فیسٹیول کا مقصد صرف تفریح نہیں بلکہ رواداری، سچائی، فکری گہرائی اور معاشرتی اصلاح جیسے پیغامات کو فروغ دینا ہے جو ملا نصرالدین کی فکر کا بنیادی حصہ ہیں۔ یہ فیسٹیول ترکی کی یونیسکو عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں شامل ہونے کی سمت ایک اور قدم بھی تصور کیا جا رہا ہے۔