• Sat, 08 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ترکی نے غزہ نسل کشی کے الزام میں اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو اور دیگر کے گرفتاری وارنٹ جاری کئے

Updated: November 08, 2025, 6:03 PM IST | Ankara

ترکی نے اسرائیلی وزیراعظم سمیت وزیر دفاع اسرائیل کاٹز، قومی سلامتی کے وزیر اتمار بن گویر، چیف آف اسٹاف ہیرزی ہالیوی اور بحریہ کے کمانڈر ڈیوڈ سار سالاما کے گرفتاری وارنٹ جاری کئے ہیں۔

Benjamin Netanyahu. Photo: X
بنجامن نیتن یاہو۔ تصویر: ایکس

ترکی نے غزہ میں ہزاروں فلسطینیوں کی نسل کشی کے الزام میں اسرائیلی وزیراعظم بنجامن نیتن یاہو اور ۳۶ دیگر سینئر فوجی و سیاسی شخصیات کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کئے ہیں۔ ان پر ”غزہ میں نسل کشی اور انسانیت کے خلاف جرائم کا ارتکاب“ کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔ استنبول کے چیف پبلک پراسیکیوٹر کے دفتر نے جمعہ کو بتایا کہ یہ وارنٹ، غزہ میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے دوران شہریوں کو نشانہ بنانے والے ”منظم حملوں“ کی تفصیلی تحقیقات کے بعد جاری کئے گئے ہیں۔ 

واضح رہے کہ متاثرین اور ’گلوبل صمود فلوٹیلا‘ کے اراکین کی طرف سے دائر کی گئی شکایات کے بعد ترکی نے اس معاملے میں تحقیقات شروع کی تھی۔ پراسیکیوٹر کے دفتر کے مطابق، تحقیقات کے دوران، زندہ بچ جانے والوں کی گواہیاں، عینی شاہدین کے بیانات، اور فوجی حملوں کی دستاویزی شکل کو بین الاقوامی قانونی معیار کے ساتھ جانچا گیا۔ استنبول پولیس ڈپارٹمنٹ اور ترکی کی قومی خفیہ تنظیم (ایم آئی ٹی) کے تعاون کے ساتھ یہ تفتیش تاحال جاری ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: غزہ میں غذا کی شدید کمی، امدادی تنظیموں نے اسرائیلی پابندیاں ہٹانے کا مطالبہ کیا

اسرائیل کے جنگی جرائم کے شواہد موجود 

بیان میں کئی واقعات کا حوالہ دیا گیا، جن میں ۶ سالہ ہند رجب کا قتل، الاہلی عرب اسپتال پر بمباری اور ترک-فلسطین دوستی اسپتال پر کئے گئے حملے شامل ہیں۔ یہ اس بات کا ثبوت ہیں کہ اسرائیلی حکام نے جان بوجھ کر شہری مقامات کو نشانہ بنایا۔ اس میں یہ دلیل بھی دی گئی ہے کہ غزہ پر اسرائیل کی ناکہ بندی ایک غیر قانونی عمل ہے جس کی وجہ سے فلسطینی آبادی تک ضروری امداد نہ پہنچ پائی، اور یہ ایک اضافی جنگی جرم کے مترادف ہے۔

یہ بھی پڑھئے: غزہ کیلئے بین الاقوامی سلامتی فورس بہت جلد تعینات کی جائے گی: ٹرمپ

ترکی کے ذریعے جاری کئے گئے وارنٹ میں اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز، قومی سلامتی کے وزیر اتمار بن گویر، چیف آف اسٹاف ہیرزی ہالیوی اور بحریہ کے کمانڈر ڈیوڈ سار سالاما شامل ہیں۔ چونکہ ان افراد میں سے کوئی بھی ترکی میں نہیں ہے، لہٰذا پراسیکیوٹرز نے انٹرپول کے ذریعے بین الاقوامی گرفتاری وارنٹس کی درخواست کی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK