چھوٹے بچوں کا جارحانہ انداز، مارنا پیٹنا، چیزیں توڑنا، خود کو نقصان پہنچانا، شدید برتاؤ کا ردعمل، اشتعال انگیزی اور چڑچڑا پن دن بدن بڑھتا ہی جا رہا ہے جو نہ صرف ان کے ظاہری اور باطنی بلکہ ان کی شخصیت کے ہر پہلو پر اثر انداز ہوگا۔ اس ضمن میں وجوہات تلاش کرنے کے ساتھ ساتھ حل بھی تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔
پُرتشدد ویڈیو گیمز کی وجہ سے بھی بچوں میں غصہ اور ضد بڑھتی جا رہی ہے۔ تصویر: آئی این این
آج کے بچوں کو دیکھ کر یہ احساس ہوتا کہ پہلے دس بارہ اولادوں کی پرورش والدین بآسانی کر لیتے تھے لیکن اب تو ایک اور دو ہی جنگ کے میدان لگتے ہیں اور آج کے والدین کا حال یہ ہے کہ وہ بچوں کی نفسیات، ان کے برتاؤ پر اتنی کڑی نظر رکھتے ہیں کہ خود ہی ماہر نفسیات نظر آتے ہیں۔ آج کل ایسی خبریں پڑھنے میں آئیں کہ چھوٹے بچوں کا جارحانہ انداز، مارنا پیٹنا، چیزیں توڑنا، خود کو نقصان پہنچانا، شدید برتاؤ کا ردعمل، اشتعال انگیزی، چڑچڑا پن دن بدن بڑھتا ہی جا رہا ہے جو نہ صرف ان کے ظاہری اور باطنی بلکہ ان کی شخصیت کے ہر پہلو پر اثر انداز ہوسکتا ہے۔ چند طبی ماہرین کی تحقیقات کے تجزیے سے ان وجوہات پر نظر ڈالیں جو بظاہر تو معمولی نظر آتی ہیں مگر ان کا حل نہیں نکالا گیا تو آگے جاکر ان کی سماجی اور تعلیمی زندگی میں مزید مشکلات پیدا کرسکتی ہیں:
غصہ کی وجوہات
عالمی سائنسی جریدہ کے مطابق، ابتدائی ۳؍ سال کی عمر کے بچوں میں اسکرین کا استعمال غصہ اور مایوسی کےجذبات کو فروغ دیتا ہے، حیاتیاتی عوامل اور جذباتی تربیت کی کمی نیز ان کے جذبات کو قابو میں رکھنے کی صلاحیت کو متاثر کرتا ہے۔
میٹا اینالسس کے مطابق تقریباً ایک لاکھ انسٹھ ہزار بچوں کا جائزہ لینے پر ان میں جارحانہ رویہ اور توجہ مرکوز کرنے کی صلاحیت میں کمی پائی گئی ہے۔ اس کی وجہ یہ بتائی گئی کہ چار سال کی عمر کا بچہ جب غصہ ہوتا ہے تب اس کو چپ کرانے کے لئے والدین اسے موبائل فون تھما دیتے ہیں جس سے ایک نہ ختم ہونے والا غصے کا دائرہ بن جاتا ہے۔ اس عمر میں اس کے جذبات تیزی سے فروغ پاتے ہیں لیکن ان کے اظہار یا بیان کرنے کی صلاحیت ابھی اتنی پیدا نہیں ہوتی تو اس صورت میں وہ اپنے رویوں کو غصے کی شکل دے دیتے ہیں۔
امریکہ اور سنگاپور میں تین سال کی تحقیق سے انکشاف ہوا کہ پُرتشدد ویڈیوز دیکھنے یا اس طرح کے گیمز کھیلنے سے بچوں میں یہ سوچ راسخ ہوتی ہے کہ غصہ نکالنا یا تشدد کرنا ہی مسائل کا حل ہے۔
جسمانی ضروریات کی کمی مثلاً شدید تھکاوٹ اور گرمی (آج کل بچے اے سی کے بنا سوتے ہی نہیں) کی وجہ سے ان کے مزاج میں چڑچڑا پن شامل ہوجاتا ہے۔
توجہ حاصل کرنے کے لئے بھی اکثر بچے غصہ کا اظہار کرتے ہیں۔
گھریلو ماحول بھی اس کی ایک وجہ ہے، والدین کے خراب تعلقات، ان کا آپسی رویہ، لڑائی جھگڑے والا ماحول، تناؤ، بچوں پر بےجا تنقید، ہمیشہ ان کا موازنہ دوسرے بچوں سے کرنا وغیرہ، ان کے اندر بے بسی اور غصے کی کیفیت پیدا کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: گھر کی سجاوٹ میں چھت اور بالکونی کی اہمیت
چند تدابیر
اگر بچہ کوئی چیز پٹک یا توڑ رہا ہے تو فوری طور پر ان سے وہ چیز نہ چھینیں بلکہ ان کا دھیان ہٹا کر آہستہ سے وہ چیز ان سے دور کر دیں ورنہ وہ اس پر شدید ردعمل ظاہر کریں گے۔
غصے کے دوران بچوں کو کوئی نصیحت نہ کریں کیونکہ اس کا دماغ اس وقت کام کرنا بند کر دیتا ہے۔ جب بچہ پُرسکون حالت میں آجائے تب پیار سے گلے لگا کر سمجھائیں۔
بچوں کی بے جا ضد نہ مانیں۔ لیکن یہ بات اسے چیخ کر نہ کہیں بلکہ پیار بھرے لہجے میں انکار کریں اور اس کی وجہ بھی بتائیں۔
ضد ہمیشہ بدتمیزی نہیں ہوتی، بچے کو ہر بات پر ’ناں‘ کہنا اسے چڑچڑا اور ضدی بنا سکتا ہے۔ کبھی کبھی بچہ اپنی مرضی چلانا چاہتا ہے، کبھی وہ بھوکا ہوتا ہے لیکن سمجھ نہیں پاتا اور توجہ حاصل کرنے کے لئے ضد کرتا ہے۔ اس دوران والدین خاص طور پر ماں بچوں کے جذبات کو سمجھنے کی کوشش کریں اور بچے کے ساتھ نرمی سے پیش آئیں۔
اسکرین ٹائم محدود کرنے کے لئے فزیکل ایکٹیویٹیز، ڈرائنگ، پینٹنگ، پزل اور بلاکس سے بچوں کو مصروف رکھیں۔ ساتھ ہی بچوں سے فون چھیننے کے بجائے اسکرین ٹائم سیٹ کریں۔
سونے، کھانے، پینے، کھیلنے کے اوقات، روزمرہ کے معمولات اور نظم و ضبط کو منظم کریں تاکہ بھوک یا نیند کی کمی کی وجہ سے ان پر غصے کا دورہ پڑنے سے بچایا جاسکے۔
بچوں کو اپنے احساس کا درست طریقہ سے اظہار کرنا سکھائیں۔ چیزیں توڑنا، خود کو نقصان پہنچانا اور مار پیٹ کرنا اچھی بات نہیں ہے، یہ بات سمجھائیں۔ مائیں بچوں کو اپنے جذبات کے اظہار کا صحیح طریقہ بتائیں کہ اگر آپ کو غصہ آئے تو اس کا اظہار عام لہجہ میں کریں یا آپ سے کہیں۔
درجِ بالا تدابیر بچے کے معمولی غصے یا ضد میں کمی لاسکتی ہیں۔ اگر بچہ کو اتنا غصہ آنے لگے کہ اس پر قابو پانا مشکل ہوجائے یا وہ اپنے ساتھ ساتھ دوسروں کو بھی نقصان پہنچانے کی کوشش کرے تو یہ صورتحال سنگین ہے۔ اس صورت میں ماہرین سے مشورہ کرنا بہتر ہوتا ہے۔