Inquilab Logo Happiest Places to Work

ٹی وی کے حکومت دنیا بھر میں ورلڈ تمل کانفرنس منعقد کرے گی

Updated: July 06, 2026, 4:26 PM IST | Chennai

اس سلسلے میں تمل ناڈو کے وزیر راج موہن فی الوقت امریکہ میں ماہرین تعلیم اور تمل افراد سے ملاقاتیں کررہے ہیں۔

Tamil Nadu Chief Minister Vijay. Photo: INN
تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ وجے۔ تصویر: آئی این این

تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ سی جوزف وجے کی جماعت تملگا ویٹری کڑگم (ٹی وی کے) نے دنیا کے مختلف ممالک میں ورلڈ تمل کانفرنس (ڈبلیو ٹی سی) منعقد کرنے کی تیاری شروع کر دی ہے۔ اس سلسلے میں تمل ناڈو کے وزیر راج موہن اس وقت امریکہ کے دورے پر ہیں جہاں وہ ماہرین تعلیم اور تمل برادری کے افراد سے ملاقاتیں اور تبادلۂ خیال کر رہے ہیں۔ یہ اقدام وزیر اعلیٰ کی منظوری کے بعد اٹھایا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ہندوستان کا میٹا کو انسٹاگرام سے بچوں کے جنسی استحصال پر مبنی اشتہارات ہٹانے کا حکم

واضح رہے کہ تمل ناڈو کی سیاست پر طویل عرصے سے دراوڑ جماعتوں، خصوصاً دراوڑ منیترا کڑگم (ڈی ایم کے) کا غلبہ رہا ہے جو خود کو تمل شناخت کی سب سے بڑی علمبردار جماعت قرار دیتی رہی ہے۔ ڈی ایم کے کے بانی سی این انادورئی سے لے کر بعد کے بیشتر وزرائے اعلیٰ کیلئے ورلڈ تمل کانفرنس کا انعقاد خود کو تمل قوم کی خدمت کرنے والے لیڈر کے طور پر پیش کرنے کا ایک اہم ذریعہ رہا ہے۔ صرف ایم کے اسٹالن اور ایڈپاڈی کے پلانی سوامی نے اپنے ادوار میں اس کانفرنس کے انعقاد کی کوئی پہل نہیں کی۔ اب سی جوزف وجے اسی نظریاتی وراثت کو آگے بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں اور توقع کی جا رہی ہے کہ وہ بیرون ملک منعقد ہونے والی بعض ورلڈ تمل کانفرنسوں کا افتتاح بھی کریں گے۔ ورلڈ تمل کانفرنس کا تصور بین الاقوامی تمل تحقیقی انجمن ( آئی اے ٹی آر) کے تحت سری لنکا کے کیتھولک پادری فادر زیویئر تھانینایاگم نے پیش کیا تھا۔ پہلی ورلڈ تمل کانفرنس۱۹۶۷ءمیں ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں جبکہ دوسری۱۹۶۸ء میں چنئی میں منعقد ہوئی تھی۔ اس کے بعد تمل ناڈو نے۱۹۸۱ء اور ۱۹۹۵ء میں بھی اس کانفرنس کی میزبانی کی تھی۔ کروناندھی حکومت نے۲۰۱۰ء میں کوئمبٹور میں ورلڈ کلاسیکل تمل کانفرنس کا انعقاد کیا تھا۔ اس کا نام اس لیے تبدیل کیا گیا کیونکہ آئی اے ٹی آر نے۲۰۰۹ء میں سری لنکا میں نسلی جنگ کے دوران تملوں کے قتل عام کے باعث اپنے بینر تلے ورلڈ تمل کانفرنس منعقد کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ اب تک ورلڈ تمل کانفرنسیں ایک ہی مقام پر منعقد ہوتی رہی ہیں، تاہم ٹی وی کے حکومت کے منصوبے کے مطابق یہ کانفرنس دنیا کے مختلف مقامات پر منعقد کی جائے گی تاکہ تمل زبان و ادب سے وابستہ زیادہ سے زیادہ ماہرین، محققین اور دانشور اس میں شریک ہو سکیں۔ اس کانفرنس کے دوران علمی نشستیں، سیمینار اور مباحثے منعقد کیے جائیں گے، جبکہ دنیا بھر کی تمل برادری کے درمیان علم، تحقیق اور ثقافتی تبادلے کو بھی فروغ دیا جائے گا۔ واضح رہےکہ اقتدار سنبھالنے کے بعدوزیر اعلیٰ وجےتملوں کےحقوق کیلئے سرگرم ہوگئے ہیں ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK