Inquilab Logo

وائبرنٹ گجرات سمٹ کی۲۰؍ ویں سالگرہ ، وزیراعظم کا خطاب

Updated: September 28, 2023, 9:47 AM IST | Agency | Ahemdabad

۲۰۰۰ء کی دہائی میںگجرات کے بحران کے دور میں مودی نے مرکز پر ریاست کو نظر انداز کرنے کا الزام لگایا ، کہا کہ گجرات کو از سرنو کھڑا کرنے کیلئے وائبرنٹ گجرات کو ذریعہ بنایا گیا۔

In the context of the Vibrant Gujarat Summit, Prime Minister Modi also visited the Science City in Ahmedabad. The Robotics Gallery is located here where the Prime Minister was entertained.Photo, PTI
وائبرنٹ گجرات سمٹ کے تناظر میں وزیر اعظم مودی نے احمد آباد میں سائنس سٹی کا بھی دورہ کیا۔ یہاں روبوٹکس گیلری واقع ہےجہاں وزیر اعظم کی مہمان نوازی کی گئی۔ تصویر:پی ٹی آئی

وزیراعظم نریندر مودی نے بدھ کو احمد آباد کے سائنس سٹی میں وائبرنٹ گجرات گلوبل سمٹ کے۲۰؍ سال مکمل ہونے کے موقع پر منعقدہ جشن سےمتعلق پروگرام  سے خطاب کرتے ہوئےڪئی موضوعات کا احاطہ کیا اور بالخصوص ریاست کے بحران کے دور میں اس وقت مرکز پر ریاست کو نظر انداز کرنےکا الزام لگایا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ’’۲۰؍سال پہلے بوئے گئے بیج نے ایک شاندار اور متنوع وائبرینٹ گجرات کی شکل اختیار کر لی ہے۔‘‘اس بات کا اعادہ کرتے ہوئےکہ وائبرنٹ گجرات ریاست کیلئے محض  برانڈنگ کی ایک مشق نہیں ہے بلکہ رشتوں کو مستحکم کرنے کا ایک موقع ہے، وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ یہ سربراہ  اجلاس ریاست کے۷؍کروڑ  عوام کی صلاحیتوں کی علامت ہے جن کے سا تھ  ان کے مضبوط رشتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’یہ تعلق میرے لیے لوگوں کی بے پناہ محبت پر مبنی ہے۔‘‘ وزیراعظم مودی نے کہا کہ ۲۰۰۱ء  کے زلزلے کے بعد گجرات کی حالت کا تصور کرنا مشکل  تھا۔ زلزلے سے پہلے بھی گجرات کافی طویل عرصے سے خشک سالی سے دوچار تھا۔ مادھو پور مرکنٹائل کوآپریٹیو بینک کے ختم ہونے کی وجہ  سے  پیچیدگیاں مزید بڑھ گئی تھیں جس کے نتیجے میں دیگرکوآپریٹیو بینکوں میں بھی سلسلہ وار رد عمل سامنے آیا تھا۔ مودی نے اس بات کا  اعادہ کیا کہ یہ ان کے لیے ایک نیا تجربہ تھا کیونکہ وہ اس وقت حکومت میں نئے تھے۔ اس منظرنامے میں دل دہلا دینے والا گودھرا  سانحہ ہوا جس  کے بعد گجرات میں فسادات پھوٹ پڑے۔ وزیراعظم  مودی نے کہا کہ  وزیر اعلیٰ کے طور پر تجربہ کی کمی کے باوجود انہیں گجرات اور ریاست کے عوام پر پورا بھروسہ تھا۔انہوں نے کئی  واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے الزام لگایا کہ اس وقت گجرات کو بدنام کرنے کی سازش کی جارہی تھی۔  نریندر مودی نے کہا’’میں نے  یہ عہد کیا کہ حالات جیسے بھی ہوں، میں گجرات کو اس صورتحال سے نکالوں گا۔ ہم صرف تعمیر نو کے بارے میں نہیں سوچ رہے تھے بلکہ ریاست کے مستقبل کیلئے منصوبہ بندی بھی کر رہے تھے اور ہم نے اس کیلئے وائبرنٹ گجرات سمٹ کو ایک اہم ذریعہ بنایا۔‘‘ وزیر اعظم نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ وائبرنٹ گجرات ریاست کے حوصلے بلند کرنے اور دنیا کے ساتھ وابستہ ہونے کا ایک ذریعہ بن چکا ہے ۔ انہوں نے اس بات پربھی  زور دیا کہ سربراہی اجلاس ریاستی حکومت کی فیصلہ سازی اور توجہ مرکوز کرنے کے طریقہ کار کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کا ذریعہ بنا اور اس کے ذریعے ملک کی صنعت کی صلاحیت کو بھی سامنے لایا گیا۔ وزیر اعظم مودی  نے گجرات کے تئیں اس وقت کی مرکزی حکومت کی بے حسی کو یاد کیا اور الزام لگایا کہ اس وقت مرکز کا کوئی بھی لیڈر گجرات نہیں آیا تھا۔ مودی کے بقول ’گجرات کی ترقی کے ذریعے ملک کی ترقی‘ کے ان  کے عزم کے باوجود گجرات کی ترقی کو سیاسی منشور سے دیکھا گیاتھا۔غیر ملکی سرمایہ کاروں نے دھمکیوں کے باوجود گجرات کا انتخاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی توجہ اچھی حکمرانی، منصفانہ اور پالیسی پر مبنی حکمرانی، ترقی اور شفافیت کا مساوی نظام ہے۔وائبرنٹ گجرات کے ۲۰۰۹ءکے ایڈیشن کو یاد کرتے ہوئے جب پوری دنیا کساد بازاری سے گزر رہی تھی، وزیر اعظم نے کہا کہ ریاست کے اس وقت کے وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے انہوں نے آگے بڑھنے اور اس تقریب کو منظم کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ گجرات کی کامیابی کا ایک نیا باب ۲۰۰۹ء کی کے وائبرنٹ گجرات سمٹ  میں لکھا گیا۔وزیر اعظم نےکہا کہ۲۰۰۳ء ایڈیشن نے صرف چند سو شرکاء کو اپنی طرف متوجہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ آج۴۰؍ ہزارسے زائد شرکاء اور مندوبین اور۱۳۵؍ ممالک نے اس سربراہی اجلاس میں حصہ لیا جبکہ نمائش لگانے والوں کی تعداد بھی ۲۰۰۳ء  میں ۳۰؍ سے بڑھ کر آج۲؍ ہزار ہوگئی  ہے۔  خیال رہے کہ  وائبرنٹ گجرات گلوبل سمٹ کا آغاز ۲۰؍سال پہلے اس وقت کے گجرات کے وزیراعلیٰ  نریندر مودی کی ایما پر۲۸؍ستمبر۲۰۰۳ء کو ہوا تھا  ۔ گزرتے ہوئے وقت کے ساتھ اس کی حیثیت  ہندوستان  میں ایک اہم کاروباری سربراہ کانفرنس کی ہوگئی ہے۔صنعت  و تجارت کے  مختلف لیڈروں نے اپنے خیالات کا اظہار کیا جن میں ویل  اسپن کے چیئرمین بی کے گوینکا،جیٹرو (جنوبی ایشیا) کے چیف ڈائرکٹر جنرل تاکاشی سوزوکی ،آرسیلر متل کے ایگزیکٹو چیئرمین لکشمی متل شامل ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK