آٹھ کروڑ پچھتر؍لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔’ریرا‘ نے گزشتہ۵؍ماہ میں ایک ہزار سے زائد وارنٹ جاری کئے اور خریداروں کو فریب دینے، تاخیر سے فلیٹ الاٹ کرنے اور قواعد وضوابط کی خلاف ورزی کی پاداش میں۶۲۴؍کروڑ سے زائد جرمانہ وصول کیاہے
مہاراشٹر رئیل اسٹیٹ ریگولیٹری اتھاریٹی (مہاریرا) کے سخت قواعدوضوابط کے سبب رہائشی عمارتوں کیلئے شرائط کی خلاف ورزی کرنے والے بلڈروں کو اپنا پروجیکٹ نیلام ہونے سے بچانے کیلئے بھاری جرمانہ ادا کرنا پڑ رہا ہے۔ ’مہاریرا‘ نے تعمیرات سے قبل رجسٹریشن کے اصولوں کی خلاف ورزی کرنے پرممبئی ، تھانے ، رائے گڑھ اور دیگر علاقوں کے تقریباً۲۰؍بلڈروں اور ڈیولپروں کو وارنٹ جاری کرتے ہوئے کروڑوں روپے جرمانہ عائد کیا ہے ۔گزشتہ ۵؍ ماہ میں ’ ریرا‘کے اصولوں کی خلاف ورزی کرنے ، مکینوں کو فریب دینے اور تاخیر سے فلیٹ کا قبضہ دینے پر اب تک مہاریرا ایک ہزار سے زائد بلڈروں اور ڈیولپروں کے خلاف وارنٹ جاری کر چکا ہے اور ان سے ۶۲۴؍ کروڑ سے زائد جرمانہ وصول کر چکا ہے ۔
گزشتہ ماہ ’مہا ریرا‘ نے۱۲؍ اور رواں ماہ میں اب تک ۲۰؍ بلڈروں کے نام وارنٹ جاری کئے ہیں ۔مئی میں جن ۲۰؍بلڈروں اور ڈیولپروں پر تعمیرات سے قبل رجسٹریشن کے اصولوں کی خلاف ورزی کرنے پر وارنٹ جاری کیا گیا ، ان سے۸؍کروڑ۵۷؍لاکھ جرمانہ وصول کیاگیا ہے۔اگر جاری کئے گئے وارنٹ پرکوئی بلڈر جرمانہ ادا نہیں کرتا ہے تو ریرا قواعد کے مطابق اس کی پراپرٹی کو نیلام کرنے کی کارروائی کا حکم دیا جائے گا۔ اطلاع کے مطابق ۲۰؍میں سے جن۱۱؍ڈیولپرس سے جرمانہ وصول کیا گیا، ان کا تعلق ممبئی، تھانے اور رائے گڑھ ضلع سے ہے ۔
’ریرا‘ نے ممبئی کے جن ۵؍ ڈیولپرس کے خلاف وارنٹ جاری کیا تھا، ان میں ویدھی رئیلٹرس ، اسکائی اسٹار بیڈ کین ، لوہتیکا پراپرٹیز ، ویژن ڈیولپرس اور وجے کمل پراپرٹیز شامل ہیں ۔ان۵؍ ڈیولپرس سے ۵؍ کروڑ ۴۰؍ لاکھ روپے وصول کئے گئے۔اسی طرح تھانے کے روی اور نتاشا ڈیولپر س سے ایک کروڑ ۹۰؍ لاکھ روپے وصول کئے گئے ہیں۔اس کے علاوہ علی باغ ، رائے گڑھ کے ونئے اگروال ڈیولپر سے ۷۸؍ لاکھ ۸۵؍ ہزار روپے جرمانہ وصول کیا گیا ہے ۔
اطلاع کے مطابق گزشتہ ۵؍ ماہ میں ریرا نے تعمیرات سے قبل رجسٹریشن اور دیگر اصولوں کی خلاف ورزی کرنے ، مکینوں کو فریب دینے اور تاخیر سے فلیٹ الاٹ کرنے پر ایک ہزار ۷؍ وارنٹ جاری کئے ہیں ۔ ان جاری کردہ وارنٹ میں سے ۱۲۴؍ بلڈروں اور ڈیولپرس سے ۱۱۳؍ کروڑ ۱۷؍ لاکھ روپے جرمانہ وصول کیا گیا ہے ۔
’ریرا‘ کے مطابق جن ڈیولپرس کو قواعدو ضوابط کی خلاف ورزی کرنے اور خریداروں سے معاہدے کے مطابق اس پر عمل نہ کرنے پر وارنٹ جاری کیا گیا ہےاور انہوں نے جرمانہ ادا نہیں کیا ہےاس لئے ان کی جائیدادوں کی نیلامی کی کارروائی پر بھی غور کیا جارہا ہے۔
اپریل میں مہاریرانے جن ۱۲؍بلڈروں اور ڈیولپروں کے خلاف وارنٹ جاری کرکے ۵؍ کروڑ ۸۰؍ لاکھ جرمانہ وصول کیا تھا، ان میں ناسک کے ۵، پونے کے ۲ ؍ اورنگ آباد کے ۴؍ اور ممبئی کا ایک ڈیولپر شامل ہے ۔