Inquilab Logo

منصورہ انجینئرنگ کالج میں۲؍ روزہ انٹرنیشنل ریسرچ کانفرنس کامیابی سے ہمکنار

Updated: November 10, 2022, 10:16 AM IST | malegaon

ملک و بیرون ممالک کے سائنسداں ، ریسرچ اسکالر اور طلباء و طالبات نے مقالے پیش کئے، علم دین کےساتھ عصری علوم کےحصول اور تحقیقی ذہنیت کی تعمیرپرزور

A total of 158 research papers were presented by the participants in this two-day conference
اس دوروزہ کانفرنس میں شرکاء کےذریعے مجموعی طورپر۱۵۸؍تحقیقی مقالے پیش کئے گئے

:شہر مالیگاؤں کی اولین انجینئرنگ کالج  مولانا مختار احمد ندوی ٹیکنیکل کیمپس ( زیر نصرام جامعہ محمدیہ ایجوکیشن سو سائٹی ، منصورہ کیمپس) میں ۲؍ روزہ انٹر نیشنل ریسرچ کانفرنس بعنوان سائنس ، ٹیکنالوجی اینڈ سسٹینابلیٹی۵؍ اور۶؍ نومبر کو منعقد کی گئی ۔ اس ریسرچ کانفرنس میں ملک و بیرون ممالک کے سائنسداں، ریسرچ اسکالر اور طلباء و طالبات نے کل۱۵۸؍تحقیقی مقالے پیش کئے۔ اس ریسرچ کانفرنس میں آئی آئی ٹی، این آئی ٹی، جامعہ ملیہ اسلامیہ، علی گڑھ مسلم یونیوسٹی، ریاستی و مرکزی یونیورسٹیوں کے علاوہ امریکہ، یورپ، سعودی عرب، ملیشیا، افریقہ اور دیگر  بیرون ممالک سے ریسرچ مقالے آن لائن طرز پر پیش کئے گئے۔
 انٹرنیشنل ریسرچ کانفرنس کے افتتاحی پروگرام میں مولانا مختار احمد ندوی( چیئرمین، جامعہ محمدیہ) نے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا’’ علم دین کے فرائض کی حصول یابی کیلئے عصری علوم، تحقیقی سوچ و فکر اور دیگر علوم کا سیکھنا بہت ضروری ہے۔ سائنس نے آج ترقی کی لیکن سیکڑوں سال پہلے ہی ہمیں  یہ علوم سیکھنے کی تعلیم دین نے ہی دی۔‘‘
 جامعہ ملیہ اسلامیہ کے پروفیسر عبدالقیوم انصاری نے کہا ’’جامعہ محمدیہ کے بانی مولانا مختار احمد ندوی نے جو خواب دیکھے تھے ، آج انھیں مولانا ارشد مختار اور ان کے فرزند راشد مختار شرمندہ تعبیر کر رہے ہیں۔ اس جامعہ کی بنیا د سے لیکر آج تک ادارہ کامیابی منزل مسلسل طے کرتا چلا جا رہا ہے۔آج اس کیمپس میں دینی تعلیم کے ساتھ عصری تعلیم بھی فراہم کی جارہی ہے۔  اس کیمپس میں مدارس، اسکول، میڈیکل کالج ، انجینئرنگ کالج اور اسلامک اسڈٹیز سینٹر دن بہ دن ترقی کر رہے ہیں۔‘‘ کانفرنس کے افتتاحی پروگرام میں مدعو پروفیسر عبدالقیوم انصاری (الیکٹریکل انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ، جامعہ ملیہ اسلامیہ یونیورسٹی ) اور پروفیسر عبدالصمد ( اوشین انرجی ریسرچ سینٹر، آئی آئی ٹی مدراس) نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔جامعہ محمدیہ کے چیئرمین مولانا ارشد مختار نے مہمانوں کا استقبال کیا۔پرنسپل ڈاکٹر عقیل احمد شاہ نے مولانا مختار احمد ندوی ٹیکنیکل کیمپس کا مختصر تعارف پیش کیا جس میں کالج کی نمایاں کارکردگی، تعلیمی و تحقیقی سرگرمیاںاور طلبہ کے کارہائے نمایاں  پر روشنی ڈالی۔
 کانفرنس کے پہلے روز پروفیسر عبدالصمد نے   اوشین اینرجی (سمندری توانائی) کی پیداوار اور استعمالات پر خصوصی لیکچر دیا۔ بعد ازاں پروفیسر سعید الرحمٰن نے نینو فلوڈ ( نینو ٹیکنالوجی) پر  ملیشیا سے آن لائن لیکچر دیا۔ اس طرح سے کانفرنس میں شریک طلبہ، ریسرچ اسکالرس اور اسٹاف نے اپنے تحقیقی مقالے پیش کئے۔ کانفرنس کے دوسرے روز پروفیسر عبدالقیوم انصاری ( جامعہ ملیہ اسلامیہ) نے سافٹ کمپیوٹنگ ٹیکنالوجی پرلیکچر دیا۔ بعد ازاں پروفیسر روی پرکاش( ایم این آئی آئی ٹی ، الٰہ آباد)نے گرین اینرجی اور اس کے استعمال پر گفتگو کی اور پروفیسر خضر سعید ( برائٹون یونیورسٹی، یو کے ) نے نینو ٹیکنا لوجی اور نیو مٹیلس پر آن لائن لیکچر دیا۔ علاوہ ازیںمختلف کالجوں کے شریک ریسرچ  اسکالر اور طلبہ نے اپنے تحقیقی مقالےپیش کئے۔ کانفرنس کے رابطہ کار ڈاکٹر دلاور حسین اور ڈاکٹر تنویز عالم نے  اسے کامیاب بنانے میں  شب و روز جدوجہد کی ۔کانفرنس میں انجینئرنگ ڈگری کےتیسرے اور آخری سال کےطلبہ نے شرکت کی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK