پوسٹ گریجویشن میں اس نمایاں کامیابی نے مریم کے حوصلہ کو مزید بڑھایا ہے۔ وہ سائنسداں بننےکے ساتھ اسرو سے وابستہ ہونے کی تیاری میں مصروف ہیں ۔
EPAPER
Updated: June 27, 2024, 12:00 PM IST | Saadat Khan | Mumbai
پوسٹ گریجویشن میں اس نمایاں کامیابی نے مریم کے حوصلہ کو مزید بڑھایا ہے۔ وہ سائنسداں بننےکے ساتھ اسرو سے وابستہ ہونے کی تیاری میں مصروف ہیں ۔
یہاں کے نیانگر علاقے میں رہنے والی ۲۲؍ سالہ مریم محمد جنید کراری نے اسٹرو فزکس کے آخری سال کے امتحان میں ۱۰؍میں سے ۹ء۷۵؍سی جی پی اے (کمیولیٹیو گریڈ پوائنٹ ایوریج ) حاصل کرکے سینٹ زیویئرس کالج، ممبئی میں ٹاپ کیا ۔ پوسٹ گریجویشن میں اس نمایاں کامیابی نے مریم کے حوصلہ کو مزید بڑھایا ہے۔ وہ سائنسداں بننےکے ساتھ اسرو سے وابستہ ہونے کی تیاری میں مصروف ہیں ۔ اس ہونہار طالبہ کو اس کی بہترین تعلیمی کارکردگی کیلئے متعدد ایوارڈ سے نواز اجاچکا ہےساتھ ہی انہیں کئی قسم کی اسکالرشپ حاصل کرنے میں بھی کامیابی ملی ہے جن میں بالخصو ص مرکزی حکومت کی جانب سے ملنے والی ’انسپائرشی اسکالرشپ‘ بھی شامل ہے جس کےتحت مریم کو ۲۰۱۹ء سے سالانہ ۸۰؍ہزارروپے مل رہے ہیں۔
مریم نے اپنی تعلیمی سرگرمیوں سےمتعلق اس نمائندے کو بتایاکہ ’’ میرا روڈ کے این ایچ انگلش اکیڈمی اسکول سے تعلیمی سفر کا آغاز کیا تھا۔ اس دوران اوّل تانہم جماعت تک اپنے ڈویژن میں ہمیشہ ٹاپ رہی۔ اس کی وجہ سےجہاں اسکول کی ہیڈگرل کے خطاب سے نوازاگیا وہیں ۲۰۱۶ءمیں ٹائمزآف انڈیا کی جانب سے ’اسٹوڈنٹ آف دی ائیر‘ کا ایوارڈ بھی ملا۔ علاوہ ازیں ممبئی کی سطح پر انڈین اسوسی ایشن آف فزکس ٹیچرکی جانب سے منعقدہ مضمون نویسی مقابلہ میں بھی دوسرا مقام ملا۔ ‘‘مریم محمدجنید کے بقول’’ سائنسداں بننا میرا خواب ہے۔ میں کونسل آف سائنٹفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ نیٹ امتحان کی تیاری کررہی ہوں۔ میں ریسرچ میں اپناکریئر بنانے کی خواہشمند ہوں ساتھ ہی اسرو کیلئے اپنی خدمات پیش کرناچاہتی ہوں۔ ‘‘
مریم کی خاص بات یہ ہےکہ اس نے کبھی کوئی ٹیوشن نہیں لیا۔ وہ سیلف اسٹڈی پر یقین رکھتی ہیں ۔ اسکول کے زمانہ سے وہ روزانہ ۵، ۶؍ گھنٹہ گھر ہی پر خود پڑھائی کرتی ہے۔