Inquilab Logo

این سی پی کمر بستہ، ممبئی میں مختلف پارلیمانی حلقوں کے پارٹی عہدیداروں کی۲؍ روزہ میٹنگ

Updated: May 31, 2023, 9:29 AM IST | Mumbai

ابھی مہا وکاس اگھاڑی کی حلیف پارٹیوں کے درمیان سیٹوں کی تقسیم کے تعلق سے کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے لیکن این سی پی نے آئندہ سال ہونے والے لوک سبھا الیکشن کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔

Ajit Pawar giving certificate to Gurgi Phale (Agency)
اجیت پوار گرگی پھلے کو سرٹیفکیٹ دیتے ہوئے ( ایجنسی)

ابھی مہا وکاس اگھاڑی کی حلیف پارٹیوںکے درمیان سیٹوں کی تقسیم کے تعلق سے کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے لیکن این سی پی نے آئندہ سال ہونے والے  لوک سبھا الیکشن کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔  پارٹی نے منگل اور بدھ ( ۳۰؍ اور ۳۱؍ مئی ) کو ممبئی میں وائی بی چوان سینٹر میں مختلف لوک سبھا  سیٹوں کے  پارٹی عہدیداروں کی میٹنگ بلائی جس میں این سی پی کے بڑے لیڈر اپنے کارکنان کے ساتھ مل کر الیکشن کے تعلق سے لائحہ عمل تیار کریں گے۔ 
   منگل کو اس میٹنگ کے پہلے دن خود شرد پوار کے علاوہ جینت پاٹل، حسن مشرف، اجیت پوار، دلیپ ولسے پاٹل اور سنیل تٹکرے جیسے لیڈران شریک ہوئے اس دوران مختلف لوک سبھا حلقوں سے آئے پارٹی کے مقامی عہدیداروں  نے  ان لیڈروں کو  لوک سبھا الیکشن کی تیاریوں کے تعلق سے احوال بیان کیا جبکہ  ان لیڈروں نے انہیں تیاریوں کے تعلق سے مشورے  اور ہدایتیں دیں۔  اطلاع کے مطابق کل ان ۲؍ دنوں کے درمیان ۱۲؍ لوک سبھا حلقوں کے عہدیداران سے گفتگو کرے گی  جن میں سے ۹؍ لوک سبھا حلقوں کے کارکنان منگل کو میٹنگ میں پہنچے تھے ۔ جبکہ بدھ کو  بقیہ ۳؍ حلقوں کے عہدیدار  ممبئی پہنچیں گے۔ یاد رہے کہ ممبئی کے پارلیمانی حلقوں سے کسی بھی عہدیدا ر کو نہیں بلایا گیا تھا بلکہ یہ تمام بیڑ، احمد نگر، عثمان آباد، لاتور  اور بلڈانہ جیسے علاقوں سے آئے تھے۔ یاد رہے کہ ابھی مہا وکاس اگھاڑی کی سیٹوں کی تقسیم نہیں ہوئی ہے۔ ایسی صورت میں مخصوص انتخابی حلقوں سے کارکنان کو بلوا کر میٹنگ کرنا  اپنے آپ میں ایک اہم اشارہ ہے۔ اب تک کانگریس اور شیوسینا نے اس طرح  کی کوئی میٹنگ منعقد نہیں کی ہے بلکہ  وہ سیٹوںکی تقسیم کے مسئلے کو حل کرنے کیلئے اقدامات پر غور کر رہے ہیں جبکہ این سی پی بار بار اصرار کر رہی ہے کہ جلد از جلد سیٹوں کی تقسیم کر دی جائے۔     یاد رہے کہ گزشتہ پارلیمانی الیکشن میں این سی  پی نے ۴؍ سیٹوں پر جیت حاصل کی تھی جبکہ کانگریس کے حصے میں ایک سیٹ آئی تھی۔ ادھو شیوسینا کے ۱۹؍  میں سے ۱۳؍ اراکین شندے کے ساتھ جا چکے ہیں ۔ 
 نیلو پھلے کی بیٹی این سی پی میں شامل 
 مراٹھی  فلموں اور اسٹیج کے عظیم اداکار نیلو پھلے کی بیٹی گرگی پھلے جو خود بھی اداکارہ ہیں نے منگل کے روز شرد پوار کی پارٹی این سی پی میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔ ممبئی کے وائی بی چوان سینٹر میں   پارٹی کے ریاستی  صدر جینت پاٹل کی موجودگی میں سینئر لیڈر اجیت پوار نے گرگی پھلے کا استقبال کیا۔ گرگی جو خواتین کی آزادی پر  ڈگری حاصل کر چکی ہیں اپنے والد کی طرح اسٹیج کی بہترین اداکارہ ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے متعدد ٹی وی سیرئیل اور ویب سیریز  میں بھی کام کیا ہے۔  پارٹی میں شامل ہونے کے بعد گرگی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ’’  میری ایک زمانے سے خواہش تھی کہ  میں  اجیت پوار جیسے لیڈر کے ساتھ سماجی کام کروں۔ آج مجھے خوشی ہے کہ میری یہ خواہش پوری ہوئی۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’ میرے والد کے شرد پوار، اجیت پوار  اور سپریہ سلے سے اچھے تعلقات تھے۔ اب میں پارٹی کیلئے کچھ کرنا چاہتی ہوں۔ ‘‘ واضح رہے کہ گرگی کے والد نیلو پھلے  بائیں بازو کے نظریات کے حامل تھے اور ترقی پسند سوچ رکھتے تھے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK