واشم کےکرنجا میں ایک خاندان پر غموں کا پہاڑ ٹوٹ پڑا، چھوٹا بیٹا سڑک حادثے میں زخمی ، دوسرے دن بڑا بیٹا حادثے میں فوت ۔
اکولہ ناکہ پر آئے دن حادثات ہونےسے مقامی افراد ناراض ہیں- تصویر:آئی این این
ودربھ کے ضلع واشم میں واقع کرنجا میں ایک المناک واقعہ پیش آیا ہے۔ یہاں ایک ہی گھر کے ۲؍ بیٹےیکے بعد دیگرے سڑک حادثے کا شکار ہوئے ۔ ان میں سے ایک کی موت ہو گئی جبکہ ایک اب بھی اسپتال میں زیر علاج ہے۔ اس کی وجہ سے متاثرہ خاندان پر غموں کا پہاڑ ٹوٹ پڑا ہے۔
اطلاع کے مطابق واشم ضلع میں واقع کرنجا تعلقے کے علی پورہ علاقے میں رہنے والے شیخ سبحان کے دو بیٹے الگ الگ حادثات کا شکار ہوئے، جس کے بعد علاقے میں غم اور تشویش کا ماحول پیدا ہو گیا ہے۔ اطلاع کے مطابق اتوار (۲۹؍ مارچ) کی رات شیخ سبحان کا چھوٹا بیٹا عامر شیخ سڑک حادثے کا شکار ہو گیا ۔ اسے زخمی حالت میں اسپتال پہنچایا گیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔اسکی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ ابھی اہل خانہ عامر کی صحتیابی کی دعاکر ہی رہے تھے کہ ان کا بڑا بیٹا شیخ سہیل (۳۰) پیر (۳۰؍ مارچ) کی رات تقریباً سوا ۱۱؍ بجےاکولہ ناکہ روڈ پر پیش آنے والے ایک سڑک حادثے میں جاں بحق ہوگیا۔ اس واقعے کے بعد خاندان کے ساتھ ساتھ مقامی افراد میں بھی رنج و غم کی فضا پھیل گئی۔
مسلسل دو دنوں میں پیش آنے والے ان واقعات نے خاندان کو شدید ذہنی اور جذباتی صدمے سے دوچار کر دیا ہے۔ واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد رشتہ داروں، دوستوں اور علاقے کے شہری بڑی تعداد میں متاثرہ خاندان کے گھر پہنچے اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے اپنی ہمدردی ظاہر کی۔ دریں اثنا اکولہ ناکہ۔ بالاپور روڈ پر بار بار پیش آنے والے سڑک حادثات کے باعث مقامی شہریوں اور سماجی کارکنوں میں ناراضگی پائی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق اس سڑک پر گاڑیوں کی رفتار بہت زیادہ ہونے کی وجہ سے حادثات کا خطرہ مسلسل بڑھ رہا ہے۔
اکولہ روڈ اور واڈےگاؤں روڈ کے ٹی پوائنٹ اور اطراف کے علاقوں میں بڑی گاڑیوں کی تیز رفتار آمد و رفت پیدل چلنے والوں کیلئے خطرہ بن گئی ہے۔ اس راستے سے روزانہ بڑی تعداد میں طلبہ، بزرگ شہری اور عام لوگ گزرتے ہیں، تاہم ٹرک اور دیگر گاڑیوں کی رفتار کے باعث ہر وقت حادثے کا خدشہ رہتا ہے۔
مقامی شہریوں اور سماجی کارکنان نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اکولہ ناکہ علاقے میں اکولہ روڈ اور واڈےگاؤں روڈ کے ٹی پوائنٹ پر فوری طور پر اسپیڈ بریکر نصب کئےجائیں تاکہ گاڑیوں کی رفتار پر قابو پایا جا سکے اور آئندہ ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔ اس سلسلے میں سماجی کارکن آصف شاہ نے انتباہ دیا ہے کہ اگر محکمۂ شاہراہ نے فوری طور پر کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھایا تو مقامی شہریوں کے ساتھ مل کر احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی۔ شہریوں نے بھی محکمہ سے اپیل کی ہے کہ عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے اس حساس مقام پر جلد از جلد حفاظتی اقدامات کیے جائیں تاکہ پیدل چلنے والوں اور گاڑی چلانے والوں کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔ فی الحال مقامی سطح پر ان دوحادثات کی وجہ سے سوگ کا ماحول ہے۔ پولیس دونوں ہی معاملات کی تحقیقات کر رہی ہے۔