Inquilab Logo

اُدھو گروپ کو شیواجی پارک میں دسہرہ ریلی کی اجازت

Updated: September 24, 2022, 10:12 AM IST | Nadeem asran and Iqbal Ansari | Mumbai

بامبے ہائی کورٹ کا فیصلہ ، مداخلت کار بننے کی شندے گر وپ کی عرضی خارج ، شیوسینکوں میں جشن ،ادھو ٹھاکرے کو مبارکباد دینے والوں کا ماتوشری کے باہر جم غفیر

Party workers can be seen celebrating outside the Shiv Sena Bhavan in Dadar. (Photo: PTI)
دادر میں واقع شیو سینا بھون کے باہر پارٹی کارکنوں کو جشن مناتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔(تصویر: پی ٹی آئی )

’الٹی ہو گئیں سب تدبیریں‘‘ کے مصداق وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے گروپ کو اس وقت منہ کی کھانی پڑی جب بامبے ہائی کورٹ نے نہ صرف  ادھو ٹھاکرے گروپ کو شیواجی پارک میں دسہرا ریلی نکالنے کی اجارت دے دی بلکہ شندے گروپ کی مداخلت کار کی حیثیت سے داخل کردہ اپیل کو بھی خارج کردیا ۔ عدالت کے اس فیصلہ سے ٹھاکرے گروپ میں جشن کا ماحول ہے ۔
بامبے ہائی کورٹ کا فیصلہ
 جمعہ کو بامبے ہائی کورٹ کی دو رکنی بنچ کے جسٹس رمیش دھنوکا اور جسٹس کمال کاتھا نے ٹھاکرے اور شندے گروپ کے وکلاء کی طویل دلیلوں کو سننے اور بی ایم سی کے پیش کردہ نظم و نسق کے جواز کا جائزہ لینے کے بعد شندے گروپ کے ایم ایل ایل اے سدا سرونکر کی درخواست کو مسترد کر دیا جبکہ ٹھاکرے گروپ کو ۵؍اکتوبر کو ریلی نکالنے کی اجازت دیتے ہوئے اس کی تیاری کے لئے بی ایم سی کو ۲؍اکتوبر کو ہی میدان  شیو سینا کے حوالہ کرنے کا حکم دیا ۔  بنچ نے نظم و نسق   برقرار رکھنےکیلئے پولیس کو مستعد رہنے کی ہدایت دینے کے ساتھ ساتھ ہی ٹھاکرے گروپ کے عرضداشت گزار انل دیسائی کو تمام پروگرام کی ویڈیو ریکارڈنگ کرنے کا بھی حکم دیا ۔
کورٹ میں وکلاء کی تکرار
  دوران سماعت کورٹ نے کہا کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب شیو سینا وہاں دسہرا ریلی کا اہتمام کررہی ہے ۔ دوران سماعت شندے گروپ  کے وکیل جنک دوارکا داس کا کہنا تھا کہ ٹھاکرے گروپ کو دسہرا ریلی کی اجازت نہیں دی جانی چاہئے کیونکہ اصل شیو سینا کون ہے اس پر سماعت سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن  میں سماعت جاری ہے جبکہ ٹھاکرے گروپ کے وکلاء ایس پی شینوئے اور جوئل کارلوس نے کہا کہ تقریباً ایک ماہ تک بی ایم سی نے ہماری عرضی پر کوئی فیصلہ نہیں کیا تھا لیکن  جیسے ہی  ہم ہائی کورٹ سے رجوع  ہوئے انہوں نے ہماری درخواست مسترد کردی اور اس کی کوئی وجہ بھی نہیں بتائی۔ دو رکنی بنچ نے دونوں فریقوں کی جرح سننے کے بعد کہا کہ سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن  میںشیو سینا کے تعلق سے کیا معاملہ زیر سماعت ہے ہمیں اس سے غرض نہیں ہے اور کورٹ کو اس بات سے بھی کوئی لینا دینا نہیں ہے کہ کون اصل شیو سینا ہے لیکن اس معاملہ میں بی ایم سی نے اپنے اختیارات کا  درست  استعمال نہیں کیا اور یہ بات اس کے تاخیر سے فیصلہ کرنےسے ثابت ہوتی ہے۔ اس لئےادھو ٹھاکرے گروپ کو شیواجی پارک میں دسہرا ریلی کی اجازت دی جاتی ہے۔ 
شندے گروپ  سپریم کورٹ جائے گا 
  قانونی جنگ میں شکست کے بعد شندے گروپ میں مایوسی ہے لیکن ایکنا تھ شدے گروپ کے ایم ایل اے  اور عرضداشت گزار سدا سرونکر نے بامبے ہائی کورٹ کے فیصلہ کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا اشارہ دیا ہے۔ 
ادھو ٹھاکرے سرشار ، کارکنوں سے ملاقات کی 
 کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد شیوسینا سربراہ ادھو ٹھاکرے کافی خوش نظر آئے۔ انہوں نے  ماتوشری آنے والے شیو سینکوں  سے ملاقات کی  اور کہا کہ ہمیں اسی طرح متحد رہنا ہے اور میونسپل کارپوریشن انتخابات میں بھی شیو سینا کا  پرچم لہرانا  ہے۔ ادھو  کے مطابق ہمیں خوشی ہے کہ شیو سینا  سپریمو بال ٹھاکرے نے شیواجی پارک میں جس روایتی دسہرا ریلی کی شروعا ت کی تھی اسے منعقد کرنے کی ہمیں اجازت دی گئی ہے۔ہمیں انصاف کی امید تھی اور وہی ملا ہے ۔انہوںنے مزید کہا کہ عدالت نےہم پر اعتماد ظاہر کیاہے  اورہم اس پر کھرا اترنے کی پوری کوشش کریں گے   لیکن  ریاست میں امن و امان قائم رکھنے کی ذمہ داری ریاستی حکومت کی ہوتی ہے لہٰذا انہیں بھی اس سلسلے میں ضروری نظم کرناچاہئے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK