Inquilab Logo

اُدھو کا بی جےپی پر حملہ، ای ڈی کے استعمال پر متنبہ کیا

Updated: May 15, 2022, 10:11 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

زعفرانی پارٹی کو منہ توڑ جواب دینے کا انتباہ، اُس کے ہندوتوا کو ’’گھنٹہ داری‘‘ قراردیا، ممبئی پر غلط نگاہ ڈالنے والوں کو سخت وارننگ، راج ٹھاکرے کو نام لئے بغیر نشانہ بنایا

Uddhu Thackeray welcoming party workers from the stage during a rally in BKC.
بی کے سی میں منعقدہ ریلی کے دوران اُدھو ٹھاکرے اسٹیج سے پارٹی کارکنوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے ۔(تصویر: انقلاب، رانے آشیش)

شیوسینا سربراہ اُدھو ٹھاکرے نے سنیچر کو بی  کے سی گراؤنڈ میں منعقدہ ریلی   میں بی جے پی کو جم کر آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے اپنے تمام  سیاسی مخالفین کے بخئے ادھیڑ کر رکھ دیئے۔  سفید کرتے پائجامہ میں ملبوس   شیو سینا سربراہ ادھو ٹھاکرے نے ماتھے  پرلمبا سا ٹیکہ بھی لگارکھاتھا۔  شیوسینکوں کے جم غفیر سے خطاب کرتے ہوئے انہوں  نے ہنومان چالیسا پر کی جارہی سیاست کے حوالے سے بی جےپی  کےہندوتوا کو جہاں ’’گھنٹہ دھاری ‘‘ قراردیا وہیں راج ٹھاکرے کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان کے دماغ میں ’’کیمیکل لوچا‘‘ ہوگیا ہے اس لئے ان کی باتوں پر توجہ نہ دی جائے۔ 
  میرے ہندو بھائیواور بہنو!  سے اپنی تقریر کا آغاز کرتے ہوئے  ادھو ٹھاکرے نے تقریباً پونے گھنٹے تک اپنے مخالفین کی خبر لی۔  انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں نے ہندوتوا کا برقع پہن لیاتھا جسے اتارنے کی ضرورت ہے۔ اُدھو نے دعویٰ کیا کہ ’’ہندو وادی ہم ہیں، بالا صاحب ٹھاکرے نے کہا تھا کہ مجھے گھنٹہ بجانے والا نہیں بلکہ ہندوئوں کو بڑھانے والا ہندو چاہئے۔‘‘ دیویندر فرنویس   کا نام  لئے بغیر انہوں  نےکہاکہ’’  ہم گدھوںسے  ڈھائی سال قبل  چھٹکارا حاصل کرچکے ہیں ۔  ‘‘
ممبئی پر غلط نگاہ ڈالنےوالوں کو انتباہ
  شیو سینا چیف  نے کہاکہ ’’ بی کے سی  میں ہی دیویندر فرنویس نے غلطی سے کہہ دیا تھا کہ وہ ممبئی کو آزاد کریں گے ۔ یہ’ سلپ آف ٹنگ‘ ہے ۔ ممبئی مراٹھی مانوس نے خون کی قربانی دے کر حاصل کی ہے،  اس کے وقار کو مجروح کرنے کی جو بھی کوشش کرے گا اس کو بخشا نہیں جائے گا،ہندو خاموش نہیں بیٹھے گا۔‘‘ انہوںنے بی جےپی  اور مودی کی نیت پر شبہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی پہلی بلٹ ٹرین ممبئی سے احمد آبادشروع کرنے کااعلان کیا گیا  مگر یہ کس نے مانگا تھا، یہ ممبئی کی اہمیت ختم کرنے کی کوشش ہے۔‘‘
مہنگائی  پرجواب دو!
  وزیراعلیٰ نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر دیویندر فرنویس نے کل(۱۵؍ مئی کو ) جوابی ریلی ( اُتر سبھا)  کا اعلان کیا ہے۔  ان کو چاہئے کہ وہ سوالیہ اور جوابی ریلیوں کے اس  سلسلے کو ختم کر کے مہنگائی  پر جواب  دیں جس سے غریب عوام مر رہے ہیں۔ مہنگائی پر کوئی نہیں بول ر ہا ہے ۔ادھو ٹھاکرے نے یاد دلایا کہ جب پیٹرو ل کی قیمت  میں ۷؍پیسے کا اضافہ ہوا تھا تو واجپئی نے بیل گاڑی پر سفر کیا تھا اور مظاہرہ کیا تھا ،  اب وہ  سب کہاں گئے؟
’کیمیکل لوچا‘ والے شخص پر توجہ مت دو!
  شیو سینا سربراہ  ادھو ٹھاکرے نے بالی ووڈ فلم منا بھائی  ایم بی بی ایس کا حوالہ دیتے ہوئے  راج ٹھاکرے کا نام لئے بغیر انہیں  نشانہ بنایا  اور کہا کہ اس فلم میں ہیرو کو یہ گمان ہو جاتا ہے کہ اسے باپو نظر آتے ہیں آخر میں اسے پتہ چلتا ہے کہ اس کے دماغ میں ’ کیمیکل لوچا‘  ہے۔  اسی طرح ایک شخص کو  گمان ہوگیاہے کہ  اسے بالا صاحب ٹھاکرے دکھائی  دیتے ہیں ۔ایسے پاگل کو گھومنے دو اس پر توجہ مت دو۔
بی ایم سی کی تعریف ، عوام کا شکریہ
    ادھو نے    بی ایم سی کی تعریف کی اور بتایا کہ یہ ملک کی واحد میونسپل کارپوریشن ہے جو ۸؍ زبانوں میں تعلیم دیتی ہے۔   لاؤڈ اسپیکر اور ہنومان چالیسا کا پاٹھ کرنے کے بہانے ماحول خراب کرنے کی کوششوں کوناکام بنانے پر ادھو ٹھاکرے نے مہاراشٹر کے عوام کا شکریہ ادا کیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK