• Sun, 13 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

اُدھو کا شندے کو الیکشن کروانے کا چیلنج

Updated: May 13, 2023, 10:46 AM IST | Mumbai

سابق وزیر اعلیٰ نےپوچھا کہ کیا شندے اور فرنویس اخلاقی بنیاد پراستعفیٰ دینے کی ہمت کرینگے، اسپیکر کے اقدام پر نظر رکھنے کا اعلان

Former Chief Minister Uddhav Thackeray addressing the press conference.(PTI)
سابق وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ۔(پی ٹی آئی )

شیو سینا تنازع پر سپریم کورٹ  سے  اخلاقی فتح حاصل کرنے کے بعدسابق وزیر اعلیٰ اور شیو سینا سربراہ ادھو ٹھاکرے   نے نہایت پُرجوش انداز میںوزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے اور بی جے پی کو چیلنج دیا ہے کہ اگر ان میں ہمت ہے تو  وہ فوری طور پر الیکشن کروائیں۔ اس سے سبھی کو اپنی اپنی حیثیت معلوم ہو جائے گی۔ ادھو ٹھاکرے نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے دوسرے دن میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے شندے اور فرنویس حکومت پر شدید تنقیدیں کیں اور کہا کہ’’گزشتہ روز سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں جو کچھ بھی کہا ہے وہ  شندے سرکار کے لئے تازیانہ ہے۔ اگر ان میں معمولی سی بھی اخلاقیات باقی ہیں تو انہیں استعفیٰ دے دینا چاہئے اور دوبارہ الیکشن کا سامنا کرنا چاہئے۔ جمہوریت میں عوام ہی سب سے بڑا فیصلہ ہوتے ہیں۔وہ جسےبھی منتخب کریں گے اس سے واضح ہو جائے گا کہ کون درست تھا اور کس نے اصل غداری کی ہے۔‘‘
 ادھو ٹھاکرے نے میڈیا کے مختلف سوالوں کے جواب اعتماد کے ساتھ دئیے اور وزیر اعظم مودی سے بھی اپیل کی کہ اگر وہ واقعی اعلیٰ اخلاقی قدروں کے حامل ہیں اور چاہتے ہیں کہ سیاست میں تھوڑی بہت اخلاقیات باقی رہیں تو انہیں چاہئے کہ وہ  اپنی پارٹی کے لیڈروں کو استعفیٰ دینے پر آمادہ کریں اور شندے حکومت سے حمایت واپس لیں۔ انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر میں انتخابات ہی اس مسئلے کا حل ہیں کیوں کہ جب تک عوامی فیصلہ نہیں آئے گا شندے حکومت اسی طرح سے غداری کا ’ٹیگ ‘ لے کر گھومتی رہے گی۔ ہم  الیکشن میں اترنے کے لئے تیار ہیں  اور چاہتے ہیں کہ ایکناتھ شندے بھی  اپنا فیصلہ عوام کے ہاتھوں میں دے دیں۔ جو فیصلہ عوام کریں گے ہم اسے ماننے کے لئے بھی تیار ہیںلیکن کیا یہی بات شندے اور فرنویس کہہ سکتے ہیں؟ انہوں نے دونوں لیڈران کو مہاراشٹر کے عوام کا فیصلہ ’چرانے والا ‘ قرار دیا اور کہاکہ ان دونوںنے ملی بھگت کے ذریعے ایک منتخبہ حکومت کو گرایا ہے۔ اس کی سزا انہیں عوام بھی دینے کو تیار بیٹھے ہیں اسی لئے یہ کل بھی کہہ رہے تھے کہ شندے حکومت نہیں گرے گی کیوں کہ انہیں عوام کے درمیان جانے میں خوف محسوس ہو رہا ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم مودی سے ایک مرتبہ پھر اپیل کی کہ وہ مہاراشٹر میں فوری طور پر الیکشن کروانے کی ہمت دکھائیں تاکہ یہ درمیان کا تذبذب ختم ہو۔ 
 ادھو ٹھاکرے  نے اس دوران سپریم کورٹ کے فیصلے میں اسپیکر کے تعلق  سےکئے گئے تبصرہ اور اسپیکر کو دی گئی ہدایت پر کہا کہ ہم اسپیکر کے اقدامات پر نظر رکھ رہے ہیں۔ وہ کب او ر کیا کریں گے ہماری پارٹی کے لیڈر جانتے ہیں ۔  ادھو  کے مطابق فی الحال اسپیکر راہل نارویکر ملک سے باہر گئے ہوئے ہیں لیکن جیسے ہی وہ واپس آئیں گے ہم ان سے مطالبہ کریں گے کہ وہ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق ایکناتھ شندے سمیت  ۱۶؍ اراکین اسمبلی کی  نااہلی کی درخواست پر کارروائی کریں۔ ادھو ٹھاکرے نے اعلان کیا کہ اس کارروائی پر بھی ہماری نظر ہو گی اور اگر انہوں نے قانون کے خلاف ایک قدم بھی اٹھایا تو ہم فوری طور پر سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے ۔  ادھو ٹھاکرے نے شیو سینا تنازع کیلئے سپریم کورٹ کی جانب سے’قصوروار ‘ ٹھہرائے گئے سابق گورنربھگت سنگھ کوشیاری پر بھی تنقید کی اور مطالبہ کیا کہ ان کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہئے تاکہ آئندہ کوئی گورنر ایسا نہ کرے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK