• Fri, 04 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

نئی دہلی میں اُدھو ٹھاکرے کی کھرگے، راہل گاندھی اور وینوگوپال کے ساتھ میٹنگ

Updated: August 08, 2024, 10:13 AM IST | New Delhi

آج سونیا گاندھی اور انڈیا اتحاد کےکئی دیگر لیڈروں سے ملاقات متوقع، مہاراشٹر میں اسمبلی الیکشن کیلئے سیٹوں کی تقسیم پر بات چیت کا امکان

Uddhav Thackeray with Kharge, Rahul and KC Venugopal in Delhi. (PTI)
اُدھو ٹھاکرے دہلی میں کھرگے، راہل اور کے سی وینوگوپال کے ساتھ۔( پی ٹی آئی)

 مہاراشٹر  کے سابق  وزیراعلیٰ  اُدھو ٹھاکرے  جو منگل سے  دہلی کے سہ روزہ دورہ پر ہیں، نے بدھ کو کانگریس صدر ملکارجن کھرگے، لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی،  کانگریس کے جنرل سیکریٹری  کےسی وینو گوپال  اور انڈیا اتحاد کے دیگر کئی لیڈروں کے ساتھ ملاقاتیں  کیں۔ وہ جمعرات کو بھی دہلی میں رہیں گے جہاں   ان کی ملاقات سونیاگاندھی سے بھی  ہونے کی امید ہے۔قیاس کیا جارہا ہے کہ اس دورہ میں مہاراشٹر اسمبلی الیکشن کیلئے  مہاوکاس اگھاڑی (ایم وی اے)  کے اتحادیوں  میں سیٹوں کی تقسیم  پر گفتگو کی گئی ہے۔
  میٹنگ کے بعد نامہ نگاروں  کے اس سوال پر کہ کیا وہ مہاراشٹر اسمبلی الیکشن میں اپوزیشن کی جانب سے وزارت اعلیٰ کے امیدوار ہوںگے، اُدھو ٹھاکرے نے جواب دیا کہ یہ  انڈیا اتحاد کے لیڈروں  کو طے کرنا ہے۔ا نہوں نے اشارہ دیا کہ وہ اس ذمہ داری کو اٹھانے کیلئے آمادہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’میں وزیراعلیٰ بننے کا خواب نہیں دیکھ رہا، نہ ہی میری خواہش ہے مگر میں ذمہ داری سے بھاگنے والوں   میں سے بھی نہیں ہوں۔‘‘   بدھ کو کانگریس کی اعلیٰ قیادت کے ساتھ میٹنگ میں اُدھو کے ساتھ ان کے فرزند آدتیہ ٹھاکرے اور رکن پارلیمان سنجے راؤت بھی تھے۔ میٹنگ کے بعد کھرگے نے کہا کہ ’’مہاراشٹر کے کسان اور نوجوان  ریاست کی بی  جےپی حکومت سے تنگ آچکے ہیں۔ وہ  تبدیلی چاہتے ہیں۔‘‘ اُدھو ٹھاکرے  نے دہلی میں قیام کے دوران ٹی ایم سی لیڈر ڈیرک او برائن، آپ کے لیڈر سنجے سنگھ، سماجوادی پارٹی کے آدتیہ یادو اور دیگر سے ملاقاتیں کیں۔ جمعرات کو سونیا گاندھی  کے ساتھ ان کی میٹنگ طے ہے جبکہ صبح ناشتے پر راجیہ سبھا کے چیئر مین جگدیپ دھنکڑ نے انہیں اپنی رہائش گاہ پر  مدعو کیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK