• Fri, 18 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

برطانیہ: شہزادی ڈیانا کی موت پر کنگ چارلس خوش تھے، ارل اسپینسر کا دعویٰ

Updated: September 18, 2026, 9:03 PM IST | London

شہزادی ڈیانا کے بھائی ارل اسپینسر نے اپنی نئی یادداشتوں میں دعویٰ کیا ہے کہ ۱۹۹۷ء میں ڈیانا کی موت کے بعد فون پر کنگ چارلس کی آواز ’’لاٹری جیتنے والے شخص‘‘ جیسی محسوس ہوئی۔ بکنگھم پیلس نے اس بیان کی ساکھ پر سوال اٹھایا، جبکہ سابق شاہی ترجمان نے اسے ’’بکواس‘‘ قرار دیا ہے۔

Earl Spencer, Princess Diana, and King Charles. Photo: X
ایرل اسپنسر، شہزادی ڈیانا اور کنگ چارلس۔ تصویر: ایکس

شہزادی ڈیانا کے بھائی ارل اسپینسر نے دعویٰ کیا ہے کہ ۱۹۹۷ء میں اپنی بہن کی موت کے بعد کنگ چارلس نے جب انہیں فون کیا تو ان کی آواز ’’بے حد خوشی سے بھری ہوئی‘‘ محسوس ہو رہی تھی۔ ڈیانا پر لکھی گئی اپنی متنازع یادداشتوں میں اسپینسر نے الزام عائد کیا ہے کہ اس وقت کے شہزادہ چارلس کی آواز ایسی تھی جیسے کوئی شخص لاٹری جیتنے کے بعد بات کر رہا ہو۔ بدھ کے روز بکنگھم پیلس نے کتاب کے مندرجات کی ساکھ پر سخت سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ بادشاہ غم کے اثرات سے متعلق انسانی کمزوریوں کو سمجھتے ہیں۔ محل کے ترجمان نے کہا، ’’ہم اصولی طور پر کتابوں پر تبصرہ نہیں کرتے، تاہم بادشاہ اس بات سے واقف ہیں کہ قریبی رشتے دار کے غم کا درد انسان کی سوچ، فیصلوں اور یادداشت کو ایسے طریقے سے متاثر کر سکتا ہے جسے دوسرے لوگ، حتیٰ کہ کئی برس بعد بھی، سمجھ نہیں پاتے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: پنک کو یونیسیف سفیر کے عہدے سے ہٹانے کی پٹیشن پر ۶۰؍ ہزار دستخط

ڈیلی میل میں شائع ہونے والے اقتباسات کے مطابق، ارل اسپینسر کو ۳۱؍ اگست ۱۹۹۷ء کو جنوبی افریقہ کے شہر کیپ ٹاؤن میں اپنی بہن جین کی فون کال کے ذریعے کار حادثے کی اطلاع ملی۔ بعد کی فون کالز میں ڈیانا کی موت کی تصدیق ہوئی۔ اسی دوران شہزادہ چارلس نے بھی انہیں فون کیا۔ اسپینسر نے اپنی کتاب میں لکھا کہ دیگر فون کرنے والوں کی آوازیں صدمے سے بھری ہوئی تھیں اور وہ تعزیت یا مدد کی پیشکش بھی مشکل سے کر پا رہے تھے، لیکن چارلس کی آواز ’’بے حد خوشی سے سرشار، جیسے لاٹری جیتنے والے شخص کی ہو‘‘ محسوس ہوئی۔ ان کے مطابق چارلس نے بتایا کہ انہوں نے ڈیانا کی موت کی خبر اپنے بیٹوں ولیم اور ہیری کو صبح سویرے بالمورل میں ان کے کمروں میں دی تھی۔ چارلس اور ڈیانا کی طلاق اگست ۱۹۹۶ء میں ہوئی تھی۔

یہ بھی پڑھئے: ہندوستان میں تعلیمی آزادی شدید طور پرمحدود، حکومت کے اثر ورسوخ میں اضافہ: رپورٹ

ارل اسپینسر کی یادداشتوں کی کتاب (Swan Song: Diana, My Sister) اگلے ہفتے شائع ہونے والی ہے۔ کتاب میں اسپینسر نے ڈیانا کی ازدواجی زندگی کو بھی انتہائی مشکل قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ڈیانا کے ایک دوست نے انہیں بتایا تھا کہ جولائی ۱۹۸۱ء میں شادی سے ایک روز قبل چارلس نے کہا تھا کہ وہ ڈیانا سے شادی پر خوش ہیں، لیکن ’’حقیقت میں ان سے محبت نہیں کرتے‘‘۔ سابق ملکہ ایلزبتھ دوم کے پریس سیکریٹری ڈکی آربیٹر نے ان دعوؤں کو ’’بکواس‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ چارلس اس وقت ’’تباہ حال‘‘ تھے اور ایسی باتیں ان کی شخصیت سے مطابقت نہیں رکھتیں۔ شاہی امور کی مبصر جینی بونڈ نے بھی اسپینسر کی یادداشت کو ’’انتہائی انتقامی انداز‘‘ کا حامل قرار دیا، تاہم کہا کہ یہ ان کی یادداشت ہو سکتی ہے، مگر ہر گفتگو کے عموماً دو پہلو ہوتے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: برطانیہ: شہزادی ڈائنا کے بھائی کی کتاب میں سنسنی خیز دعوؤں پر تنازع، شاہی خاندان کے ساتھ لفظی جھڑپیں

دریں اثنا، شہزادہ ہیری نے گرین وچ میں منعقدہ پہلے انوِکٹس اسپرٹ ایوارڈز میں شرکت کی، جہاں انہوں نے فاتحین اور نامزد افراد سے ملاقات کی اور خطاب کیا۔ ان کی اہلیہ میگھن تقریب میں شریک نہیں ہوئیں۔ اسی روز کنگ چارلس نے آئرشائر میں مصنوعی ذہانت سے متعلق ایک اجلاس کی میزبانی کی اور ٹیکنالوجی کے غلط ہاتھوں میں جانے کے ’’وجودی خطرات‘‘ سے خبردار کیا۔ شہزادہ ولیم اور شہزادی کیتھرین نے اسکاٹ لینڈ کے آئل آف بیوٹ میں ساحل کی صفائی کی مہم میں حصہ لیا اور مقامی لوگوں سے ملاقات کی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK