Inquilab Logo Happiest Places to Work

اوما بھارتی نے بی جے پی کی مشکلیں بڑھائیں، مودی کے دورہ سے قبل او بی سی ریزرویشن کا مطالبہ دُہرایا

Updated: September 26, 2023, 7:42 AM IST | Agency | Bhopal

زعفرانی پارٹی کی خاتون لیڈر نے وزیراعظم مودی کو غریبوں اور پسماندہ طبقات کا مسیحا قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ مدھیہ پردیش اور راجستھان کے دورے پر اوبی سی خواتین کے ریزرویشن پر ’مثبت‘ اشارہ دیں گے۔

Senior BJP leader Uma Bharti. Photo. INN
بی جے پی کی سینئر لیڈر اوما بھارتی۔ تصویر:آئی این این

مدھیہ پردیش کے اسمبلی انتخابات میں بی جےپی کو صرف کانگریس اور جیوترادتیہ سندھیا کے حامیوں سے مزاحمت کا سامنا نہیں ہے بلکہ اوما بھارتی کے سخت تیوروں کا بھی سامنا ہے۔ وزیراعظم مودی پیر کو مدھیہ پردیش اور راجستھان دورے پر تھے، لیکن اس سے قبل ہی اوما بھارتی نے اوبی سی ریزرویشن سے متعلق ایک  بیان دے کر بی جے پی کو ’دھرم سنکٹ‘ میں مبتلا کردیا ہے۔
خیال رہے کہ اوما بھارتی گزشتہ کچھ دنوں سےخواتین ریزرویشن بل کے حوالے سے مسلسل آوازبلند کررہی ہیں اور اس کی وجہ سے بی جے پی کو بھی کٹہرے میں کھڑی کررہی ہیں۔ ان کا مطالبہ ہے کہ حکومت اس بل میں او بی سی ریزرویشن کو بھی شامل کرے۔ اس معاملے پر انہیں اپوزیشن کی حمایت بھی مل رہی ہے۔ ’ایکس‘ پرایک پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ ’’بھوپال کی سرزمین پر وزیر اعظم نریندر مودی کا استقبال ہے۔ وہ غریبوں اور پسماندہ طبقات کے مسیحا ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ وہ خواتین  ریزرویشن میں او بی سی کی شمولیت پر مثبت اشارہ دیں گے۔‘‘
اس سے قبل سابق وزیر اعلیٰ اوما بھارتی نے وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر خواتین ریزرویشن بل پر اپنی رائے کا اظہار کیا تھا۔ انہوں نے مطالبہ کیا تھا کہ خواتین کیلئے۳۳؍ فیصد مخصوص نشستوں میں سے۵۰؍ فیصد نشستوں کو ایس ٹی، ایس سی اور او بی سی خواتین کیلئے مختص کیا جائے۔‘‘ وزیراعظم کے نام اپنے خط میں  انہوں نےمرکز کے فیصلے کی تعریف بھی کی تھی۔ انہوں  نے کہا تھا کہ یہ قدم ملک کی خواتین کیلئے خوشی کی بات ہے لیکن اسی کے ساتھ یہ بھی کہا تھا کہ جب تک او بی سی خواتین کو اس میں شامل نہیں کیا جاتا، انصاف نہیں ہوگا۔
خود کو او بی سی لیڈر ماننے والی اوما بھارتی نے اس موضوع پر دو دن قبل او بی سی سے تعلق رکھنے والے لیڈروں کی ایک میٹنگ بھی بلائی تھی۔ اس میٹنگ میں انہوں نے اسے ایک اچھا قدم قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ خواتین کو۳۳؍ فیصد ریزرویشن دینا بہت اچھی بات  ہے، لیکن ان کا خیال ہے کہ او بی سی زمرہ کی خواتین کو بھی اس قانون میں ریزرویشن ملنا چاہئے۔ انہوں نے  یہ بھی کہا تھا کہ ملک میں او بی سی سے تعلق رکھنے والوں کی آبادی تقریباً۶۰؍ فیصد ہے،اسلئے اس طبقے کی سماجی اور معاشی ترقی بھی ضروری ہے۔ کہا جاتا ہے کہ اس میٹنگ میں موجود لیڈروں نے اوما بھارتی کا ساتھ دینے کی بات کہی تھی۔ یہی سبب ہے کہ پیر کو مودی کے دورے سے قبل انہوں نے ایک بار پھر یہ معاملہ اٹھایا۔
اومابھارتی نے وزیراعظم کے نام اپنے خط میں یاد دلایا تھا کہ اُس وقت کے وزیر اعظم دیوے گوڑا نے ۱۹۹۶ء میں جب ایوان میں خواتین کیلئے ریزرویشن کا  بل پیش کیا تھا تو انہوں نے اس بل میں ایک ترمیم پیش کی تھی۔ انہوں نے کہا تھا کہ ’’میں  اُس وقت پارلیمنٹ کی رکن تھی۔ میں فوراً کھڑی ہوگئی اور اس بل میں ترمیم پیش کی جس پر نصف سے زیادہ ایوان نے میری حمایت کی۔ دیوے گوڑا نے بھی ترمیم کو قبول کر لیا تھا اور اسے  اسٹینڈنگ کمیٹی کے سپرد کرنے کا اعلان کیا تھا۔ مذکورہ خط میں انہوں نے یہ بھی یاد دلایا کہ اجلاس ختم ہونےسے قبل ایوان میں کافی ہنگامہ ہوا تھا۔اس کے بعد جب وہ ایوان کے کوریڈور میں آئیں تو اُن کی پارٹی کے ہی کئی  اراکین پارلیمان نے ان پر ناراضگی کااظہار کیا لیکن اٹل بہاری واجپئی نے اُن کی بات غور سے سنی تھی اور ان کی ہمت بندھائی تھی۔انہوں نے لکھا تھا کہ سخت سیاسی مخالفین ہونے  کے باوجود، ملائم سنگھ یادو، لالو یادو اور ان کی پارٹی کے تمام  اراکین پارلیمان نے ان کے ترمیم کے مطالبے کی حمایت کی تھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK