• Mon, 29 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اقوام متحدہ نے ایران پر جوہری معاہدے کی خلاف ورزی پر دوبارہ پابندیاں عائد کردیں

Updated: September 28, 2025, 2:57 PM IST | Dubai

اقوام متحدہ نے ایران کے جوہری پروگرام کے سلسلے میں اتوار کی صبح دوبارہ اس پر پابندیاں عائد کر دیں جس کے بعد پہلے سے ہی مشکلات کا شکار ملک کے عوام کی مستقبل کے حوالے سے تشویش مزید بڑھ گئی ہے۔

Scene from a meeting at the United Nations. Photo: INN
اقوام متحدہ میں اجلاس کا منظر۔ تصویر: آئی این این

اقوام متحدہ نے ایران کے جوہری پروگرام کے سلسلے میں اتوار کی صبح دوبارہ اس پر پابندیاں عائد کر دیں جس کے بعد پہلے سے ہی مشکلات کا شکار ملک کے عوام کی مستقبل کے حوالے سے تشویش مزید بڑھ گئی ہے۔ اقوام متحدہ میں آخری وقت کی سفارتی کوششیں ناکام ہونے کے بعد اتوار کو ایران پر پابندیاں نافذ ہو گئیں۔ ایران پر اب کئی طرح کی پابندیاں عائد ہوں گی جن میں بیرونِ ملک جائیدادوں پر روک، اسلحہ کے سودوں پر پابندی اور بیلسٹک میزائل پروگرام کو آگے بڑھانے پر جرمانہ شامل ہے۔ یہ پابندیاں ایسے وقت میں عائد کی گئی ہیں جب ایران سنگین اقتصادی بحران سے گزر رہا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: ایران نے، برطانیہ، فرانس اور جرمنی سے اپنے سفیر واپس بلالئے

ایرانی کرنسی ریال انتہائی نچلی سطح پر پہنچ گئی ہے، غذائی اجناس کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں اور روزمرہ کی زندگی مزید دشوار ہو گئی ہے۔ ایک شہری ’’سینا‘‘ نے کہا کہ ملک نے کبھی ایسے مشکل دور کا سامنا نہیں کیا، حتیٰ کہ ۱۹۸۰ء کی دہائی کی ایران۔ عراق جنگ اور اس کے بعد دہائیوں تک عائد پابندیوں کے دوران بھی نہیں۔ سینا نے ’اسوسی ایٹڈ پریس‘ سے گفتگو میں کہا، ’’ہم معاشی تنگی سے گزر رہے ہیں اور ہر سال حالات مزید خراب ہوتے جا رہے ہیں۔ ہمارے خواب ٹوٹ چکے ہیں۔ ‘‘ تہران کی ایک کریانہ دکان پر ’’سیما تقہاوی‘‘ نامی خاتون نے کہا، ’’ہر دن پنیر، دودھ اور مکھن کی قیمت بڑھ جاتی ہے۔ ‘‘ جون میں جنگ کے بعد ہی ایران میں غذائی اجناس کی قیمتوں میں اضافہ ہونا شروع ہو گیا تھا، جس سے پہلے ہی مہنگا گوشت غریب خاندانوں کی پہنچ سے باہر ہو گیا۔ ایرانی حکومت نے جون میں سالانہ مہنگائی کی شرح ۵ء۳۴؍فیصد بتائی، جبکہ شماریات مرکز نے کہا کہ اسی مدت میں ضروری غذائی اجناس کی قیمتوں میں ۵۰؍ فیصد سے زیادہ کا اضافہ ہوا۔ صرف ایک سال میں پھلیوں کی قیمت تین گنا بڑھ گئی، مکھن تقریباً دگنا ہو گیا۔ چاول جو ایک بنیادی غذائی شے ہے، اس کی قیمت اوسطاً۸۰؍ فیصد سے زیادہ بڑھ گئی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK