• Mon, 29 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایشیاکپ : ہندوستانی ٹیم نے پاکستان کو فائنل میں دھول چٹائی

Updated: September 29, 2025, 12:26 AM IST | Dubai

ایشیا کپ کے فائنل میں اتوار کو ہندوستانی ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے روایتی حریف پاکستان کو شکست دے دی۔ ہندوستانی ٹیم نے پاکستان کو ۵؍وکٹ سے شکست دے کر ریکارڈ ۹؍ویں مرتبہ خطاب جیت لیا۔

Tilak Verma.Photo:PTI
تلک ورما۔ تصویر:پی ٹی آئی

ایشیا کپ کے فائنل میں اتوار کو ہندوستانی ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے روایتی حریف پاکستان کو شکست دے دی۔ ہندوستانی ٹیم نے پاکستان کو ۵؍وکٹ سے شکست دے کر ریکارڈ ۹؍ویں مرتبہ خطاب جیت لیا۔پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے ۱ء۱۹؍اوور میں ۱۴۶؍رن بنائے، جس کے جواب میں ہندوستانی ٹیم نے ۴ء۱۹؍اوور میں ۵؍وکٹ کے نقصان پر ۱۵۰؍رن بناکر میچ جیت لیا۔ اس ایشیاکپ میں ہندوستان نے پاکستان کو تیسری مرتبہ شکست دی۔

یہ بھی پڑھئے:ایٹلیٹیکو میڈرڈ فٹبال کلب نے ریئل میڈرڈ کو دبوچا


۱۴۷؍رن کا ہدف حاصل کرنے اتری ہندوستانی ٹیم کا آغاز اچھا نہیں رہا۔ اس کے اسٹار بلے باز ابھیشیک شرما پاکستان کے سامنے جلد آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے ۵؍رن بنائے۔ شبھ من گل بھی ۱۲؍ رن کا تعاون دے کر پویلین لوٹ گئے۔ کپتان سوریہ کمار یادو ایک بار پھر ناکام ہے اور ایک رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔ اس کے تلک ورما اور سنجو سیمسن نے اننگز کو سنبھالا اور ٹیم کو فتح کے قریب تک پہنچایا۔ سنجو ۲۴؍رن بناکر آؤٹ ہوگئے۔ ان کے بعد شیوم دوبے نے محاذ سنبھالا اور اننگز کو آگے بڑھایا۔لیکن وہ بھی ٹیم کے ۱۳۷؍ رن کے اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ پویلین لوٹنے سے پہلے انہوں نے ۳۳؍رن کا تعاون کیا۔ تلک ورما دوسرے کنارے پر ڈٹے رہے اور انہوں نے ٹیم کو فتح کی منزل تک پہنچادیا۔ رنکو سنگھ نے ناٹ آؤٹ ۴؍رن بنائے اور تلک ورمانے نے ناٹ آؤٹ ۶۹؍رن بنائے۔ انہوں نے ۵۳؍گیندوں کا سامنا کیا اور ۳؍ چوکے اور ۴؍چھکے لگائے۔ پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف نے ۳؍وکٹ لئے۔ شاہین آفریدی اور ابرار احمد نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ 
اس سے قبل کلدیپ یادو (۴؍ وکٹ)، ورون چکرورتی، اکشر پٹیل، اور جسپریت بمراہ (۲۔۲؍ وکٹ) کی شاندار گیند بازی کی بدولت ہندوستان نے اتوار کو ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان کو۱ء۱۹؍ اوور میں۱۴۶؍ رن  پر ڈھیر کردیا۔
ہندوستانی کپتان سوریہ کمار یادو نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کرنے اتری پاکستان کو صاحبزادہ فرحان اور فخر زمان نے ٹھوس آغاز فراہم کیا۔ دونوں بلے بازوں نے پہلے وکٹ کے لیے۸۴؍ رن جوڑے۔ ایک موقع پر، ایسا لگ رہا تھا کہ پاکستان ایک بڑااسکور کھڑا کرے گا۔ ورون چکرورتی نے۱۰؍ویں اوور میں صاحبزادہ فرحان کو آؤٹ کر کے اس شراکت کا خاتمہ کیا۔ فرحان نے۳۸؍ گیندوں پر ۵؍ چوکوں اور ۳؍ چھکوں کی مدد سے۵۷؍ رن بنائے۔ اس کے بعد کلدیپ یادو نے ۱۳؍ویں اوور میں صائم ایوب(۱۴؍رن) کو آؤٹ کرکے پویلین بھیج دیا۔ محمد حارث (صفر) کو اکشر پٹیل نے آؤٹ کیا۔ پاکستان کی چوتھا وکٹ۱۵؍ویں اوور میں فخر زمان کی شکل میں گرا۔ انہیں ورون چکرورتی نے کلدیپ یادو کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروایا ۔ فخر زمان نے۳۵؍ گیندوں پر ۲؍ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے۴۶؍ رن بنائے۔
اس کے بعد پاکستان کے مڈل آرڈر اور ٹیلنڈرس ہندوستانی بولنگ  اٹیک کے سامنے یکے بعد دیگرے پویلین لوٹنے لگے۔۲۰؍ویں اوور کی پہلی گیند پر بمراہ نے محمد نواز (۶) کو رنکو سنگھ کے ہاتھوں کیچ کراتے ہوئے پاکستان کی اننگز۱۴۶؍رن  کے اسکور پر ختم کر دی۔۸؍ پاکستانی بلے باز ڈبل فیگر تک بھی نہ پہنچ سکے۔ ہندوستان کے لیے کلدیپ یادو نے چار اوور میں۳۰؍ رن دے کر ۴؍ وکٹ حاصل کئے۔ اکشر پٹیل، ورون چکرورتی اور جسپریت بمراہ نے دو دو بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK