Inquilab Logo

زیر زمین میٹرو ۳: پہلا مرحلہ شروع کرنے کی تاریخ تبدیل ہونے کا خدشہ

Updated: December 03, 2023, 9:13 AM IST | Mumbai

ٹرینوں کی حتمی جانچ اب تک باقی۔ بی کے سی پر ودیا نگری اسٹیشن کے تعمیراتی کام کیلئے نیو لنک روڈ اور شاردا دیوی مارگ ۲۴؍ گھنٹوں کیلئے بندرہیں گے

Tunnels have also been built for Metro-3. (File Photo)
میٹرو ۔۳؍کیلئے ٹنل بھی بنائے گئے ہیں۔(فائل فوٹو)

زیر زمین میٹرو ۳؍ کو دسمبر ۲۰۲۳ء میں شروع کئے جانے کا اعلان وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کیا ہے لیکن اس راستے پر چلنے والی ٹرینوں کی حتمی جانچ وقت پر نہیں ہو سکی ہے جس کی وجہ سے اس لائن کے اس ماہ شروع ہونے کی تاریخ تبدیل ہونے کی نوبت آگئی ہے۔ اس دوران بی کے سی میں زیر زمین ودیا نگری اسٹیشن تعمیر کرنے کیلئے محکمہ ٹریفک نے ۲۴؍ گھنٹوں کیلئے ویسٹرن ایکسپریس ہائی وے سے بی کے سی جانے والی ۲؍ سڑکوں کو بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
 واضح رہے کہ میٹرو ۳؍ کا پہلا مرحلہ آرے کالونی سے باندرہ کرلا کمپلکس (بی کے سی) کے درمیان ہوگا جس میں ۱۰؍ اسٹیشن ابتداء میں شروع کئے جائیں گے۔ پہلے مرحلے میں خدمات شروع کرنے کیلئے ۸؍ ڈبوں کی ۹؍ ٹرینوں کی ضرورت بتائی گئی تھی اور یہ تمام ٹرینیں آرے میں واقع کار شیڈ پہنچ چکی ہیں۔ ان ٹرینوں کے تمام ۷۲؍ ڈبے ایلسٹام کمپنی کے ذریعہ آندھرا پردیش میں تیار کئے گئے ہیں۔میٹرو ۳؍ کے ہر ڈبے میں تقریباً ۳۰۰؍ مسافروں اور پوری ٹرین میں ۲۴۰۰؍ سے ۲۶۰۰؍ مسافروں کیلئے سفر کی جگہ دستیاب رہے گی۔ یہ ٹرینیں مسافروں کو لے کر ۷۵؍ کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلائی جاسکیں گی۔
 البتہ مسافروں کے استعمال کیلئے شروع کئے جانے سے قبل حتی الامکان تیز رفتار سے چلا کر ان کی جانچ کی جاتی ہے اور صحیح سلامت اور ہر اعتبار سے محفوظ پائے جانے پر ان کو چلانے کی اجازت دی جاتی ہے۔ اب تک ان ٹرینوں کی یہ جانچ باقی ہے اور جانچ کے بغیر ان ٹرینوں کو عوام کیلئے شروع نہیں کیا جاسکتا۔
۲؍ سڑکیں ۲۴؍ گھنٹوں کیلئے بند
 محکمہ ٹریفک نے جمعہ کو پریس ریلیز جاری کر کے یہ اعلان کیا ہے کہ میٹرو لائن ۳؍ کے ’سی پیکیج‘ کا کام جاری ہے۔ اس پیکیج میں باندرہ کے نیو لنک روڈ پر واقع سورگ در شمشان بھومی اور شاردا دیوی مارگ سڑکیں ہنومان بھائو سریدھر بھوسلے چوک پر آکر مل جاتی ہیں۔ مذکورہ دونوں سڑکوں پر ودیا نگری میٹرو اسٹیشن تک جانے کیلئے کچے راستے تیار کئے گئے ہیں۔ البتہ اس اسٹیشن کا کام باقی ہے جسے مکمل کرنے کیلئے ٹریفک پولیس نے نیو لنک روڈ اور شاردا دیوی مارگ کو سنیچر (۲؍ دسمبر) کی شب سے۱۲؍ بجے سے اتوار کی شب (۳؍ دسمبر) ۱۲؍ بجے تک بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
 ڈپٹی پولیس کمشنر راجو بھجبل نے اس کام کیلئے نیو لنک روڈ سے والمیکی نگر اور ویسٹرن ایکسپریس ہائی وے جانے والے راستے اور ویسٹرن ایکسپریس ہائی وے سے بھارت نگر سے ہوتے ہوئے شاردا دیوی روڈ پر جانے والے راستے کو ٹیچرس کالونی بس اسٹاپ پر سے بند کرنے کا حکم دیا ہے۔یہ سڑکیں بند رہنے کے دوران والمیکی نگر ، میٹھی ندی نالا بریج اور کنکیا پیرس سے دائیں مُڑ کر ایکویرا مچھلی مارکیٹ سے دائیں مڑ کر متبادل راستہ اختیار کیا جاسکتا ہے۔ دوسری طرف ٹیچرس کالونی بس اسٹاپ/یو پی ایل ٹاور۔ کارڈینل گریشیس اسکول سے بائیں مڑ کر ایکویرا مچھلی مارکیٹ سے دائیں مڑ کر آگے متبادل راستہ اختیار کیا جاسکتا ہے۔
 وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے اس پہلے مرحلے کو دسمبر ۲۰۲۳ء میں شروع کرنے کا اعلان کیا ہے اور اب تک اس اعلان میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK