Inquilab Logo

یوپی اور مدھیہ پردیش سمیت کئی ریاستوں میں بے موسم بارش، فصلوں کو شدید نقصان

Updated: March 21, 2023, 11:51 PM IST | new Delhi

ژالہ باری سے کسانوں کی کمر ٹوٹی، نقصانات کا اندازہ لگانے کا عمل جاری،یوپی کے کئی اضلاع میں تیز بارش کے ساتھ ہی آندھی کا الرٹ، مدھیہ پردیش کے وزیراعلیٰ نےمتاثرہ علاقوں کا دورہ کیا

The Chief Minister of Madhya Pradesh can be seen inspecting the damaged crops and interacting with the farmers
مدھیہ پردیش کے وزیراعلیٰ کو تباہ شدہ فصلوں کا جائزہ لیتے اور کسانوں سے بات چیت کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے

 بے موسم برسات کی وجہ سے ایک جانب جہاں ملک کی کئی ریاستوں میں فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے ، وہیں کئی ریاستوں پر موسم  خوشگوار ہوگیا ہے اور لوگوں کو وقتی طور پر ہی سہی، گرمی سے راحت مل گئی ہے۔ کئی جگہوں پرژالہ باری بھی ہوئی ہے۔ اس اچانک بارش اور ژالہ باری کی وجہ سے اترپردیش، مدھیہ پردیش، راجستھان ، پنجاب، تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں فصلوں کو کافی نقصان پہنچا ہے۔ مختلف ریاستوں میںضلعی انتظامیہ کی جانب سے نقصانات کا اندازہ لگانے کا عمل جاری ہے۔ اس دوران لکھنؤ میں محکمہ موسمیات نے آندھی کے ساتھ ہی تیز بارش کا الرٹ   جاری کیا ہے۔
اترپردیش کئی اضلاع کیلئے الرٹ
 اطلاعات کے مطابق منگل کو لکھنؤ میں دوپہر کے وقت اور ایودھیا میں  شام کے وقت شدید بارش ہوئی۔ اس دوران تیز ہوائیں بھی چلیں اور کچھ دیر کیلئے آسمان سیاہ ہوگیا۔ لکھنؤ  اور اطراف کے علاقوں میں کئی مقامات پر اولے گرے۔ اچانک تبدیلی سے لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کی وجہ سے کئی مقامات پر ٹریفک جام رہا۔ شہر کے نشیبی علاقوں میں پانی بھر گیا۔ اس سے قبل سہارنپور، میرٹھ، لکھنؤ ، مراد آباد، کانپور اور اناؤ میں صبح کے وقت تیز بارش ہوئی تھی۔ محکمہ موسمیات نے منگل کو ریاست کے۷؍ شہروں میں ’اورینج الرٹ‘  اور۶۵؍ شہروں کیلئے’ یلو الرٹ‘ جاری کیا  ہے۔ اس کے ساتھ ہی مغربی یوپی میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی وارننگ دی گئی ہے۔یوپی کے جن شہروں میں اورینج الرٹ جاری کیا گیا ہے، ان میں شاملی، مظفر نگر، باغپت، میرٹھ، غازی آباد، بجنور اور مراد آباد شامل ہیں۔ ان شہروں میں۵۰؍ سے۶۰؍ کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا اندازہ لگایا گیا ہے۔
کسانوں کو ڈپٹی ڈائریکٹر کی ہدایت
 اطلاع کے مطابق متھرا ضلع میں تیز ہواؤں کے ساتھ دو دنوں سے ہونے والی بارش نے کسانوں کی کمر توڑ دی ہے اور فصل کا بقیہ کام ژالہ باری نے کردیا ہے۔آسمان جس طرح سے بادلوں کی آغوش میں ہے، اس سے مزید بارش کے خدشات ہیں ۔ کئی جگہوں پر کسانوں کی کٹی ہوئی گیہوں کی فصل جہاں پانی میں ڈوب گئی ہے وہیں تیار ہورہی گیہوں اور سرسوں کی فصل کھیت ہی میں گر کر خراب ہو گئی  ہے کیونکہ کھیتوں میں پانی بھر گیا ہے۔ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت رام کمار ماتھر نے تسلیم کیا ہے کہ ژالہ باری کی وجہ سے گیہوں اور سرسوں سمیت دیگر فصلوں کو بھاری نقصان ہوا ہے ۔انہوں نے کسانوں کو مشورہ  دیا ہے کہ وہ کوشش کر کے کھیتوںمیں بھرے پانی کو جلد سے نکالنے کا نظم کریں۔
راجستھان میں فوری سروے کا مطالبہ
 راجستھان میں اجمیر  لوک سیٹ سے رکن  بھاگیرتھ چودھری نے نقصان کی تلافی کیلئے بغیر کسی تاخیر کے خصوصی سروےکرانے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت، وزیر زراعت لال چند کٹاریا اور چیف سیکریٹری اوشا شرما کو الگ الگ خط بھیج کر تباہ شدہ فصلوں کا  سروے کرانے کی مانگ کی ہے۔
شیوراج سنگھ چوہان کا متاثرہ علاقوں کا دورہ
 مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے منگل کو  ودیشا اور ساگر اضلاع کے ژالہ باری سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ وہاں پہنچ کر انہوں نے کسانوں کے نقصان کا اندازہ لگانے کی کوشش کی اور اس دوران انہوں نے کسانوں سے بات چیت بھی کی۔
مرکزی وزیر زراعت کااعتراف
 وزیر زراعت نریندر سنگھ تومر نے منگل کو کہا کہ ملک کے مختلف حصوں میں بے موسم برسات اور اولےپڑنے سے ربیع کی فصلوں کو کافی نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے کسانوں کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے نقصانات کی بھرپائی کی پوری پوری کوشش کی جائے گی ۔
تلنگانہ میں۲۴؍اور۲۵؍مارچ کو بارش کاامکان
 حیدرآباد(ایجنسی): تلنگانہ کے بعض اضلاع میں۲۴؍اور۲۵؍مارچ کو ایک بار پھر بارش کاامکان  ظاہر کیاگیاہے۔محکمہ موسمیات نےکہا ہے کہ کئی اضلاع میںاسی طرح کی صورتحال رہے گی جبکہ آئندہ۵؍دنوں کے دوران تلنگانہ کے چند مقامات پر ہلکی سے اوسط بارش ہوگی۔
تلنگانہ حکومت کا کسانوں کی مدد کا اعلان
 تلنگانہ منصوبہ بندی بورڈ کے نائب صدرنشین ونود کمار نےاعلان کیا ہے کہ حکومت ان کسانوں کی مدد کرے گی جن کی فصلیں بے موسم بارش اورژالہ باری کی وجہ سے متاثر ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے فصلوں کی تباہی کا جائزہ لینے اور نقصانات کااندازہ لگانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

rain Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK