Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’ مرزاحمایت بیگ کو آخر کب تک علاحدہ جیل میں تنہا رکھا جائے گا‘‘

Updated: June 13, 2024, 10:54 PM IST | Pune

جرمن بیکری بم دھماکہ معاملہ کےسزا یافتہ مجرم کی درخواست پر ہائی کورٹ نے جیل انتظامیہ سے جواب طلب کیا

Mirza Himayat
مرزاحمایت

پونے کے جرمن بیکری بم دھماکہ معاملہ  کے واحد سزا یافتہ مجرم مرزا حمایت بیگ نے بامبے ہائی کورٹ میں انتہائی حساس انڈا سیل میں تنہا قید سے نکال کر جنرل بیرک میں رکھے جانے کی درخواست کرتے ہوئے بامبے ہائی کورٹ میں عرضداشت داخل کی تھی جس پر بدھ کو ہائی کورٹ نے جیل انتظامیہ سے جواب طلب کیا ہے کہ آخر عمر قید کی سزا پانے والے مرزاحمایت بیگ کو تنہاعلاحدہ جیل میں کب تک رکھا جائے گا؟
 مرزاحمایت بیگ کو پونے کے جرمن بیکری بم دھماکہ معاملہ میں ملوث ہونے کے جرم میں گرفتار کیا گیا تھا ۔ مرزاحمایت بیگ نے بامبے ہائی کورٹ کی دو رکنی بنچ کے جسٹس ریوتی موہیتے ڈیرے اور جسٹس شیام چنداک کے روبرو تنہا گزشتہ ۱۲؍سال سے انڈا سیل میں رکھے جانے کی اطلاع دیتے ہوئے اپیل کی کہ اسے جنرل بیرک میں منتقل کیا جائے ۔
  واضح رہے کہ حمایت بیگ ناسک سینٹرل جیل کے انڈا سیل  میں گزشتہ ۱۲؍ سال سے قید ہے جہاں ہوا اور روشنی کا گزر برائے نام رہتا ہے ۔  جیل انتظامیہ نے سیکوریٹی کا جواز پیش کرتے ہوئے اسے انڈا سیل میں رکھنے کی اطلاع دی تھی ۔
  دو رکنی بنچ نے جیل انتظامیہ کے پیش کردہ جواز پر جواب طلب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ آخر کب تک کسی مجرم کو ایک ایسے بیرک میں تنہا رکھا جائے گا جہاں ہوا اور روشنی کا گزربسر برائے نام رہتا ہو۔ عدالت بھی سیکوریٹی مسائل کو بخوبی سمجھتی ہے لیکن کیا آپ کو (جیل انتظامیہ)   اس بات کا اندازہ بھی ہے کہ ایک ایسے سیل میں جہاں روشنی اور ہوا کا گزر بھی مشکل ہو ، کیسے کسی کواتنے دنوں تک رکھا جاسکتا ہے اور کتنے دنوںتک اس طرح سے رکھا جاسکتا ہے ۔ حتیٰ کہ جیل انتظامیہ اسے کھانا بھی اسی سیل میں دیتی ہے ۔‘‘ 
 کورٹ نے وکیل استغاثہ پراجکتا شندے کو مخاطب کرتے ہوئے جیل انتظامیہ سے جواب طلب کرنے اور اس ضمن میں ٹھوس حلف نامہ داخل کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت کو ۲۰؍ جون تک کیلئے ملتوی کر دیا ہے ۔
  یا درہے کہ۲۰۱۰ء میں پونے کی جرمن بیکری میں ہونے والے بم دھماکہ جس میں ۱۷؍ افراد ہلاک اور ۶۰؍ سے زائد لوگ زخمی ہوئے تھے ، کی سازش  کے جرم میں تفتیشی ایجنسی نے مرزا حمایت بیگ کو گرفتار کیا تھا جبکہ اس معاملہ میں ۶؍ دیگر ملزموں جس میں یاسین بھٹکل کا نام بھی شامل ہے اور اس پر یہ الزام ہے کہ اسی نے جرمن بیکری میں بم نصب کیا تھا ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK