• Thu, 10 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

یو ایس اوپن :گاف سیمی فائنل میں پہنچیں، زیوریو بھی آخری چار میں

Updated: September 10, 2026, 9:05 PM IST | New York

قزاخستان کی ایلینا ریباکینا اور امریکہ کی کوکو گاف یو ایس اوپن خواتین سنگلز کے سیمی فائنل میں پہنچ گئیں، جبکہ جرمنی کے ٹاپ سیڈ الیگزینڈر زیوریو نے بھی مردوں کے آخری چار میں جگہ بنا لی۔

Alexander Zverev.Photo:X
الیگزینڈر زیوریو-تصویر:ایکس

قزاخستان کی ایلینا ریباکینا اور امریکہ کی کوکو گاف بدھ کو یو ایس اوپن خواتین سنگلز کے سیمی فائنل میں پہنچ گئیں، جبکہ جرمنی کے ٹاپ سیڈ الیگزینڈر زیوریو نے بھی مردوں کے آخری چار میں جگہ بنا لی۔دوسری سیڈ ریباکینا نے چین کی ژینگ کن وین کو۶۔۳، ۱۔۶، ۳۔۶؍ سے شکست دے کر اپنے کریئر میں پہلی مرتبہ یو ایس اوپن کے سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔ ابتدائی دو سیٹ دونوں کھلاڑیوں نے ایک ایک جیتے، جبکہ تیسرے سیٹ میں۳۔۴؍ کے اسکور پر ژینگ بریک کا موقع گنوا بیٹھیں، جس کے بعد ریباکینا نے سروس بریک کرتے ہوئے میچ اپنے نام کرلیا۔ ریباکینا، جو پیر کو عالمی رینکنگ میں نمبر ایک مقام حاصل کرلیں گی، نے کہا کہ ان کی توجہ خطاب جیتنے پر ہے۔

انہوں نے کہاکہ نمبر ایک بننا ایک الگ کامیابی ہے اور میرے خیال میں آپ کی زیادہ توجہ خطاب جیتنے پر ہوتی ہے۔ جہاں تک رینکنگ کی بات ہے تو وہ شاید مل جائے یا نہ ملے۔ یہ اس بات پر منحصر ہے کہ دوسری کھلاڑی کیسی کارکردگی دکھاتی ہیں۔

یہ بھی پڑھئے:ایشان کشن کی قیادت میں ایسٹ زون نے۱۳؍ سال بعد دلیپ ٹرافی جیتی

ریباکینا کا مقابلہ چوتھی سیڈ گاف سے ہوگا، جنہوں نے روس کی فرنچ اوپن چیمپئن مِیرا آندریوا کو۶۔۲، ۲۔۶، ۶۔۷؍ سے شکست دی۔ گاف نے سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے دوسرے سیٹ کے ٹائی بریک میں دو میچ پوائنٹس بچائے۔ گاف نے کہاکہ اور کبھی کبھی آپ کو صرف ایک موقع کی ضرورت ہوتی ہے، اور مجھے لگتا ہے کہ آج مجھے اپنے مواقع ملے۔ میں دوسرا سیٹ نہ ہارنے کے لیے پوری طرح پرعزم تھی، کیونکہ مجھے لگا کہ مواقع حاصل کرنے کے لیے میں نے بہت محنت کی تھی اور انہیں گنوانا نہیں چاہتی تھی۔ 
۲۰۰۹ء میں ومبلڈن کے بعد پہلی بار کسی گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ میں تمام چار ٹاپ سیڈ کھلاڑی سیمی فائنل میں پہنچے ہیں۔ دیگر دو کھلاڑی بیلاروس کی آرینا سبالینکا اور امریکہ کی جیسیکا پیگولا ہیں۔مردوں کے زمرے میں زیوریو نے نیدرلینڈز کے بوٹک فان ڈی زینڈشُلپ کو۲۔۶، ۵۔۷، ۱۔۶؍سے شکست دے کر اگلے مرحلے میں جگہ بنائی۔ سیمی فائنل میں ان کا مقابلہ روس کے کیرن خاچانوف سے ہوگا، کیونکہ بلجیم  کے ۲۸؍ویں سیڈ الیگزینڈر بلاکس۲۔۶، ۵۔۷، ۲۔۳؍ سے پیچھے رہنے کے دوران انجری کے باعث میچ سے دستبردار ہوگئے۔

یہ بھی پڑھئے:اے آر رحمان نے نیٹ فلکس کی ’ ’بیسٹ آف دی بیسٹ‘‘کیلئے گانا کمپوز کیا

زیوریو نے کہاکہ پورے ٹورنامنٹ کے دوران میں نے اپنی کارکردگی میں بہتری لانا شروع کی اور یہاں سیمی فائنل میں پہنچ کر بہت خوش ہوں لیکن ظاہر ہے کہ میں مزید آگے بڑھنا چاہتا ہوں۔  زیوریو رواں سال چاروں گرینڈ سلیم ٹورنامنٹس کے سیمی فائنل میں پہنچ چکے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK