Inquilab Logo Happiest Places to Work

اپوزیشن پارٹیوں کا’ غیر معمولی‘ احتجاج

Updated: July 26, 2025, 8:19 AM IST | New Delhi

پارلیمنٹ کے احاطہ میں ووٹر لسٹ نظر ثانی مہم کے پوسٹرس پھاڑ کر کوڑے دان میں ڈالے، ایس آئی آر کو جمہوریت پر حملہ قرار دیا، بہار اسمبلی کے آخری دن اپوزیشن لیڈران سیاہ لباس میں پہنچے ، نظر ثانی مہم کیخلاف اسمبلی کے اندر اور باہر نعرے لگائے

Opposition leader Rahul Gandhi tearing down SIR posters and throwing them in the dustbin. (PTI)
اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی ایس آئی آر کے پوسٹر پھاڑکر کوڑے دان میں ڈالتے ہوئے۔(پی ٹی آئی )

اپوزیشن پارٹیوں نے  بہار میں ووٹر لسٹ کی خصوصی نظر ثانی مہم کے خلاف غیر معمولی احتجاج کرتے ہوئے  جمعہ کو پارلیمنٹ کے احاطہ  کے ساتھ ساتھ پٹنہ میں اسمبلی کے اندر اور باہر دونوں جگہ احتجاج اور مظاہرہ کیا۔ دہلی میں پارلیمنٹ ہائوس میںکئے گئے احتجاج میں اپوزیشن لیڈروں نے  ایس آئی آر لکھے ہوئے پوسٹرس کوپھاڑ کر کوڑے کی ٹوکری میں ڈالا۔ اپوزیشن کے لیڈروں نے اس کو ووٹ بندی کی کوشش قرار دیتے ہوئے  نعرے بھی بلند کئے ۔کانگریس کے صدر ملکا رجن کھرگے، راہل گاندھی، پرینکا گاندھی ،دھرمندر یادو اور رام گوپال یادو سمیت اپوزیشن اتحاد کی جماعتوں کے لیڈروں نے غیر معمولی احتجاج کیا۔ان لیڈروں نے بڑا بینر اپنے ہاتھوں میں اٹھار کھا تھا جس پر لکھاتھا کہ ایس آئی آر جمہوریت پر بڑا حملہ ہے۔آج پارلیمنٹ کی دن کی کارروائی شروع ہونے سے پہلے، اپوزیشن کے لیڈروں نے ہاتھوں  میں بینر اٹھاکر احتجاجی مارچ کیا۔اس کے بعد پارلیمنٹ کے داخلی درووازے کے سامنے ایک کوڑے دان  رکھا گیا جس میں کھرگے اور راہل گاندھی سمیت اپوزیشن کے ایک ایک ممبر نے ایس آئی آر لکھے ہوئے پوسٹرس کو پھاڑ کر کوڑے دان میں ڈال دیا۔
 اپوزیشن لیڈروںنے جمہوریت بچاؤ‘ اور ووٹ بندی بند کرو‘ جیسے نعرے بھی لگائے۔  اس سے قبل اپوزیشن نے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں بھی نعرے لگائے اور الیکشن کمیشن پر تنقید کرتے ہوئے خصوصی نظر ثانی مہم کے ذریعہ ووٹروں کو حق رائے دہی سے محروم کرنےکا الزام عائد کیا۔کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی نے پارلیمنٹ کے احاطہ میں  میڈیا سے گفتگو میں الیکشن کمیشن آف انڈیا سے یہ مطالبہ دہرایاکہ وہ سیاسی جماعتوں کو ووٹر لسٹ فراہم کرے اور یہ بتائے کہ بہار کا انتخاب کیسے شفاف ہو گا جبکہ لاکھوں ووٹرس کے نام حذف کئے جارہے ہیں۔  
 دریں اثناء پٹنہ میں بہار اسمبلی کے اجلاس کے آخری دن بھی اپوزیشن پارٹیوں نے نتیش حکومت کے خلاف جم کر احتجاج کرتے ہوئے ووٹرلسٹ نظر ثانی مہم بند کرنے کا مطالبہ کیا۔ اپوزیشن ممبران جن میں سابق وزیر اعلیٰ رابڑی دیوی بھی شامل تھیں، نے سیاہ لباس پہن رکھا تھا ۔ ان لیڈروں نے سب سے پہلے ودھان سبھا کی سیڑھیوں پر احتجاج کیا اور اس کے بعد ایوان میں بھی نتیش حکومت کی ناک میں دم کردیا۔ ووٹر لسٹ کے خلاف اپوزیشن کے مسلسل احتجاج کی وجہ سے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کافی برہم نظر آئے ۔ انہوںنے رابڑی دیوی کے ساتھ ساتھ دیگر لیڈروں کو بھی تنقیدوں کا نشانہ بنایا۔ اس دوران اپوزیشن لیڈروں اور این ڈی اے کے وزراء کے درمیان کافی تو تو میں میں بھی ہوئی۔ اپوزیشن لیڈروں نے حکومت کے اراکین پر غنڈہ گردی کرنے اور اپوزیشن کو ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا جس پر نتیش کمار کافی برہم نظر آئے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK