• Mon, 10 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

یوپی : مذہبی مقامات سے لائوڈاسپیکر ہٹانے کی کارروائی پھر شروع

Updated: November 10, 2025, 12:18 PM IST | Hamidullah Siddiqui | Lucknow

ڈی جی پی کے حکم پرتین روزہ خصوصی مہم کےتحت ریاست کےسبھی اضلاع میں کارروائی کی جارہی ہے۔

A police officer removes a loudspeaker mounted on the minaret of a mosque. Photo: PTI
ایک پولیس اہلکار مسجد کے مینار پر لگا لاؤڈ اسپیکر نکال رہا ہے۔ تصویر:پی ٹی آئی
اتر پردیش میں مذہبی مقامات سے لاؤڈ اسپیکر ہٹانے کی کارروائی ایک بار پھر تیز کر دی گئی ہے۔ ریاست کے ڈی جی پی راجیو کرشنا کے حکم پر پورے صوبے میں خصوصی مہم چلائی جا رہی ہے۔ اس مہم کا مقصد مندروں، مسجدوں، گردواروں اور دیگر عوامی مقامات پر نصب غیر قانونی یا مقررہ حد سے زیادہ آواز والے لاؤڈ اسپیکروں کو ہٹانا یا ان کی آواز کو کم کرنا ہے۔ پولیس کے مطابق،مندر اور مسجد انتظامیہ دونوں نے مہم میں مکمل تعاون کیا اورلاؤڈ اسپیکر یا تو ہٹا دئے گئے یا ان کی آواز کو مقررہ سطح تک کم کیا گیا۔
پولیس کے مطابق یہ کارروائی ’شور کی آلودگی کنٹرول قانون‘ اور عدالت کے احکامات کے تحت کی جا رہی ہے۔لکھنؤ میں پولیس نے وزیرگنج سمیت مختلف علاقوں میں صبح کے وقت مسجد کے اماموں اورمندرکے پجاریوں کے ساتھ بات چیت کرکےلاؤڈاسپیکر ہٹوائے۔اسی طرح بستی ضلع میں،غوثیہ مسجد، ڈفلی ٹولہ مسجد، صابری مسجد اور چکوا ٹولہ مسجد سمیت کئی مقامات پر کارروائی کی گئی۔
یہی مہم ریاست کےمئو، بریلی، مظفرنگر، اعظم گڑھ، کوشامبی، سنت کبیر نگر،غازی پور، فیروز آباد، بلرامپور اور دیگر اضلاع میں بھی چلائی جا رہی ہے۔مئو ضلع میں ۲۳۴؍لاؤڈ اسپیکرکی جانچ کی گئی، جن میں سے ۵۵؍ اسپیکرس ضابطہ کے خلاف پائے گئے اورانہیں موقع پر ہی ہٹا دیاگیا۔بریلی ضلع میںپولیس نے مہم کے پہلے ہی دن ۹۶؍مقامات سے لاؤڈ اسپیکر ہٹائے اور ۲۰۰؍ سے زائد جگہوں پر آواز کو معیاری سطح پر لایاگیا۔
مظفرنگر ضلع کےسول لائن تھانہ علاقے میں۹؍ مسجدوں سے لاؤڈ اسپیکر اتارے گئے اور ذمہ داران کو دوبارہ تیز آواز میں اسپیکر نہ بجانے کی ہدایت دی گئی۔
اعظم گڑھ ضلع کے تمام تھانہ علاقوں میں مسجدوں، مندروں اور گردواروں سے تیز آواز والے اسپیکر ہٹائے گئے۔کوشامبی کےکڑادھام علاقے میں ۶؍ مسجدوں سے بغیر اجازت لگے لاؤڈ اسپیکر ہٹائے گئے۔ فیروز آباد پولیس نے بھی شور کی آلودگی پر قابو پانے کےلئے کئی مذہبی مقامات سے اسپیکر ہٹائے اور متعدد جگہوں پر آواز کی سطح کم کرائی۔اسی طرح غازی پور ضلع میں مہم کے پہلے دن۳۶؍اسپیکروں کی آواز کم کرائی گئی اور ایک اسپیکر ہٹایا گیا۔سنت کبیر نگر پولیس نے مختلف عوامی و مذہبی مقامات سے غیر معیاری لاؤڈ اسپیکر ہٹوائے۔ بلرامپور ضلع میں درجنوں مذہبی مقامات سے اسپیکر ہٹائے گئے، اور عوام کو شور کی آلودگی کے قوانین سے متعلق آگاہ کیا گیا۔
یوپی پولیس کا کہنا ہے کہ یہ مہم سماجی ہم آہنگی، ماحولیات کے تحفظ اور امتحانات کے دوران پرسکون ماحول برقرار رکھنے کے لئے چلائی جا رہی ہے۔حکام کے مطابق،یوگی آدتیہ ناتھ حکومت نے ۲۰۲۲ء میں ریاست بھر میں لاؤڈ اسپیکر ہٹانے کی مہم شروع کی تھی، جس کے تحت اب تک ایک لاکھ سے زیادہ لاؤڈ اسپیکراتارے جا چکے ہیں، جبکہ ڈیڑھ لاکھ سے زائد کی آواز کم کرائی گئی ہے۔پولیس نے واضح کیا ہے کہ یہ کارروائی کسی ایک مذہب کے خلاف نہیں بلکہ سبھی کے تعاون سے شور کی آلودگی پر قابو پانے اور جمہوری نظم و نسق برقرار رکھنے کے لئے ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK