Updated: August 04, 2025, 10:13 PM IST
| Lucknow
اترپردیش کے ایک ریستوراں میں چنددوستوں نے ویج تھالی میں مرغی کی ہڈیاں ملنے کا دعویٰ کیا۔ بعد ازیں سی سی ٹی وی تصاویر سے معلوم کیا گیا کہ ان دوستوں میں سے ایک نے اپنے دوست کی ویج تھالی میں جان بوجھ کر مرغی کی ہڈیاں ڈالی تھیں۔ ریستوراں کے مالک رویکار سنگھ نے اسے ریستوراں کی ساکھ کو خراب کرنے کی کوشش قرار دیتے ہوئے مذکورہ افرادکے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔
اترپردیش کے ایک ریستوراں میں کچھ افراد نے یہ الزام عائد کرتے ہوئے افراتفری پھیلائی کہ ان میں سے ایک شخص کی ویج تھالی میں مرغی کی ہڈیاں ملیں۔ تاہم، سی سی ٹی وی تصاویر میں انکشاف ہوا ہے کہ ان میں سےایک شخص نے جان بوجھ کر دوسرے کی ویج تھالی میں مرغی کی ہڈیاں رکھی تھیں۔
یہ حادثہ ۳۱؍ جولائی کو گورکھپور کی شاستری چوک کے بریانی بے نامی ریستوراں میں پیش آیا تھا جہاں کچھ دوستوں نے ویج اور نان ویج تھالی آرڈر کی تھی۔ کھانا پیش کئے جانے کے بعد ان میں سے ایک شخص نے دعویٰ کیا کہ اس کی ویج تھالی میں چکن کی ہڈیاں ہیں۔ دوسرے شخص کو اس واقعے کو ریکارڈ کرتے ہوئے یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے ہے کہ ’’دھرم بھشٹ کر دیا۔‘‘ اس نے ریستوراں پر سوان (ہندوؤں کا مذہبی مہینہ) کے دوران مذہبی جذبات مجروح کرنے کا الزام بھی عائد کیا۔ اس شخص نے منیجر رویکار سنگھ پر چلاتے ہوئے ریستوراں میں ہنگامہ پربا کیا۔ دوسری جانب ریستوراں کے منیجر رویکار سنگھ نے کہا کہ ریستوراں اپنے صارفین کو کھانا پیش کرتے ہوئے ہمیشہ محتاط رہتا ہے اور اس شخص پر جھوٹے دعوے کرنے کا الزام عائد کیا۔ بعد ازیں سنگھ نے پولیس کو کال کیا۔
یہ بھی پڑھئے: ٹائم میگزین کا یوٹرن: اگست ۲۰۲۴ءمیں نیتن یاہو کا جنگی عزم، اگست۲۰۲۵ءمیں غزہ کی سنگین صورتحال پر توجہ
سی سی ٹی وی تصاویر میں کیا انکشاف کیا گیا ہے؟
سی سی ٹی وی تصاویر میں ایک شخص کو اپنے دوست کی ویج تھالی میں مرغی کی ہڈیاں ڈالتے ہوئے واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے۔ این ڈی ٹی وی کے مطابق ریستوراں کے مالک رویکار سنگھ نے مذکورہ شخص کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’یہ ہمارے ریستوراں کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔ ہم برسوں سے یہ ریستوراں چلا رہے ہیں اوراپنے صارفین کے مذہبی جذبات کی قدر کرتے ہیں۔ اس طرح کی غلط بیانی نہ صرف یہ کہ ہمارے کاروبار بلکہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کیلئے بھی خطرہ ہے۔‘‘ اس درمیان گورکھپور کے ڈپٹی سپریٹنڈنٹ (ڈی ایس پی) یوگیندر یادو نے کہا کہ ’’پیسوں کے تنازع کی وجہ سے یہ واقعہ پیش آیا تھا۔‘‘