جے شنکر کے اس’ انکشاف‘ کو راہل گاندھی نے جرم اور سنجے سنگھ نے غداری قراردیا کہ اسلام آباد کو بتادیاگیاتھا کہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جائےگا
EPAPER
Updated: May 17, 2025, 11:08 PM IST | Mumbai
جے شنکر کے اس’ انکشاف‘ کو راہل گاندھی نے جرم اور سنجے سنگھ نے غداری قراردیا کہ اسلام آباد کو بتادیاگیاتھا کہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جائےگا
وزیر خارجہ ایس جے شنکر کے اس بیان پر ہنگامہ مچ گیا ہےکہ حکومت ہند نے پاکستان میں دہشت گردوں کے ٹھاکوں کو نشانہ بنانے سے پہلے اسلام آباد کو اس بات کی اطلاع دیدی تھی۔ کانگریس لیڈر راہل گاندھی جو اب تک پہلگام حملے کے تعلق سے حکومت کو گھیرنے سے گریز کرتے رہے ہیں، نے جے شنکر کے مذکورہ بیان کا ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اسے ’’جرم‘‘ قرار دیا ہے اور یہ سوال پوچھا ہے کہ پاکستان کو پیشگی اطلاع دینے کافیصلہ کس کا تھا۔ عام آدمی پارٹی کے لیڈر سنجے سنگھ نے بھی اس معاملے کو سنگین قراردیا اوراسے فوج اور ملک کے ساتھ غداری سے تعبیر کیا۔ دوسری طرف حکومت کی جانب سے ’’پریس انفارمیشن بیورو‘‘ نے اس پر صفائی دی اور کہا کہ وزیر خارجہ کے بیان کو ’’غلط انداز میں ‘‘ پیش کیا جا رہا ہے۔
ایس جے شنکر نے کیا کہا ہے؟
راہل گاندھی نے اپنے ٹویٹ کے ساتھ حکومت نواز خبر رساں ایجنسی ’اے این آئی‘ کا ایک ویڈیو بھی شیئر کیا ہے۔اس ویڈیو میں وزیر خارجہ ایس جے شنکر میڈیا کے نمائندوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ ’’آپریشن (سیندور) کے آغاز کے وقت ہی ہم نے پاکسان کو یہ کہتے ہوئے یہ پیغام دے دیا تھا کہ ہم دہشت گردوں کے انفرااسٹرکچر کو نشانہ بنارہے ہیں، فوج پر حملہ نہیں کررہے ہیں اس لئے (پاکستانی )فوج کے پاس یہ متبادل ہے کہ وہ اس سے الگ رہے اور مداخلت نہ کرے۔ ‘‘ اس کے ساتھ ہی وزیر خارجہ کہتے ہیں کہ ’’انہوں نے یہ بہتر مشورہ نہ ماننے کافیصلہ کیا۔ ‘‘
پی آئی بی نے کیا صفائی دی؟
جے شنکر کے مذکورہ بیان کے تعلق سے سرکاری ادارے پریس انفارمیشن بیورو آف انڈیا (پی آئی بی) کی فیکٹ چیک اکائی نے ٹویٹ کرکے کہا ہے کہ ’’سوشل میڈیا پوسٹ وزیر خارجہ کے بیان کے تعلق سے یہ غلط طریقے سے یہ تاثر دے رہا ہے کہ وہ آپریشن سیندور شروع ہونے سے پہلے پاکستان کو آگاہ کیا گیاتھا۔‘‘ پی آئی بی کے مطابق’’وزیر خارجہ کے بیان کو غلط پیش کیا جا رہاہے۔ انہوں نے یہ بیان نہیں دیا۔‘‘
ہندوستان کے کتنے طیارے تباہ ہوئے: راہل
بہرحال راہل گاندھی نے پی آئی بی کے فیکٹ چیک کے دعوے کو نظر انداز کرتے ہوئے جے شنکر کا ویڈیو پوسٹ کرکے کہا ہے کہ ’’ہمارے حملے کے وقت ہی پاکستان کو اطلاع دے دینا، جرم تھا۔ وزیر خارجہ نے سرعام اعتراف کیا ہے کہ حکومت ہند نے ایسا کیا ہے۔ ‘‘ اس کے ساتھ ہی انہوں نے سوال کیا کہ ’’ اس کی اجازت کس نے دی تھی اور اس کے نتیجے میں ہمارے کتنے طیارے تباہ ہوئے؟
سنجے سنگھ نے پیشگی اطلاع کو غداری قراردیا
عام آدمی پارٹی کے لیڈر اور رکن پارلیمان سنجے سنگھ نے وزیر خارجہ کے بیان پر حیرت اور برہمی کااظہار کرتے ہوئے حکومت پر فوج اور ملک کے عوام کے ساتھ غداری کا الزام عائد کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’وزیر خارجہ جے شنکر خود کہہ رہے ہیں کہ انہوں نے آپریشن سیندور سے پہلے ہی پاکستان کو بتادیاتھا۔ یہ بہت ہی سنگین معاملہ ہے۔ وزیراعظم مودی کو ملک کے سامنے آکر بتانا چاہئے کہ ان کی حکومت نے ہندوستان اور ہندوستان کی فوج کے ساتھ یہ غداری کیوں کی؟‘‘ انہوں نے پاکستان کو پیشگی اطلاع دینے پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ وہی پاکستان ہے جو دہشت گردوں کی پشت پناہی کرتا ہےا ور جس کی فوج کے افسر دہشت گردوں کے جنازہ میں شرکت کرتے ہیں۔‘‘