Inquilab Logo

یو پی ایس سی نتائج: ۱۰۱۶؍ کامیاب امیدواروں میں ۵۱؍ اور ٹاپ ۱۰؍ میں دو مسلم شامل

Updated: April 16, 2024, 6:21 PM IST | Inquilab News Network | New Delhi

یو پی ایس سی نے سول سروسیز امتحان ۲۰۲۳ء کے نتائج کا اعلان کردیا ہے۔ امسال ایک ہزار ۱۶؍ امیدواروں نے کامیابی حاصل کی ہے جن میں ۵۱؍ مسلمان ہیں۔ کامیاب امیدواروں میں مسلمانوں کا فیصد ۵؍ ہے۔ ٹاپ ۱۰۰؍ میں ۶؍ مسلمان امیدوار ہیں۔

Photo: INN
تصویر : آئی این این

یو پی ایس سی نے سول سروسیز امتحانات ۲۰۲۳ء کے نتائج کا اعلان کردیا ہےجس میں ۵۱؍ مسلم امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔ حیرت انگیز طور پر اس سال یوپی ایس سی امتحان میں مسلم امیدواروں کی کامیابی کے فیصد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ کل ملاکر ایک ہزار ۱۶؍ امیدوار کامیاب رہے ہیں جن میں سے ۵۱؍ امیدوار مسلم ہیں یعنی کامیابی کا فیصد ۵؍ رہا ہے جو گزشتہ کچھ برس کے مقابلے میں کافی بہتر ہے۔ اس سے قبل ۲۰۱۹ء میں ۵ء۳؍ فیصد مسلم امیدوار سول سروسیز امتحان میں کامیاب ہوئے تھے۔ 
 واضح رہے کہ یوپی ایس سی کا تحریری امتحان ستمبر ۲۰۲۳ء میں جبکہ انٹرویو جنوری تا اپریل ۲۰۲۴ء منعقد کئے گئے تھے۔ امسال آدتیہ سریواستو نے پہلی پوزیشن حاصل کی ہے جبکہ دوسرے اور تیسرے نمبر پر بالترتیب انیمیش پردھان اور اننیا ریڈی ہیں۔ ٹاپ ۵؍ میں ایک مسلم امیدوار بنام روحانی بھی شامل ہیں جبکہ ٹاپ ۱۰؍ میں روحانی سمیت نوشین (۹؍ واں رینک) بھی ہیں۔ ٹاپ ۱۰۰؍ میں ۶؍ مسلم امیدوار ہیں۔ نوشین نےجنہوں نے نویں پوزیشن حاصل کی ہے، گورکھپور کی رہنے والی ہیں۔ انہوں نے دہلی یونیورسٹی سے گریجویشن کیا ہے۔ اس کے بعد نوشین نے جامعہ ملیہ اسلامیہ سے سوشل ورک میں پوسٹ گریجویشن کیا۔ پوسٹ گریجویشن کے بعد انہوں نے سول سروسیز کی تیاری کا فیصلہ کیا اور اس کے لئے جامعہ اکیڈمی میں داخلہ لیا۔ اپنی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے نوشین نے کہا کہ وہ بہت خوش ہیں، انہیں ایسے ہی رینک کی امید تھی۔ جامعہ کی رہائشی کوچنگ اکیڈمی نے ان کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ یوپی ایس سی میں نوشین کے علاوہ وردا خان (۱۸؍ واں رینک)، ضوفشاں حق(۳۴؍ واں رینک)، فابی رشید(۷۱؍ واں رینک)، منان بھٹ(۸۸)، عارفہ عثمانی (۱۱۱)، سید عدیل محسن (۱۵۷)، خان صائمہ سراج احمد(۱۶۵)، صائم رضا (۱۸۸)، جمعدار فرحان عرفان (۱۹۱)، فرحین زاہد(۲۴۱)، اریبہ صغیر(۲۵۳)، اہتدیٰ مفسر(۲۷۸)، نازیہ عمر انصاری (۳۱۱) سیدمحمد مصطفیٰ ہاشمی (۳۱۲)، حامد نوید(۳۲۳)، اریبہ نعمان (۳۳۹)، محمد حارث میر (۳۴۵)، محمد فرحان (۳۶۹)، محمد آفتاب عالم (۵۱۲) اور سیرت باجی (۵۱۶) نے رینک حاصل کئے ہیں۔ اس فہرست میں ان کے علاوہ بھی کچھ نام ہیں۔ 
دوسری طرف ان امتحانات کے نتائج سے یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ دہلی میں واقع جامعہ ملیہ اسلامیہ رہائشی کوچنگ اکیڈمی کے ۳۱؍طلبہ نے اس مرتبہ یو پی ایس سی امتحان میں کامیابی حاصل کی ہے۔ واضح رہے کہ جامعہ اکیڈمی نے گزشتہ برسوں میں بھی یو پی ایس سی میں اچھے نتائج د ئیے ہیں۔ شروتی شرما نے اسی اکیڈمی میں تعلیم حاصل کی تھی جنہوں نے ۲۰۲۱ء کےسول سروسیز امتحان میں ٹاپ کیا تھا۔ رواں سال جامعہ اکیڈمی کے ۱۵۱؍طلبہ نے یو پی ایس سی امتحان میں شرکت کی۔ ان میں سے ۷۱؍ امیدوار انٹرویو تک پہنچے اور ان میں سے ۳۱؍ کا انتخاب کیا گیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK