جتیندر اوہاڑ کے ہمراہ مرضیہ پٹھان اور دیگر نے تعلیمی، بے روزگاری اور منافرت کے تعلق سے تبادلۂ خیال کیا
Updated: September 19, 2023, 10:01 AM IST | Mumbai
جتیندر اوہاڑ کے ہمراہ مرضیہ پٹھان اور دیگر نے تعلیمی، بے روزگاری اور منافرت کے تعلق سے تبادلۂ خیال کیا
ریاست اور ملک میں تعلیم، منشیات، کرائم، تعلیم یافتہ بے روزگار نوجوانوں کو ٹھیکیداروں کے ذریعے نوکریاں دینے، خالی پڑی سرکاری اسامیاںکو پر نہ کرنے، ملک چھوڑ کے جانے کا رجحان بڑھنے جیسے اہم امور پر یو پی ایس سی طلبہ کے ایک وفد نے سابق مرکزی وزیر اور این سی پی کے قومی صدر شرد پوار سے وائی بی چوہان سینٹر گزشتہ روز ملاقات کی۔ اس وفد میں امرت نگر (ممبرا) کی سرگرم سماجی کارکن/ ٹی ایم سی کے سابق اپوزیشن لیڈر اشرف (شانو) پٹھان کی بیٹی و یوپی ایس سی کی طالبہ مرضیہ پٹھان ،یو پی ایس سی کے ان کے دیگر ساتھیوں شامل تھے۔ اس موقع پر رکن اسمبلی جتیندر اوہاڑ بھی موجود تھے۔
اس ملاقات کے تعلق سے مرضیہ پٹھان نے بتایاکہ’’یہ بہت بڑا المیہ ہے کہ ہم تعلیم کے حصول کیلئے مختلف اسکیمیں بناتے ہیں لیکن سرکاری اسکولیں تمام تر سہولیات سے محروم نظر آتی ہیں،ہم صحت اور علاج کی سہولتیںمہیا کرانے کا دعویٰ کرتے ہیں لیکن سرکاری اسپتال جہاں غریب علاج کیلئے آتے ہیں، ان کا علاج ٹھیک سے نہیں ہوپارہا ہے۔ ملک کے نوجوان بہترین ملازمت حاصل کرنے اور ملک کی ترقی میں تعاون کرنے کا خواب دیکھ رہے ہیں لیکن نوکریوں کونجی ہاتھوں میں دیا جا رہا ہے ، فرقہ پرستی کا زہر گھولا جارہا ہے ،اسی طرح کے دیگر مسائل پر شردپوار سرسے بات ہوئی۔‘‘
مرضیہ کے بقول شرد پوار سرنے نصیحت کی ہے کہ ملک میں پروپیگنڈہ پھیلانے والوں کے خلاف یوتھ اور تعلیمیافتہ طبقے کو آگے آنا ہوگا ورنہ جس طرح سے ملک میں مذہبی منافرت اور فرقہ پرستی کا بیج بویا جارہا ہے ملک کی سالمیت تک کو خطرہ لاحق ہوجائے گا ۔