Inquilab Logo Happiest Places to Work

امریکہ کا ایران سے تعلق رکھنے والی نجی کشتی پر حملہ، ۵؍ افراد جاں بحق

Updated: May 06, 2026, 12:16 PM IST | Agency | Tehran

ڈونالڈ ٹرمپ کی جنوبی کوریا کو بھی ایران کے خلاف حملوں میں شریک ہونے کی دعوت، اقوام متحدہ میں آبنائے ہرمز سے متعلق قرار داد پیش کرنے کی تگ ودو ۔

US Attacks At Sea Continue.Photo:INN
سمندرمیں امریکہ کے حملے جاری ہیں- تصویر:آئی این این
ایرانی میڈیا نے بتایا ہے کہ دو مالبردار شہری کشتیوں پر امریکی فوج کی فائرنگ  سے ۵؍ شہری ہلاک ہو گئے ہیں۔ یہ دونوں کشتیاں ایران جا رہی تھیں اور ان کا تعلق پاسدارانِ انقلاب سے نہیں تھا۔ اطلاع کے مطابق یہ کشتیاں عمان کی بندرگاہ خصب سے ایرانی ساحل کی طرف شہری نوعیت کا سامان لے جا رہی تھیں۔دوسری جانب امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ان کی فوج ایرانی جہازوں کو بچانے کے بجائے انہیں تباہ کرنے کو ترجیح دیتی ہے۔ ’ٹروتھ سوشل‘ پر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے پاس اب صرف چھوٹی کشتیاں رہ گئی ہیں، جن میں سے۷؍ کو اس وقت ڈبو دیا گیا جب وہ آبنائے ہرمز میں جہازوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہی تھیں ۔ 
 
 
ٹر مپ نے دعویٰ کیا کہ ایران نے ان ممالک پر بھی حملے کئے جن کا آبنائے ہرمز میں امریکی بحریہ کی کارروائی سے کوئی تعلق نہیں تھا، جن میں جنوبی کوریا کا ایک مال بردار جہاز بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ جنوبی کوریا بھی آبنائے ہرمز آپریشن میں شامل ہو جائے۔امریکی فوج نے اعلان کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کو خطرے میں ڈالنے والی ایرانی کشتیوں کو تباہ کرنے کیلئے اپاچی اور ’سی ہاک‘ ہیلی کاپٹر استعمال کئے گئے ہیں۔ امریکی فوج کے مطابق ’سی ہاک‘ ہیلی کاپٹر آبنائے ہرمز اور اس کے گرد و نواح میں تجارتی جہاز رانی کو دھمکانے والی چھوٹی ایرانی کشتیوں کے خاتمے کے مشن میں مدد دے رہے ہیں۔
 
 
اقوام متحدہ میں امریکی مندوب مائیک والٹز نے تصدیق کی کہ امریکہ اور خلیجی ممالک سلامتی کونسل کی ایک نئی قرارداد کا مسودہ تیار کر رہے ہیں، جس کا مقصد آبنائے ہرمز کی بندش پر ایران کی مذمت کرنا ہے۔ والٹز نے کہا کہ توقع ہے کہ یہ قرارداد ایران کو تجارتی جہازوں پر حملے روکنے اور آبنائے میں ٹیکس عائد کرنےسے باز رہنے کا پابند کرے گی۔ امریکی مندوب نے کہا کہ قرارداد میں ایران سے مطالبہ کیا جائے گا کہ وہ سمندری بارودی سرنگیں بچھانا بند کرے کیونکہ اس کی وجہ سے پوری دنیا کی معیشتیں متاثر ہو رہی ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK