• Sat, 20 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ٹک ٹاک کے لیے امریکہ-چین کے مابین معاہدہ

Updated: September 20, 2025, 8:28 PM IST | New York

امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے جمعہ کو چین کے صدر شی جن پنگ سے ٹیلی فون پر بات چیت کی، جس میں ٹک ٹاک سے متعلق معاہدہ دو طرفہ تجارت اور کئی دیگر امور پر اتفاق رائے ہوا۔ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ پر اس گفتگو کو کامیاب قراردیا۔

Trump And Jin.Photo:INN
جن اور ٹرمپ۔ تصویر:آئی این این

امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے جمعہ کو چین کے صدر شی جن پنگ سے ٹیلی فون پر بات چیت کی، جس میں ٹک ٹاک سے متعلق معاہدہ  دو طرفہ تجارت اور کئی دیگر امور پر اتفاق رائے ہوا۔  ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ  پر اس گفتگو کو کامیاب  قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں رہنما اس سال اکتوبر کے آخر میں جنوبی کوریا میں ہونے والی ایشیا بحر الکاہل اقتصادی تعاون (اے پی ای سی) سے متعلق سربراہ کانفرنس میں ملاقات کریں گے۔ اس کے بعد اگلے سال کے آغاز میں امریکی صدر چین کا دورہ کریں گے اور بعد ازاں چینی صدر بھی امریکہ جائیں گے۔ 

یہ بھی پڑھیئے:ایچ وَن بی ویزا:ہندوستانی آئی ٹی کمپنیوں کے شیئرس میں گراوٹ

قابل ذکر ہے کہ جو بائیڈن کے دورِ صدارت میں دونوں ملکوں کے تعلقات میں کشیدگی آئی تھی۔ حتیٰ کہ   ٹرمپ خود بھی چین کے سخت نکتہ چیں رہے ہیں اور نیٹو کے رکن ممالک سے چین پر۱۰۰؍ فیصد درآمدی ٹیکس لگانے کی اپیل کر چکے ہیں۔ ایسے میں چین کے حوالے سے ان کے رویے میں یہ نرمی عالمی سفارت کاری کے لحاظ سے خاصی اہم سمجھی جا رہی ہے۔ 
امریکی صدر نے اپنے پوسٹ میں لکھا ’’چین کے صدر شی جن پنگ کے ساتھ بہت کامیاب گفتگو ہوئی۔ ہم نے تجارت، فینٹانائل، روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کو ختم کرنے اور ٹک ٹاک معاہدے سمیت کئی اہم مسائل پر پیش رفت حاصل کی۔   انہوں نے کہا کہ بات چیت مثبت رہی اور ٹک ٹاک معاہدے کی منظوری کا خیر مقدم کیا۔ 
بی بی سی کی ایک رپورٹ کے مطابق اس معاہدے کے تحت ٹک ٹاک کا امریکی کاروبارمبینہ طور پر امریکی سرمایہ کاروں کے ایک گروپ کو فروخت کیا جائے گا۔  چینی کمپنی بائٹ ڈانس کے زیرِ انتظام چلنے والے ٹک ٹاک کو امریکی حکومت پہلے ہی بتا چکی تھی کہ اسے اپنا امریکی آپریشن بیچنا ہوگا، ورنہ کاروبار بند کرنا پڑے گا۔  گزشتہ سال صدارتی انتخابات کے دوران  ٹرمپ نے اپنی مہم کے لیے ٹک ٹاک کا خاصا استعمال کیا تھا اور صدر بننے کے بعد انہوں نے چار بار امریکہ میں اس پر پابندی کی ڈیڈ لائن آگے بڑھائی۔ فی الحال یہ مدت دسمبر تک بڑھا دی گئی ہے۔اپنے حالیہ برطانیہ کے دورے پر، برطانوی وزیرِ اعظم کئیر اسٹارمر کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران ٹک ٹاک سے متعلق سوال کے جواب میں   ٹرمپ نے کہا تھاکہ جو لوگ اس میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں، وہ دنیا کے بہترین سرمایہ کاروں میں سے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK