Inquilab Logo

امریکہ کا ویکسین لگواچکے مسافروں کیلئے سرحدیں کھولنے کا فیصلہ

Updated: October 14, 2021, 8:37 AM IST | Washington

کینیڈا اور میکسیکو کے اصرار پر حکام کا اہم فیصلہ۔ نومبر سے کسی بھی کام سے امریکہ آنے کی اجازت ہوگی

US-Canada border where traffic was affected due to lockdown (file photo)
امریکہ کینیڈا سرحد جہاں لاک ڈائون کے سبب آمدورفت متاثر رہی (فائل فوٹو)

امریکہ آئندہ ماہ سے غیر ضروری سفر کیلئے زمینی سرحدیں کھولنے جا رہا ہے جس کے بعد کورونا کے با عث ۱۹؍ ماہ سے عائد پابندی ختم ہو جائے گی۔ تاہم امریکہ آنے کیلئے بین الاقوامی مسافروں کیلئے ویکسین لازمی ہو گا۔اطلاع کے مطابق امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو کے درمیان گاڑیوں، کشتیوں یا ٹرین کے ذریعے زیادہ تر آمد و رفت عالمی وبا کے شروع کے دنوں سے ہی بند کر دی گئی تھی۔
 نئے قواعد جن کا باضابطہ اعلان بدھ کو کیا جا رہا ہے، اس کے تحت ویکسین کا کورس مکمل کرنے والے غیر ملکیوں کو نومبر سے امریکہ میں داخلے کی اجازت ہو گی چاہے ان کے آنے کی وجہ کچھ بھی ہو۔ اسی طرح کی نرمی فضائی سفر کرنے والوں کو بھی دی جا رہی ہیں۔ وسط جنوری کے بعد ناگزیر وجوہات پر امریکہ آنے والوں جیسے  ٹرک ڈرائیوروں کیلئے بھی ویکسی نیشن  لازمی ہو گی۔انتظامیہ کے ایک سینئر عہدیدار نے منگل کو دیر گئے نئی پالیسیوں کا جائزہ لیا اور اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اس بارے میں آگاہ کیا۔
 کینیڈا اور میکسیکو کئی ماہ سے امریکہ پر زور دے رہے ہیں کہ وہ سفرکی پابندیوں میں نرمی کرے جس کے سبب خاندان تقسیم ہوگئے ہیں اور سیاحتی سفر بھی محدود ہو گئے ہیں۔ حکام کے مطابق دونوں پالیسیاں نومبر کے شروع میں نافذالعمل ہوں گی۔ تاہم انہوں نے کسی مخصوص تاریخ کا اعلان نہیں کیا ہے۔نئے قواعد امریکہ میں صرف قانونی داخلے پر عائد ہوں گے۔ حکام نے خبردار کیا ہے کہ جو لوگ غیر قانونی طور پر داخل ہونے کی کوشش کریں گے ان کو `ٹائٹل  ۴۲؍ٹو اتھاریٹی کے تحت ملک بدر کر دیا جائے گا۔
 واضح رہے کہ اس اتھاریٹی پر پہلی مرتبہ عمل درآمد سابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے دور میں کیا گیا تھا۔ جس پر تنقید بھی کی گئی تھی۔ اس  کے تحت تارکینِ وطن کو فوری طور پر واپس بھجوا دیا جاتا ہے تاکہ وہ سیاسی پناہ کی درخواست نہ دے سکیں۔ایک عہدیدار کا کہنا تھا کہ اس پالیسی پر عمل درآمد جاری رکھنے کی وجہ یہ ہے کہ سرحد پر گشتی مراکز کی صورتِحال سے کورونا کا خطرہ ہے۔حکام کے مطابق گاڑیوں، ریل یا کشتی کے ذریعے امریکہ داخل ہونے والے افراد سے ان کی ویکسی نیشن کے بارے میں سوال و جواب یو ایس کسٹم اینڈ بارڈر پروٹیکشن ایڈمشن کے طریقۂ کار کا حصہ ہوں گے۔البتہ فضائی سفر کے برعکس دیگر ذرائع سے آنے والوں کیلئے منفی کورونا ٹیسٹ ضروری نہیں ہو گا۔ البتہ ویکسین کی شرط کو پورا کرنا لازمی ہو گا۔واضح رہے کہ فضائی سفر کے ذریعے امریکہ آنے والوں کیلئے لازمی ہے کہ طیارے میں سوار ہونے سے قبل وہ منفی کورونا ٹیسٹ کا ثبوت فراہم کریں۔ یاد رہے کہ امریکہ میں سب سے زیادہ کورونا مریض ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK