Inquilab Logo Happiest Places to Work

امریکہ: "بگ، بیوٹی فل بل" پر صدر ٹرمپ نے دستخط کئے

Updated: July 05, 2025, 8:03 PM IST | Washington

یہ بل ٹرمپ کے غیر قانونی تارکینِ وطن پر کریک ڈاؤن کے منصوبے کو فنڈ دے گا اور ان کی ۲۰۱۷ء کی ٹیکس کٹوتیوں کو مستقل حیثیت عطا کرے گا جبکہ لاکھوں امریکیوں کو انشورنس سے محروم کرسکتا ہے۔

US President Donald Trump. Photo: INN
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ۔ تصویر: آئی این این

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ۴ جولائی بروز جمعہ امریکہ کے یوم آزادی کے موقع پر وائٹ ہاؤس میں منعقدہ ایک شاندار تقریب میں ٹیکس اور اخراجات میں کٹوتیوں کی تجویز پیش کرنے والے "بگ، بیوٹی فل بل" پر دستخط کر دیئے ہیں۔ ایک دن پہلے ریپبلکنز کے غلبہ والے ایوان نمائندگان میں جذباتی بحث کے بعد ۲۱۸-۲۱۴ ووٹوں سے بل کو منظور ہوا جس کے بعد صدر نے اس پر دستخط کئے۔ واضح رہے کہ یہ بل ٹرمپ کے غیر قانونی تارکین وطن پر کریک ڈاؤن کے منصوبے کو فنڈ دے گا اور ان کی ۲۰۱۷ء کی ٹیکس کٹوتیوں کو مستقل حیثیت عطا کرے گا جبکہ لاکھوں امریکیوں کو انشورنس سے محروم کرسکتا ہے۔

ٹرمپ نے اس موقع پر کہا کہ میری انتظامیہ، فوج، کر قسم کے شہریوں اور مختلف نوکریاں سمیت بہت سے مختلف عوامی گروپس کا خیال رکھ رہی ہے، میں نے اپنے ملک میں لوگوں کو کبھی اتنا خوش نہیں دیکھا۔ انہوں نے ایوان کے اسپیکر مائیک جانسن اور سینیٹ کے اکثریتی لیڈر جان تھون کا شکریہ ادا کیا۔ ٹرمپ نے کہا کہ آپ کے پاس امریکی تاریخ کی سب سے بڑی ٹیکس کٹوتی، اخراجات میں سب سے بڑی کٹوتی، سرحدی حفاظت میں سب سے بڑی سرمایہ کاری ہے۔

ٹرمپ نے یہ تقریب وائٹ ہاؤس کے ساؤتھ لان میں ۴ جولائی کو یوم آزادی کی تعطیل کے موقع پر منعقد کی، جس میں اسٹیلتھ بمبار اور فائٹر جیٹ طیاروں کی پروازیں شامل تھیں جو حال ہی میں ایران میں جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں میں شامل تھے۔ سینکڑوں ٹرمپ حامی، جن میں وائٹ ہاؤس کے معاونین، کانگریس کے اراکین اور فوجی خاندان شامل تھے، اس تقریب میں شریک ہوئے۔ ایک تقریر کے بعد جس میں ان کی نگرانی میں امریکہ کے عروج کے بارے میں فخر آمیز دعوے شامل تھے، ٹرمپ نے بل پر دستخط کئے، ریپبلکن کانگریسی لیڈران اور ان کی کابینہ کے اراکین کے ساتھ تصاویر کھینچوائیں اور خوش حامیوں کے ہجوم میں چلے گئے۔

بل کی منظوری ٹرمپ اور ان کے ریپبلکن اتحادیوں کیلئے ایک بڑی جیت ہے، جن کا کہنا ہے کہ یہ بل اقتصادی ترقی کو فروغ دے گا۔ انہوں نے ایک غیر جانبدارانہ تجزیے کو بڑی حد تک مسترد کر دیا ہے جس میں پیش گوئی کی گئی ہے کہ یہ ملک کے ۲ء۳۶ کھرب ڈالر کے قرض میں ۳ کھرب ڈالر سے زائد کا اضافہ کرے گا۔ ٹرمپ کی پارٹی کے کچھ قانون سازوں نے بھی بل کی لاگت اور طبی اسکیموں پر اس کے اثرات پر تشویش کا اظہار کیا لیکن بالآخر ایوان کے ۲۲۰ ریپبلکنز میں سے صرف ۲ نے اس کے خلاف ووٹ دیا جبکہ تمام ۲۱۲ ڈیموکریٹس نے بل کی مخالفت کی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK