Inquilab Logo Happiest Places to Work

موٹو ریزر۶۰: مڑنے والا سب سے کم قیمت میں دستیاب فون

Updated: July 28, 2025, 2:32 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai

دیگر کمپنیوں کے مڑنے والے فون کافی مہنگے ہیںایسے میں موٹورولا نے مڑنے والافون کم قیمت میں دستیاب کروایا ہے جبکہ فیچرز بھی کافی عمدہ ہیں۔

Looking at the Motorizer 60 from a different perspective can give you an idea of what it will really be like. Photo: INN
موٹوریزر ۶۰؍کو مختلف انداز میں دیکھ کر اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ یہ واقعی میں کیسا ہوگا؟۔ تصویر: آئی این این

 آج کی ٹیکنالوجی کے دور میں، جہاں فلیگ شپ فولڈنگ اور فلپ فونز کی قیمتیں آسمان چھو رہی ہیں، وہیں اکثر صارفین کے دل میں ایک خواب پلتا ہے کہ کاش وہ بھی کسی دن جدید فلپ فون کا تجربہ کر سکیں۔ لیکن یہ خواب اکثر قیمت، پائیداری اور عملی افادیت جیسے خدشات کی نذر ہو جاتا ہے۔ ایسےمیں موٹورولانےایک نیا فون متعارف کروایا ہے۔ اس فون کا نام موٹو ریزر ۶۰؍ہےجو تقریباً۵۰؍ ہزار روپے کی قیمت میں دستیاب ہے، اور خود کو’سب سے سستا فلِپ فون‘ کہلوانے کے لائق سمجھتا ہے۔ 
ڈیزائن
 فلِپ فونزکےبارے میں سب سے بڑا سوال یہی ہوتا ہے ’’کہیں یہ ٹوٹ تو نہیں جائے گا؟‘‘ لیکن موٹورولانے اس معاملے میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیاہے یعنی اسے انتہائی مضبوطی کے ساتھ بنایا ہے۔ فون کے فرنٹ پرگوریلا گلاس وکٹس کاتحفظ ہے، جبکہ اندرونی میکانزم میں ٹائٹینیم ہنجزکااستعمال کیا گیاہےجس سے یہ ہلکا پھلکا مگر انتہائی مضبوط فون ثابت ہوتا ہے۔ کمپنی کا دعویٰ ہے کہ اسے۵؍لاکھ مرتبہ فولڈ اور ان فولڈ کیا جا سکتا ہے، اور اس کے لیے اسے ایس جی ایس سرٹیفکیٹ بھی حاصل ہے۔ آئی پی ۵۲؍کی واٹر ریزسٹینس ریٹنگ، مضبوط میٹل فریم، اور پاور بٹن میں فنگرپرنٹ اسکینر شامل کرکے اسے ایک ٹھوس، پائیدار ڈیوائس بنایا گیا ہے۔ وزن صرف ۱۸۸؍گرام، جو اسے ہلکا اور آرام دہ بناتا ہے۔ یعنی اگر آپ اسے روزمرہ استعمال میں لائیں تب بھی کوئی پریشانی نہیں ہوگی۔ 
ڈسپلے
 باہرکا اسکرین۳ء۶؍ انچ کا ہے اور اندر کااسکرین۶ء۹؍انچ کا اوردونوں ہی پی او ایل ای ڈی پینل کےساتھ، شاندار رنگ، گہرے بلیک لیولزاور بھرپور برائٹنیس کے ساتھ آتےہیں۔ باہر کااسکرین ۹۰؍ ہرٹزریفریش ریٹ اور۱۵۰۰؍نٹس کی برائٹنیس دیتاہے، جبکہ اندر والااسکرین ۱۲۰؍ہرٹزریفریش ریٹ اور۳؍ہزارنٹس پییک برائٹنیس تک پہنچتا ہے۔ بیرونی اسکرین پر زیادہ تر ایپس چل سکتے ہیں  بشمول میسجنگ، کالنگ، نوٹیفکیشن چیک کرنا، وغیرہ۔ ایک عام دن کا بیشترکام اسی چھوٹےاسکرین پر ہو جاتا ہے، بس ویڈیو دیکھنے کے لیے اندرجانا پڑتا ہے۔ مطلب موٹورولانے فولڈنگ فارمیٹ کو صرف فیشن نہیں، ایک استعمالی فیچر میں تبدیل کیا ہے۔ 
ہارڈویئر
 یہاں موٹورولانے میڈیا ٹیک ڈائمنسٹی ۷۳۰۰؍ایکس چپ سیٹ کاانتخاب کیاہےجو جدید ضرورہے، لیکن فلیگ شپ نہیں۔ روزمرہ کے استعمال جیسےیوٹیوب، انسٹاگرام، واٹس ایپ، اور لائٹ گیمنگ میں یہ فون بہت روانی سےچلتا ہے۔ البتہ، اگر آپ ایک ہیوی گیمر ہیں تو شاید یہ فون آپ کے لیے نہ ہو۔ ۸؍جی بی ریم ریم اور ۲۵۶؍اسٹوریج والا صرف ایک ہی ویریئنٹ دستیاب ہے، جو کہ زیادہ تر صارفین کی ضروریات پوری کرتا ہے۔ 
 سافٹ ویئر
 موٹو ریزر۶۰؍میں آپ کو اینڈرائڈ ۱۵؍پر مبنی موٹورولا کاہیلو یو آئی ملتا ہے — یہ ایک نہایت ہلکا، تقریباً اسٹاک اینڈرائیڈ جیسا تجربہ دیتا ہے، جو آج کے وقت میں بہت بڑی بات ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ مو ٹو اے آئی کا اضافہ اسے اور خاص بناتا ہے۔ 
کیمرہ
 پیچھے۵۰؍میگا پکسل کامین کیمرہ اور ۱۳؍ میگا پکسل الٹرا وائڈ لینس دیاگیاہے۔ رنگ برنگی، واضح، اور تفصیل سے بھرپور تصاویر اس کی خاص پہچان ہیں۔ دن کی روشنی میں بہترین نتائج، اور نائٹ موڈ میں مناسب کارکردگی سامنے آتی ہے۔ میکرو شاٹس بھی لیے جا سکتے ہیں، اگرچہ کبھی کبھار رنگ ہلکے پڑ جاتے ہیں۔ 
بیٹری
 ۴۵۰۰؍ ایم اے ایچ کی بیٹری فلِپ فون کے لحاظ سے قابلِ تعریف۔ اس سے فون ۷؍گھنٹے مسلسل چلایا جاسکتاہےجو اس زمرےمیں ایک بڑی کامیابی ہے۔ ۳۰؍ واٹ چارجنگ کی سہولت ہے، اور مکمل چارج ہونےمیں تقریباً۸۵؍ منٹ لگتے ہیں۔ وائرلیس چارجنگ کی سہولت بھی موجود ہے، اگرچہ تھوڑی سست ہے۔ 

ڈسپلے            ۶ء۳؍ اور ۹ء۶؍انچ
پروسیسر         میڈیا ٹیک ڈائمنسٹی ۷۳۰۰؍ایکس
ریم                 ۸؍ جی بی
اسٹوریج          ۲۵۶؍ جی بی 
آپریٹنگ سسٹم     اینڈرائیڈ ۱۵؍پر مبنی ہیلو یو آئی
کیمرے           ۵۰؍،۱۳؍ اور سیلفی کیلئے۳۲؍میگا پکسل
بیٹری               ۴۵۰۰؍ ایم اے ایچ

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK