Updated: November 11, 2026, 10:03 PM IST
| Canberra
امریکی این جی او ’فریڈم ہاؤس‘ کی سالانہ رپورٹ ’فریڈم ان دی ورلڈ‘ میں ۱۹۵ ممالک اور ۱۳ خطوں میں سیاسی حقوق اور شہری آزادیوں کا جائزہ لیا گیا ہے۔ ہندوستان نے ۱۰۰ پوائنٹس میں سے ۶۲ پوائنٹس اسکور کئے ہیں۔ یہ گزشتہ سال کے اسکور ۶۳ سے ایک پوائنٹ کم ہے۔ فریڈم ہاؤس کا کہنا ہے کہ ہندوستان اب بھی کثیر الجماعتی جمہوریت ہے لیکن وزیرِ اعظم مودی اور بی جے پی کی قیادت میں حکومت نے امتیازی پالیسیوں اور مسلمانوں کے بڑھتے ہوئے استحصال کی نگرانی کی ہے۔
آسٹریلیا میں امریکی سفارتخانے کی جانب سے پوسٹ کیا گیا متنازع نقشہ۔ تصویر: ایکس
آسٹریلیا میں امریکی سفارت خانے نے منگل کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک نقشہ پوسٹ کیا جس میں ہندوستان کو ”جزوی طور پر آزاد“ ملک دکھایا گیا ہے۔ یہ نقشہ ’فریڈم ہاؤس‘ کی سالانہ رپورٹ ’فریڈم ان دی ورلڈ‘ پر مبنی ہے جو امریکہ میں قائم ایک غیر منافع بخش تنظیم ہے اور اسے امریکی حکومت سے فنڈز ملتے ہیں۔ نقشے میں امریکہ اور آسٹریلیا کو ”آزاد“ ممالک کے طور پر دکھایا گیا تھا۔ سفارت خانے نے لکھا کہ آزادی مضبوط ترین شراکت داریوں کی بنیاد ہے۔ اس نے یہ بھی لکھا ہے کہ چین میں ”ان آزادیوں سے انکار کیا جاتا ہے۔“ اس پوسٹ پر صارفین نے شدید تنقید کی ہے۔ متعدد صارفین نے اس جائزے پر سوالات اٹھائے اور انسانی حقوق سے متعلق خود امریکہ کے ریکارڈ کی طرف اشارہ کیا۔
یہ بھی پڑھئے: مودی کی تعریف والی ٹرمپ کی پوسٹ، امریکی لابنگ کمپنی کو ماہانہ ۷۵؍ ہزار ڈالر
ہندوستان کے بارے میں رپورٹ کیا کہتی ہے
۲۰۲۶ء کی رپورٹ میں ۱۹۵ ممالک اور ۱۳ خطوں میں سیاسی حقوق اور شہری آزادیوں کا جائزہ لیا گیا ہے۔ ہندوستان نے ۱۰۰ پوائنٹس میں سے ۶۲ پوائنٹس اسکور کئے ہیں۔ یہ گزشتہ سال کے اسکور ۶۳ سے ایک پوائنٹ کم ہے۔ یہ مسلسل چھٹا سال ہے جب ہندوستان کو ”جزوی طور پر آزاد“ قرار دیا گیا ہے۔ ۲۰۲۰ء تک اسے ”آزاد“ کا درجہ حاصل تھا جسے ۲۰۲۱ء میں گھٹا دیا گیا تھا۔
فریڈم ہاؤس کا کہنا ہے کہ ہندوستان اب بھی کثیر الجماعتی جمہوریت ہے۔ لیکن اس نے کہا کہ وزیرِ اعظم نریندر مودی اور بی جے پی کی قیادت میں حکومت نے امتیازی پالیسیوں اور مسلمانوں کے بڑھتے ہوئے استحصال کی نگرانی کی ہے۔ صحافیوں، غیر سرکاری تنظیموں (این جی اوز) اور حکومتی ناقدین کو ہراساں کرنے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ بی جے پی نے سیاسی مخالفین کے خلاف سرکاری اداروں کا تیزی سے استعمال کیا ہے، اور مسلمان، دلت اور آدیواسی معاشی اور سماجی طور پر بدستور حاشیے پر ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: آزادی کے ۸۰ سال بعد بھی ہندوستان خود کو انگریزی سے آزاد نہیں کر سکا: جسٹس گوتم چودھری
اسی رپورٹ میں ”آزاد“ قرار دیئے گئے ممالک میں امریکہ، بلغاریہ اور اٹلی میں سب سے زیادہ گراوٹ دیکھی گئی۔ اس کے پیچھے قانون سازی میں بڑھتی ہوئی خرابی، انتظامیہ کے غلبے، آزادیِ اظہار پر دباؤ اور انسدادِ بدعنوانی کے حفاظتی اقدامات کو کمزور کرنے کی کوششوں کا حوالہ دیا گیا ہے۔ امریکہ کے اسکور میں ۳ پوائنٹس کی کمی ہوئی۔ ۲۰۰۵ء کے بعد سے اس میں خالص کمی ۱۲ پوائنٹس کی ہے جو ناورو اور بلغاریہ کے علاوہ کسی بھی دوسرے ”آزاد“ ملک سے زیادہ ہے۔
آن لائن ردِعمل
کئی صارفین نے اس نقشے کی ساکھ پر سوال اٹھائے۔ نیپالی تجزیہ کار دیپک گیاوالی نے سوال کیا کہ نیپال کو ”آزاد“ کیوں نہیں دکھایا گیا۔ انہوں نے حیرت کا اظہار کیا کہ مسئلہ نیپال کی جمہوریت کا تھا یا فریڈم ہاؤس کی ساکھ کا۔ ایک صارف نے ان منائی جانے والی آزادیوں کو ”لفظی معنوں میں ناقابلِ یقین“ قرار دیا۔ ایک اور صارف نے دوسروں کو آزادی پر واشنگٹن کے درس دینے کا موازنہ ”جیفری ایپسٹین کی جانب سے بچوں کی تربیت پر لیکچر دینے“ سے کیا۔