Updated: January 18, 2026, 10:06 PM IST
| Washington
ٹرمپ نے دھمکی دی ہے کہ وہ گرین لینڈ پر ان کے منصوبے کے مخالف ۸؍ ممالک پر ٹیرف عائد کریں گے، جس کے جواب میں فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے کہایوکرین ہو یا گرین لینڈ، دنیا کے کسی بھی حصے میں کوئی دھمکی یا دباؤ ہمیں متاثر نہیں کر سکتا،جبکہ برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر نے گرین لینڈ پر ٹرمپ کے ٹیرف منصوبے کو ’بالکل غلط‘ قرار دیا۔
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ۔ تصویر: آئی این این
امریکی صدر ٹرمپ نے گرین لینڈ سے متعلق ’قومی سلامتی‘ کے خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ واشنگٹن یکم فروری سے آٹھ یورپی ممالک سے درآمد ہونے والی مصنوعات پر نئی ٹیرف عائد کرے گا، جو جون میں نمایاں طور پر بڑھ جائیں گی۔اپنی سوشل میڈیا کمپنی ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں، ٹرمپ نے کہا کہ’’ ڈنمارک، ناروے، سویڈن، فرانس، جرمنی، برطانیہ، نیدرلینڈز اور فن لینڈ سے درآمدات پر اگلے مہینے سے۱۰؍ فیصد ٹیرف عائد ہوگی، جو یکم جون کو بڑھ کر۲۵؍ فیصد ہو جائے گی۔انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات اس وقت تک برقرار رہیں گے جب تک کہ گرین لینڈ کی مکمل اور کلی خریداری کے معاہدے پر بات نہیں ہو جاتی۔
بعد ازاں ٹرمپ کی گرین لینڈ کے تنازع پر آٹھ یورپی ممالک پر نئی ٹیرف عائد کرنےکی دھمکی کے بعد فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے سنیچر کو ایک بیان میں کہا کہ ’’نہ تو کوئی دھمکی اور نہ ہی خطرہ ہمیں متاثر کرے گا ،نہ یوکرین میں، نہ گرین لینڈ میں، اور نہ ہی دنیا میں کہیں اور جب ہم ایسے حالات کا سامنا کریں گے۔‘‘انہوں نے قوموں کی خودمختاری اور آزادی کے لیے فرانس کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اسی بنیاد پر ڈنمارک کی طرف سے گرین لینڈ میں منعقدہ مشق میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا تھا۔ ۔میکرون نے مزید کہا،’’ ہم اس فیصلے کی مکمل ذمہ داری قبول کرتے ہیں، کیونکہ آرکٹک میں اور ہمارے یورپ کی بیرونی حدود میں سلامتی داؤ پر لگی ہوئی ہے، ٹیرف کی دھمکیاں ناقابل قبول ہیں اور اس تناظر میں ان کا کوئی مقام نہیں۔ اگر ان کی تصدیق ہوتی ہے تو یورپی باشندے متحد اور مربوط طریقے سے جواب دیں گے۔ ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ یورپی خودمختاری برقرار رہے۔ اسی روح کے ساتھ میں اپنے یورپی شراکت داروں کے ساتھ رابطہ قائم کروں گا۔‘‘
اسی کے ساتھ برطانیہ کے وزیر اعظم کئیر اسٹارمر نے بھی ٹرمپ کے فیصلے پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے، انہوں نے ٹرمپ کے ٹیرف کے اعلان پر تنقید کرتے ہوئے ۸؍گرین لینڈ پر قبضہ کرنے کے ٹرمپ کے فیصلے کو مکمل طور پر غلط قرار دیا۔ واضح رہے کہ ٹرمپ طویل عرصے سے ڈنمارک سے گرین لینڈ لینے کے امریکی ارادے کا دعویٰ کرتے رہے ہیںان کی دلیل ہے کہ واشنگٹن کو قومی سلامتی کے مفاد میں خود مختار آرکٹک علاقے کی ضرورت ہے۔