Updated: November 03, 2025, 2:02 PM IST
| Washington
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے۲۰۲۸ء کے صدارتی انتخابات میں تیسری مدت کیلئے الیکشن لڑنے کے امکان کو مسترد کر دیا ہے۔ سی بی ایس نیوز کے پروگرام ’’۶۰؍ منٹس‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ اس بارے میں سوچتے بھی نہیں، اگرچہ بہت سے لوگ چاہتے ہیں کہ وہ دوبارہ انتخاب لڑیں۔
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ۔ تصویر: آئی این این۔
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اتوار کو نشر ہونے والے سی بی ایس نیوز کے پروگرام’’۶۰؍ منٹس‘‘ کے ایک انٹرویو میں ۲۰۲۸ءکے صدارتی انتخابات میں تیسری مدت کیلئے الیکشن لڑنے کے امکان کو مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا:’’میں اس بارے میں سوچتا بھی نہیں۔ میں آپ کو بتاتا ہوں، بہت سے لوگ چاہتے ہیں کہ میں الیکشن لڑوں۔ ‘‘یہ بات انہوں نے میزبان نورا او ڈونیل کے اس سوال کے جواب میں کہی کہ کیا وہ تیسری مدت کیلئے صدارتی انتخاب لڑنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ جب ان سے ممکنہ امیدواروں کے بارے میں پوچھا گیا، جن میں نائب صدر جے ڈی وینس اور امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو کے نام شامل تھے، تو ٹرمپ نے یقین دہانی کرائی کہ انہیں دونوں پسند ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: نیویارک کے میئر الیکشن کیلئے کل پولنگ، ظہران ممدانی کی حمایت میں اضافہ، شاندار فتح کی امید
انہوں نے مزید کہا:’’مجھے بہت سے لوگ پسند ہیں۔ ہمارے پاس ایک غیر معمولی ٹیم ہے۔ ہم دو لوگوں کو ایک ساتھ بھی چلا سکتے ہیں۔ ہمارے پاس بہترین ٹیم ہے۔ اس لئے میں الیکشن کی بات شروع نہیں کرنا چاہتا۔ ایسا کرنا بہت جلد بازی ہوگی۔ ‘‘یاد رہے کہ امریکی آئین کی۲۲؍ویں ترمیم کے تحت صدر صرف دو مدتوں تک ہی عہدے پر فائز رہ سکتا ہے۔