• Wed, 15 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

امریکی صدر ٹرمپ کو مصر میں’نشانِ نیل ‘ ایوارڈ سے نوازا گیا

Updated: October 15, 2025, 10:38 AM IST | Agency | Cairo

صدر ٹرمپ کو امن کے فروغ اور تنازعات کے خاتمے، خصوصاً غزہ میں جنگ بندی کے قیام میں ان کے کردار کے اعتراف میں یہ اعزاز دیا گیا۔

Trump with Abdel Fattah al-Sisi, the Nile medal can be seen in the background. Photo: INN
ٹرمپ عبدالفتاح سیسی کےساتھ ، عقب میںتمغہ نیل دیکھا جاسکتا ہے۔ تصویر: آئی این این
مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے پیر کو امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کوقلادہ نیل (نشانِ نیل/تمغہ نیل  ) عطا کیا ہے جو ملک کا سب سے اعلیٰ قومی اعزاز ہے ۔ یہ اعزاز صدر ٹرمپ کو امن کے فروغ اور تنازعات کے خاتمے، خصوصاً غزہ میں جنگ بندی کے قیام میں ان کے کردار کے اعتراف میں دیا گیا۔ مصری صدارتی ویب سائٹ کے مطابق نشانِ نیل ملک کا سب سے بڑا اور باوقار تمغہ ہے، جو صرف صدرِ مملکت کی جانب سے عطا کیا جاتا ہے۔ اس کے ساتھ ایک خصوصی سند بھی دی جاتی ہے اور وفات کی صورت میں اعزاز یافتہ شخصیت کو فوجی اعزاز کے ساتھ خراجِ عقیدت پیش کیا جاتا ہے۔ 
مصری ایوانِ صدر سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ تمغہ ٹرمپ کو امن کی کوششوں اور تنازعات کے حل میں ان کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں دیا گیا ہے، خاص طور پر حال ہی میں غزہ جنگ کے خاتمے میں ان کے اہم کردار کے لیے۔‘یہ فیصلہ شرم الشیخ میں دونوں صدور کی سربراہی اجلاس کے موقع پر کیا گیا تھا۔
اس اعزاز کی بنیاد۱۹۱۵ء  میں سلطان حسین کامل کے دور میں رکھی گئی۔ ’نشانِ نیل‘ مصر کا پہلا اور اعلیٰ ترین قومی اعزاز ہے جس کے بعد ’نشانِ جمہوریہ ‘ اور وشاح النیل  بالترتیب دوسرے اور تیسرے درجے پر آتے ہیں۔  مصری قانون کے مطابق  نشانِ نیل  سربراہانِ مملکت، ولی عہد، نائب صدور، یا اُن ممتاز شخصیات کو دیا جا سکتا ہے جنہوں نے ملک یا انسانیت کے لیے نمایاں خدمات انجام دی ہوں۔ 
یہ نشان خالص سونے یا چاندی سے تیار کیا جاتا ہے، جس میں تین مربع حصے شامل ہوتے ہیں۔ ہر حصہ قدیم مصری انداز کے نقش  و نگار اور مینا  کاری سے مزین ہوتا ہے ۔ ان حصوں کو دو متوازی زنجیروں سے جوڑا جاتا ہے جن کے درمیان ننھی کنول کی کلیاں (لَوٹَس فلاور) جڑی ہوتی ہیں۔  اس تمغہ کو پاکیزگی اور ابدیت کی علامت سمجھا جاتا ہے۔
  غیر ملکی رہنماؤں میں یہ اعزاز سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز، برطانیہ کی ملکہ ایلزبتھ دوم، عمان کے سلطان قابوس، لبنان کے سابق صدر امیل لحود، قطر کے سابق امیر شیخ حمد بن خلیفہ، یوگوسلاویہ کے صدر جوزف بروز ٹیٹو، موریطانیہ  کے صدر محمد ولد عبدالعزیز، جنوبی افریقہ کے نیلسن منڈیلا، جاپان کے شہنشاہ اکی ہیتو اور ایتھوپیا کے ہیلا سیلاسی کو دیا جا چکا ہے۔ مصری رہنماؤں میں جمال عبدالناصر، انور السادات، محمد نجیب، حسنی مبارک، عبدالفتاح السیسی اور عدلی منصور یہ اعزاز حاصل کرنے والوں میں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ۱۹۷۹ء  میں صدر انور سادات نے امریکی صدر جمی کارٹر کو مصر-اسرائیل امن معاہدے تک پہنچنے میں ان کے اہم کردار کے اعتراف میں یہ میڈل دیا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK