ہربم کا وزن ۹۰۰؍ کلوگرام سے زائد ،۲ء۸؍ ارب ڈالرس کا پیکیج تیار،اسرائیل غزہ اور ایران میں استعمال کرسکے گا۔
EPAPER
Updated: September 18, 2026, 4:23 PM IST | Agency | Washington
ہربم کا وزن ۹۰۰؍ کلوگرام سے زائد ،۲ء۸؍ ارب ڈالرس کا پیکیج تیار،اسرائیل غزہ اور ایران میں استعمال کرسکے گا۔
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی انتظامیہ اسرائیل کو تقریباً ۶۰؍ہزار انتہائی تباہ کن بم فراہم کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ تقریباً ۲؍ ہزار پاؤنڈ (۹۰۷؍کلوگرام) وزن رکھنے والے ان بموں کی ممکنہ فروخت کا حجم ۲ء۸؍ ارب ڈالر بتایا گیا ہے اور اس پیکیج کی بڑی رقم امریکی ٹیکس دہندگان کے پیسوں سے ادا کئےجانے کی توقع ہے۔امریکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ نے اس اسلحہ فروخت کی منظوری دے دی ہے اور کانگریس کو بھی غیر رسمی طور پر اس کی اطلاع دے دی گئی ہے۔ اگر یہ معاہدہ مکمل ہوتا ہے تو یہ اسرائیل کو امریکی ہتھیاروں کی فراہمی کے بڑے پیکیج میں شمار ہوگا۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب غزہ میں تقریباً تین سال سے جاری جنگ، مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادکاروں کے حملوں اور جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے نتیجے میں دسیوں ہزار افراد ہلاک اور خطے میں لاکھوں لوگ بے گھر ہوچکے ہیں۔ انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے اسرائیلی کارروائیوں میں شہری ہلاکتوں کی تعداد اور تناسب پر مسلسل تشویش کا اظہار کیا جاتا رہا ہے۔دوسری جانب امریکہ کے اپنے ہتھیاروں کے ذخائر بھی متعدد فوجی محاذوں کے باعث دباؤ کا شکار ہیں۔ امریکہ کی ایران کے خلاف جنگ اور روس یوکرین جنگ کے دوران یوکرین کو ہتھیاروں کی مسلسل فراہمی نے بھی امریکی اسلحہ ذخائر پر اثر ڈالا ہے۔
یہ بھی پڑھئے:اسرائیل نے غزہ سے مصر علاج کیلئے جانے والے مریضوں کی تعداد ۱۳۶؍ سے ۶۱؍ کردی
رپورٹس کے مطابق مجوزہ پیکیج میں مجموعی طور پر تقریباً ۶۰؍ ہزار وار ہیڈز شامل ہوسکتے ہیں جن میں ۲۰؍ ہزار ایم کے ۸۴؍، ۲۰؍ ہزار بی ایل یو۱۱۷؍ اور ۲۰؍ ہزار آئی۲۰۰۰؍ پینیٹریٹر بم شامل ہیں۔تاہم ٹرمپ انتظامیہ نے تاحال اس فروخت کی باضابطہ تصدیق نہیں کی ہے۔ اے ایف پی کے مطابق انتظامیہ کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا کہ تمام غیر ملکی اسلحہ فروخت ’’مناسب طریقہ کار‘‘ کے تحت آگے بڑھ رہی ہیں، تاہم انہوں نے زیر التوا سودوں پر تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔
کون کون سے بم ہیں؟
ایم کے۸۴:ایم کے ۸۴؍ مارک ۸۰؍ سیریز کا سب سے بڑا بم ہے۔ اس کا وزن تقریباً ۲؍ ہزار پاؤنڈ یعنی۹۰۰؍ کلوگرام ہوتا ہے۔ یہ ایک’’ اَن گائیڈیڈ‘‘ بم ہے جسے عمارتوں اور نسبتاً محفوظ یا مضبوط اہداف کے خلاف زیادہ سے زیادہ دھماکہ خیز اثر اور ٹکڑوں کے ذریعے تباہی کیلئے تیار کیا گیا ہے۔
بی ایل یو۱۱۷:یہ بم بھی تقریباً ۲؍ ہزار پاؤنڈ وزنی ہے اور ظاہری شکل میں ایم کے ۸۴؍ سے کافی مشابہت رکھتا ہے، تاہم اس میں مختلف نوعیت کا دھماکہ خیز مواد استعمال ہوتا ہے۔ اسے پریسیژن گائیڈنس کٹس کے ساتھ نصب کیا جاسکتا ہے، جس سے اس کی ہدف تک پہنچنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوتا ہے۔اس بم پر حفاظتی کوٹنگ بھی ہوتی ہے جس سے یہ زیادہ بہتر وار کرسکتا ہے۔