Inquilab Logo

اترپردیش :  قانون ساز کاؤنسل کی ۱۲؍نشستوں کیلئےانتخابی سرگرمیاں تیز

Updated: January 16, 2021, 1:41 PM IST | Agency | New Delhi / Lucknow

سماجوادی پارٹی کے احمد حسن اور راجندر چودھری نے پرچہ نامزدگی داخل کیا،بی جے پی نے اروند شرما، دنیش شرما اورسوتنر دیو کو ٹکٹ دینے کااعلان کیا، ۱۲؍سیٹوں کیلئے ۲۸؍جنوری کوانتخاب ہوگا

Samajwadi Party Flag - Pic : INN
سماج وادی پارٹی کا جھنڈا ۔ تصویر : آئی این این

 اترپردیش قانون ساز کاؤنسل کی ۱۲؍ سیٹوں کے انتخابات کی سرگرمیاں  تیز ہوگئی ہیں۔ ایم ایل سی انتخاب کیلئے ووٹنگ۲۸؍جنوری کو ہوگی۔ اس انتخاب کیلئے  جمعہ کو ایک جانب جہاں سماجوادی پارٹی کی جانب سے ۲؍امیدواروں نے پرچہ نامزدگی داخل کئے وہیں بھارتیہ جنتا پارٹی نے ۳؍امیدواروں کو ٹکٹ دیا ہے۔ 
احمد حسن اور راجندر چودھری نےکاغذات نامزدگی داخل  کئے
  اتر پردیش قانون ساز کونسل کی۱۲؍سیٹوں کے لئے ہو رہے انتخابات کے لئے سماج وادی پارٹی (ایس پی)  کےڈاکٹر احمد حسن اور راجندر چودھری نے جمعہ کے روز کاغذات نامزدگی داخل کئے۔ ایس پی صدر اکھلیش یادو اور ریاستی صدر نریش اتم پٹیل کی موجودگی میں قانون ساز کونسل میں حزب اختلاف کے لیڈر ڈاکٹر حسن اور چودھری نے اسمبلی عمارت میں اپنے کاغذات نامزدگی داخل کئے۔   اس موقع پر ایس پی کے کئی اراکین اسمبلی اور عہدیدار بھی موجود تھے۔  اکھلیش یادو نے کہا کہ ان کے دونوں امیدواروں کی جیت پکی ہے ، جبکہ اگلے سال ہونے والے اسمبلی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی سرکارکو الوداع بھی  ایس پی کرے گی۔
بی جے پی نے اروند شرما ، دنیش شرما ، سوتنتردیو کو قانون ساز کونسل کا ٹکٹ
  بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے جمعہ کو سابق آئی اے ایس افسر اروند کمار شرما کو قانون ساز کونسل کے دو سالہ انتخابات کے لئے اپنا امیدوار بنانے کا اعلان کیا ۔ بی جے پی کے جنرل سکریٹری ارون سنگھ نے یہاں بتایا کہ بی جے پی کی مرکزی کمیٹی نے شرما کو امیدوار بنانے کے ساتھ ہی  ریاستی بی جے پی کے صدر سوتتر دیو ، ریاست کے نائب وزیر اعلی ڈاکٹر دنیش شرما اور  لکشمن پرساد اچاریہ کو اتر پردیش قانون ساز کونسل کی چارسیٹوں کے لئے دوبارہ امیدوار بنایا ہے ۔ 
وزیر اعظم نریندر مودی کے قریبی سمجھے جانے والے  شرما نے جمعرات کے روز لکھنؤ میں بی جے پی کی رکنیت حاصل کی تھی ۔ پارٹی کے ریاستی صدر سوتنتردیو سنگھ نے  شرما کو پارٹی ہیڈ کوارٹر میں ایک سادہ تقریب میں پارٹی کی رکنیت دلائی ۔ اس موقع پر نائب وزیر اعلی ڈاکٹر دنیش شرما بھی موجود تھے۔ گجرات کیڈر کے شرما نے حال ہی میں رضاکارانہ ریٹائرمنٹ لی ہے۔    شرما کا تعلق ضلع مٔو کے ایک پسماندہ گاؤں سے ہے ۔  انہیں اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی کابینہ میں اہم ذمہ داریاں دیئے جانے کی قیاس آرائیاں ہیں ۔
     واضح رہے کہ قانون ساز کونسل کی۱۲؍ سیٹوںپر۲۸؍ جنوری کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ قانون ساز کونسل کی ان سیٹوں پر کے لئے نامزدگی کا عمل۱۸؍ جنوری تک جاری رہے گا۔ ان۱۲؍ سیٹوں میں سے ۱۰؍ پر بی جے پی اور ایک پر ایس پی کی جیت طے ہے۔ تاہم بی بارہویں سیٹ پر بی جے پی کے سماج وادی پارٹی میں جنگ ہوگی۔ اس سیٹ کے لئے بی ایس پی اہم کردارادا کرسکتی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK