Inquilab Logo Happiest Places to Work

۳۴؍ سیکنڈ میں تہس نہس ہوگیا اُتراکھنڈ کا دھرالی گاؤں

Updated: August 05, 2025, 10:30 PM IST | Uttarkashi

بادل پھٹنے سےآفت، پہاڑ سے پانی اور ملبہ آیا اور چشم زدن میں پورا گاؤں تباہ ہوگیا، ۴؍ افراد ہلاک، ۶۰؍ سے زائد لاپتہ، دیگر ریاستوں میں بھی تیز بارش

Two pictures of Dharali village, the map of the village changed immediately upon seeing them (Photos: PTI)
دھرالی گاؤں کی دو تصویریں، دیکھتے ہی دیکھتے گاؤں کا نقشہ بدل گیا (تصاویر: پی ٹی آئی)

بارش رحمت بھی ہے اور زیادہ ہو جائے تو زحمت بھی ہے ۔ منگل کو اتراکھنڈ میں اترکاشی ضلع کے دھرالی گاؤں میں جو کچھ ہوا، اسے قیامت صغریٰ بھی تعبیر کیا جاسکتا  ہے جہاں بادل پھٹنے کے بعد چشم زدن میں پورا گااؤں تباہ ہوگیا۔پہاڑی سے پانی اور ملبہ آیا اور اپنے ساتھ پورا گاؤں بہا لے گیا۔ اس سانحہ میں جہاں ۴؍ افراد ہوگئے ہیں، وہیں ۶۰؍ سے زائد افراد کے لاپتہ ہونے کی بھی خبر ہے۔ اندیشہ ہے کہ ان میں سے زیادہ تر ملبے میں دبے ہوئے ہیں یا پھر پانی میں بہہ گئے ہیں۔ دریں اثنا این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیمیں تعینات کر دی گئی جس کی وجہ سے راحتی کام میں تیزی آگئی ہے۔  اتراکھنڈ کے ساتھ ہی دیگر کئی ریاستوں میں بھی تیز بارش کی وجہ سے  زندگی کے معمولات درہم برہم ہیں۔
   بادل پھٹنے کے خوفناک ویڈیوز  سامنے آئے ہیں، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کس طرح چند سیکنڈ میں سب کچھ تباہ ہو گیا۔ ویڈیوز میں لوگ چیختے ہوئے بھی دکھائی دے رہے ہیں۔بتایا جا رہا ہے کہ بادل پھٹنے سے آبی سطح بڑھ گئی اور قصبہ دھرالی میں ملبہ تیزی سے بہتا چلا گیا۔ اس سے قصبہ کے بیشتر گھروں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔  اطلاع کے مطابق سیلاب کا پانی اور ملبہ گھروں اور ہوٹلوں میں بھر گیا ہے۔  بتایا جا رہا ہے کہ آبی سطح بڑھنے سے دھرالی گاؤں کے ساتھ ہی دھرالی مارکیٹ میں بھی کافی نقصان ہوا ہے۔اس حادثے کی خبر ملتے ہی راحت اور بچاؤکاری کیلئے ٹیمیں پہنچ گئی ہیں۔اترکاشی کے ضلع مجسٹریٹ پرشانت آریہ نے اطلاع دی ہے کہ راحتی کام میں تیزی لائی جارہی ہے اور کوشش کی جارہی ہے کہ ملبے دبے افراد کو بچا لیا جائے۔اترکاشی پولیس نےمذکورہ حادثے کے پیش نظر اعلان کیا ہے کہ مقامی افراد ندی سے دوری بناکر رکھیں اور جس قدر بھی ممکن ہو ندی سے کچھ فاصلے پر چلے جائیں۔
 حادثے پراظہار افسوس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے کہا کہ راحت اور بچاؤ کاری کے کاموں کیلئے ایس ڈی آر ایف، این ڈی آر ایف، ضلع انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ٹیمیں جنگی سطح پر مصروف ہیں۔ہم سینئر افسران سے رابطے میں ہیں اور حالات کی نگرانی کی جا رہی ہے۔
 بنارس:سیلاب سے معمولات زندگی متاثر
  بنارس(ایجنسی):یہاں منگل کو بھی گنگا کی آبی سطح خطرے کے نشان سے اوپر رہا ، جس کی وجہ سے شہر کےکئی علاقے زیر آب ہیں۔ بعض جگہوں پرگھر کی پہلی منزل تک سیلاب کا پانی بھر گیا ہے جس کے سبب لوگوں کا گھر سے باہر نکلنا مشکل ہوگیا ہے۔اس کی وجہ سے کچھ کالونیوں میں کشتیوں کا سہارا لیا جارہا ہے۔
الہ آباد:گنگا میں تین لڑکے ڈوبے
 الہ آباد(ایجنسی): یہاں پھاپھا مئو علاقے میں گنگا ندی میں نہانے کے دوران تین بچے ڈوب گئے جن کی تلاش جاری ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق منگل کو۵؍ دوست گنگا میں نہانے کیلئے گئے تھے۔اس  دوران ندی  میں پانی کی سطح اچانک بڑھ گئی جس کی وجہ سے سبھی گہرے پانی میں ڈوبنے لگے۔ ساحل پر موجود غوطہ خوروں نے  انہیں  بچانے کی کوشش کی لیکن دو ہی لوگوں کو بچا سکے۔
کیرالا  میں ریڈ الرٹ
 ترواننت پورم(ایجنسی):محکمہ موسمیات نے۵؍ اگست کو کیرالا کے تھریشور، ایرناکولم اور اڈومیں۲۴؍ گھنٹوں میں ۲۰؍ سینٹی میٹر سے زیادہ بارش کیلئے الرٹ جاری کیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK