ٹیم انڈیا میں منتخب ہونے والے سب سے کم عمر کھلاڑی بن گئے ،پہلے یہ ریکارڈ سچن کے پاس تھا ۔اپنے مظاہرے سے سوریہ ونشی نے ہمیں مجبور کردیا : اجیت اگر کر
EPAPER
Updated: June 06, 2026, 11:05 PM IST | Mumbai
ٹیم انڈیا میں منتخب ہونے والے سب سے کم عمر کھلاڑی بن گئے ،پہلے یہ ریکارڈ سچن کے پاس تھا ۔اپنے مظاہرے سے سوریہ ونشی نے ہمیں مجبور کردیا : اجیت اگر کر
ہندوستانی کرکٹ کے ابھرتے ہوئے سپر اسٹار ویبھو سوریہ ونشی نے ایک اور تاریخی کارنامہ انجام دیتے ہوئے ہندوستانی قومی ٹیم میں منتخب ہونے والے اب تک کے سب سے کم عمر کھلاڑی کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ صرف ۱۵؍ سال اور ۷۱؍ دن کی عمر میں انہیں جون-جولائی میں آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوینٹی سیریز کے ساتھ ساتھ ستمبر میں ہونے والے ایشین گیمز کے لئے ہندوستانی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔اسی دوران ٹیم انڈیا کی ٹی ٹوینٹی قیادت میں بھی بڑی تبدیلی کی گئی ہے۔ سلیکٹروں نے شریس ایّر کو ٹیم کا نیا کپتان مقرر کیا ہے جبکہ ٹیم انڈیا کو ۳؍ ماہ قبل ہی ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ جتانے والے سوریہ کمار یادو نہ صرف قیادت سے محروم ہوگئے ہیں بلکہ انہیں موجودہ اسکواڈ میں بھی جگہ نہیں دی گئی۔ نوجوان بلے باز تلک ورما کو نائب کپتان بنایا گیا ہے۔
ویبھو سوریہ ونشی نے قومی ٹیم میں پہلی مرتبہ انتخاب کے وقت کم ترین عمر کا ریکارڈ قائم کرتے ہوئے نہ صرف خاتون ٹیم انڈیا کی کھلاڑی شفالی ورما کا ریکارڈ توڑ دیا بلکہ وہ عظیم بلے باز سچن تینڈولکر کا بھی ریکارڈ توڑنے میں کامیاب رہے ہیں۔ اس سے قبل مرد و خواتین دونوں زمروں میں ہندوستان ٹیم کے لئے منتخب ہونے والی کم عمر ترین کھلاڑی شفالی ورما تھیں جن کا انتخاب ۱۵؍ سال اور ۲۲۰؍ دن کی عمر میں ہوا تھا۔مردوں کے کرکٹ میں یہ اعزاز اب تک مایہ ناز بلے باز سچن تینڈولکر کے نام رہا جنہیں ۱۶؍ سال اور ۱۹۴؍دن کی عمر میں ٹیم انڈیا میں منتخب کیا گیا تھا۔اگرچہ شفالی ورما نے ۱۵؍سال اور۲۳۹؍دن کی عمر میں ہندوستان کے لئے اپنا پہلا بین الاقوامی میچ کھیل لیا تھا جبکہ سچن تینڈولکر نے ۱۶؍ سال اور۲۰۵؍ دن کی عمر میں ڈیبیو کیا تھا لیکن ویبھو کے پاس ان دونوں عظیم ناموں کو پیچھے چھوڑنے کا سنہری موقع موجود ہے۔اگرویبھو سوریہ ونشی کو آئرلینڈ یا انگلینڈ کے دورے پر یا پھر ایشین گیمز میں ایک بھی میچ کھیلنے کا موقع مل جاتا ہے تو وہ ہندوستان کی نمائندگی کرنے والے سب سے کم عمر کرکٹر بن جائیں گے۔ اس طرح ویبھو سوریہ ونشی نہ صرف انتخاب بلکہ بین الاقوامی میدان میں قدم رکھنے کے حوالے سے بھی ایک نیا قومی ریکارڈ قائم کر سکتے ہیں۔
دریں اثناءہندوستان کے چیف سلیکٹر اجیت اگرکر نے کہا کہ ان کی سلیکشن کمیٹی کے پاس ویبھو سوریہ ونشی کو قومی ٹیم میں موقع دینے کے علاوہ کوئی دوسرا متبادل نہیں تھا۔اگرکر نے کہا کہ ۱۵؍ سال کے اس کھلاڑی نے گزشتہ دو آئی پی ایل سیزن میں اپنے شاندار مظاہرے سے ٹی ٹوینٹی ٹیم میں جگہ تقریباً خود ہی پکی کرلی تھی ۔ اگرکر نے کہاکہ مجھے لگتا ہے کہ انہوں نے خود ہی اپنی جگہ بنا لی۔ اپنے مظاہرے سے ہی انہوں نے ہمیں منتخب کرنے کے لیے تقریباً مجبور کر دیا۔ مجھے یہ بتانے کی ضرورت نہیں ہے کہ وہ کتنا اچھا کھیل رہے ہیں اور یہ صرف اس سیزن کی بات نہیں ہے۔ گزشتہ سیزن میں انہوں نے اپنے آئی پی ایل کیریئر کا شاندار آغاز کیا تھا۔ایک نوجوان کھلاڑی کا اتنے مسابقتی اور دباؤ والے ٹورنامنٹ میں اس کارکردگی کو دہرانا قابلِ تعریف ہے۔ جس طرح وہ دھماکہ خیز بلے بازی کر سکتے ہیں اور میچ کا رخ بدل سکتے ہیں، ہندوستان میں ٹی ٹوینٹی کرکٹ دیکھنے والے ہر شخص کی طرح ہمیں بھی ان سے بہت امیدیں ہیں۔
اس سےقبل بی سی سی آئی نےآئرلینڈ اور انگلینڈ کے آئندہ دوروں اور ستمبر میں جاپان میں ہونے والے ۲۰۲۶ءایشین گیمز کے لئے شریس ایّر کو قومی ٹی ٹوینٹی ٹیم کا نیا کپتان بنایا ہے۔ قومی ٹیم کے سلیکٹرس نے ویبھو سوریہ ونشی کو تینوں ٹیموں میں جگہ دی ہے۔ ٹیم میں ہرشیت رانا کی بھی واپسی ہوئی ہے۔ سوریہ کمار یادو کو ان کے خراب فارم کی وجہ سے ٹیم انڈیا سے باہر کیا گیا۔ بی سی سی آئی نے ٹیم کی قیادت میں یہ تبدیلی لاس اینجلس۲۰۲۸ء اولمپکس اور اسی سال آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں ہونے والے ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کو ذہن میں رکھتے ہوئے ایک نئی ٹیم تیار کرنے کیلئے کی ہے۔ شریس ایّر ٹی ٹوینٹی ٹیم کی تاریخ میں ۱۵؍ ویں کپتان ہوں گے۔