وارانسی میں سڑک توسیعی منصوبے کے تحت تیرہ مکانات منہدم کر دیئے گئے جن میں لیجنڈری ہاکی کھلاڑی اور پدم شری محمد شاہد کا آبائی مکان بھی شامل ہے۔ انتظامیہ کے مطابق معاوضہ دیا جا چکا تھا مگر مکینوں کے خالی نہ کرنے پر کارروائی کی گئی۔
EPAPER
Updated: September 29, 2025, 12:57 PM IST | Varanasi
وارانسی میں سڑک توسیعی منصوبے کے تحت تیرہ مکانات منہدم کر دیئے گئے جن میں لیجنڈری ہاکی کھلاڑی اور پدم شری محمد شاہد کا آبائی مکان بھی شامل ہے۔ انتظامیہ کے مطابق معاوضہ دیا جا چکا تھا مگر مکینوں کے خالی نہ کرنے پر کارروائی کی گئی۔
وارانسی میں اتوار کو سڑک چوڑی کرنے کے منصوبے کے تحت۱۳؍ مکانات منہدم کر دیئے گئے جن میں مشہور ہاکی کھلاڑی اور پدم شری ایوارڈ یافتہ محمد شاہد کی رہائش گاہ بھی شامل ہے۔ یہ انہدام کورٹ روڈ چوراہے پر ’وارانسی کورٹ روڈ تا سندھا‘ توسیعی منصوبے کے تحت کیا گیا۔ حکام نے تصدیق کی کہ انہدام سے قبل تمام متاثرہ خاندانوں کو معاوضہ فراہم کر دیا گیا تھا۔ تاہم، حکام نے بتایا کہ بارہا ہدایات اور آخری وارننگ کے باوجود مکینوں نے اپنے مکانات کے نشاندہ حصے خالی نہیں کئے۔ شہری اے ڈی ایم آلوک ورما نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا:’’انہدام کا الٹی میٹم ہم نے گزشتہ ہفتے دیا تھا۔ ہم نے متاثرہ خاندانوں کو معاوضہ دیا اور ایک ہفتہ قبل اطلاع بھی دی تھی۔ ہم نے ان سے کہا تھا کہ اپنے گھروں کے حصے خود ہٹا لیں، ورنہ انتظامیہ کارروائی کرے گی۔ جب خاندانوں نے قدم نہیں اٹھایا تو ہمیں یہ کرنا پڑا۔ ‘‘
انہدام شدہ گھروں میں محمد شاہد کا آبائی مکان بھی شامل تھا، جو ایک ہاکی لیجنڈ تھے اور جنہوں نے۱۹۸۰ءکے ماسکو اولمپکس میں ہندوستان کی طلائی تمغہ جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ ۱۹۲۰ء کی دہائی میں تعمیر ہونے والا شاہد کا مکان شہر میں ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کیلئے ایک تاریخی یادگار سمجھا جاتا تھا۔ شہری اے ڈی ایم کے مطابق شاہد کے خاندان کے نو میں سے سات افراد نے معاوضہ قبول کر لیا ہے، تاہم، دو افراد اب بھی مکان میں مقیم ہیں اور ابھی تک یہ فیصلہ واضح نہیں کیا کہ وہ معاوضہ لینا چاہتے ہیں یا نہیں۔ شاہد کے اہل خانہ نے معاوضہ ملنے کے باوجود اپنے آبائی مکان کے انہدام پر افسوس کا اظہار کیا۔ شاہد کی رشتہ دار نازنین نے صحافیوں سے کہا:’’ہماری یادیں اس گھر سے جڑی ہوئی ہیں۔ یہ ہمارا گھر ہے۔ ہمیں یہ جگہ بہت یاد آئے گی۔ انتظامیہ نے ہمیں معاوضہ دیا ہے، سات حصے داروں نے قبول کر لیا لیکن ہمارے پاس جانے کیلئے کوئی اور جگہ نہیں ہے، اسی لئے دو حصے دار اب بھی اسی گھر میں رہتے ہیں۔ ‘‘ یاد رہے کہ محمد شاہد کو۱۹۸۶ء میں پدم شری سے نوازا گیا تھا۔ ان کا انتقال ۲۰؍ جولائی۲۰۱۶ء کو ہوا تھا۔