Updated: May 08, 2026, 12:01 PM IST
| New Delhi
صدر دروپدی مرمو کی جانب سے ویتنام کے صدر کے اعزاز میں دیئے گئے ضیافت مینو اور اتر پردیش کے ضلع وار کھانوں کے نقشے نے سوشل میڈیا پر بحث اور مزاحیہ تبصروں کو جنم دیا۔ مینو میں ویج پکوانوں کی بھرمار اور غیر روایتی انتخاب پر صارفین نے مختلف میمز اور تنقیدی ردعمل کا اظہار کیا۔
صدر دروپدی مرمو، ویتنام کےصدر تُو لام سے گفتگو کرتے ہوئے۔ تصویر: ایکس
دروپدی مرمو کی جانب سے ویتنام کے صدر تُو لام (Tô Lâm) کے اعزاز میں دیئے گئے ضیافت کے مینو اور اتر پردیش کے ضلع وار کھانوں کے نقشے نے سوشل میڈیا پر میمز اور طنزیہ تبصروں کی بھرمار کر دی ہے۔ بہت سے لوگوں نے اس بات پر توجہ دلائی کہ مینو میں نان ویجیٹیرین پکوان شامل نہیں تھے اور ’’خوردنی تیل‘‘ کو ایک خاص ڈش کے طور پر پیش کیا گیا تھا۔
صدارتی ضیافت کے مینو میں شامل اشیاء میں بھری ہوئی بروکلی، جسے’’ولایتی گوبھی‘‘ کے نام سے درج کیا گیا تھا، کے علاوہ مٹر اور گاجر کی بھجیا، اور باجرے کی کھچڑی شامل تھیں۔ مصنف اور کالم نگار راج یشری سین نے اسے’’انتہائی غیر تخلیقی مینو، ہندوستانی سبزی خور کھانے کی سب سے خراب مثال‘‘ قرار دیا۔ انہوں نے مزید کہا’’ایسے ملک کے صدر کو یہ پیش کرنا جو خود معمولی سے معمولی بے ذائقہ کھانا بھی پیش کرنے سے قاصر ہے، شرم کی بات ہے۔‘‘
ایک اور سوشل میڈیا صارف ودیت بھارگوا نے کہا کہ’’مٹر والا چاول یا چاول مٹر کے ساتھ اور کھچڑی جیسے کھانے عموماً خراب صحت یا پیٹ خراب ہونے کی حالت میں کھائے جاتے ہیں۔‘‘
اسی طرح ایک اور صارف منوہر کاناپاکا نے اس مینو کو’’قحط کے زمانے کی خوراک جیسا المیہ‘‘ قرار دیا۔
دیگر سوشل میڈیا صارفین نے مینو اور کھانوں کے نقشے پر میمز اور جیف شیئر کرتے ہوئے ردعمل دیا۔ بتا دیں کہ ایک روز قبل میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ اتر پردیش حکومت نے ’’ون ڈسٹرکٹ ون کُزین‘‘اسکیم کے تحت ضلع وار کھانوں کا نقشہ جاری کیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت ریاست کے۷۵؍ اضلاع میں سے ہر ضلع کو ایک خاص پکوان کے ساتھ برانڈنگ، مارکیٹنگ اور برآمدات کیلئے منسلک کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھئے: یوپی: ۷۵؍ اضلاع کے بہترین پکوانوں کی فہرست جاری، بریانی اور گلوٹی کباب جیسے نان ویج پکوان نظر انداز